امریکہ کا یوکرین سے قیمتی معدنیات سے متعلق معاہدہ 24 اپریل کو ہوگا: صدر ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور یوکرین کے درمیان معدنیات سے متعلق معاہدہ آئندہ جمعرات یعنی 24 اپریل کو ہوگا۔ اٹلی کی وزیراعظم جورجا میلونی سے ملاقات کے موقع پر امریکی صدر نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے بارے میں کہا کہ ’میں ان سے خوش نہیں ہوں۔‘
خلاصہ
راولپنڈی پولیس نے عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کے اراکین کو حراست میں لے لیا
اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس تعینات نہیں کر رہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کی دوسری نشست سنیچر کے روز اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہوگی
لیٹویا کا کہنا ہے کہ بیلاروس میں پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد میں ممکنہ آمد سے ان کے ملک کی سرحد پر خطرات پیدا ہو جائیں گے
پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بدھ کے روز 8,600 روپے فی تولہ کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 348,000 روپے فی تولہ کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی
بلوچستان نیشنل پارٹی نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی دیگر خواتین رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے 20 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا
لائیو کوریج
چین کی جی ڈی پی میں 5.4 فیصد کا اضافہ: امریکی ٹیرف کے باوجود چینی معیشت کیسے ترقی کر رہی ہے؟, سورنجنا تیواری، بزنس رپورٹر، ایشیا
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
چین کی جانب سے جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، چین کی
معیشت میں رواں سال کی پہلے سہہ ماہی میں پچھلے سال کے مقابلے پانچ اعشاریہ چار
فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ اضافہ تمام تر توقعات کے برعکس ہے۔ تاہم امریکہ کے ساتھ تجارتی
جنگ کے چلتے سال کے بقیہ مہینوں میں معیشت کی اچھی کارکردگی کے امکانات معدوم ہوتے
نظر آتے ہیں۔
اس تجارتی جنگ کے باعث بیجنگ پر دباؤ بڑھے گا کہ وہ بڑھتی کاروباری
لاگت کو کم کرنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔
ٹیرف کے نفاذ کے باوجود چین کی معیشت کیسے ترقی کر رہی ہے؟
چین کی ترقی کے اعداد و شمار توقعات سے بڑھ کر ہیں۔
زیادہ تر ماہرین اقتصادیات کا اندازہ تھا کہ رواں سال جنوری
اور مارچ کے درمیان چین کی معیشت میں تقریباً 5.1 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آئے
گا۔
تاہم بیجنگ کا کہنا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں اس کی جی ڈی پی گذشتہ
سال کے اسی مدت کے مقابلے میں 5.4 فیصد بڑھی ہے۔
خیال رہے کہ چین کی جانب سے جاری کیے گئے یہ اعداد و شمار امریکی
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات کی درآمد پر ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 145 فیصد کیے جانے سے پہلے کے عرصے کا
احاطہ کرتا ہے۔ جی ڈی پی میں اضافے کی ایک وجہ چینی فیکٹریوں کی جانب سے ٹیرف کے ممکنہ نفاذ
سے پہلے اپنی پروڈکشن بڑھا کر انھیں برآمد کرنا ہو سکتا ہے۔ اس تصور کو ’فرنٹ لوڈنگ‘
کہا جاتا ہے۔
بیجنگ نے رواں سال تقریباً پانچ فیصد کی اقتصادی ترقی کا ہدف مقرر
کیا ہے۔
تجزیہ کاروں
کا کہنا ہے کہ پراپرٹی کے بحران، کم ہوتی مقامی طلب اور چینی اشیا پر امریکی ٹیرف کی
وجہ سے اس ہدف کا حصول مشکل لگاتا ہے۔
پاکستان، افغانستان میں زلزلے کے جھٹکے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
بدھ کے روز علی الصبح پاکستان اور افغانستان کے
مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق صبح چھ بج کر 13 منٹ پر آنے والے زلزلے کا مرکز
صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار سے 18 کلو میٹر شمال میں تھا۔ زلزلے کی شدت تین اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 30 کلومیٹر تھی۔
اس سے قبل گذشتہ ہفتے وفاقی
دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پانچ اعشاریہ پانچ
کی شدت سے آنے والے زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلومیٹر نارتھ ویسٹ تھا۔
دوسری جانب بدھ کی صبح 4 بج 13 منٹ پر افغانستان کے صوبے نورستان میں 5.9 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبہ نورستان کا دارالحکومت پارون تھا۔ زلزلہ
پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 89 کلومیٹر تھا۔
عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں مائنز اینڈ منرلز بِل پر بریفنگ ملتوی: یہ متنازع بل کیا ہے؟, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں مائنز اینڈ منرلز بِل پر بریفنگ کو 21 اپریل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ بیرسٹر گوہر علی خان نے آج کہا تھا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور متعلقہ سیاسی قیادت سے عمران خان کی ملاقات تک اس معاملے پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکتی۔
خیبر پختونخوا میں مجوزہ مائنز اینڈ منرلز بل 2025 اسمبلی میں پیش کیے جانے سے پہلے ہی متنازع ہوگیا تھا۔ صوبائی حکومت میں شامل ارکان کا کہنا ہے کہ اس بل کے بارے میں فیصلہ اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
یہ بل ایک ہی وقت میں ملک کی تمام صوبائی اسمبلیوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔ جب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے پوچھا گیا کہ یہ بل خیبر پختونخوا حکومت کو کس نے پیش کرنے کا مشورہ دیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو ہی معلوم ہوگا کیونکہ وہی وفاق کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں گذشتہ روز اس بل کے بارے میں ایک بریفنگ کا انتظام کیا گیا تھا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین موجود تھے لیکن اس اجلاس میں ایسی ہنگامہ آرائی شروع ہوئی کہ سپیکر کو یہ بریفنگ موخر کرنا پڑی۔
بریفنگ میں موجود صحافیوں نے بتایا کہ اس بل پر بریفنگ جب شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کے رکن نے اس پر اعتراض کیا اور کہا کہ یہ بل صوبے کے اختیارات کے خلاف ہے۔
اس کے بعد عوامی نینشل پارٹی کے رکن نثار باز نے نکتہ اٹھایا کہ اس بل کے ذریعے صوبے کا اختیار کسی نجی کمپنی کو دیا جا سکتا ہے جس پر پی ٹی آئی کے رکن مینا خان نے کہا کہ اے این پی نے بلوچستان میں اس بل کی حمایت کی ہے اور یہاں مخالفت کر رہی ہے۔
باجوڑ سے منتخب پی ٹی آئی کے رکن انور زیب نے کہا کہ یہ بل کیسے اور کب آیا انھیں نہیں معلوم لیکن ان کا موقف ہے کہ اس بارے میں عمران خان کا جو فیصلہ ہوگا، وہی تسلیم کیا جائے گا۔ اس بریفنگ میں پی ٹی آئی کے کچھ اراکین نے کہا کہ یہ عمران خان کی منظوری کے بعد اسمبلی میں پیش کیا جانا چاہیے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
متنازع مائنز اینڈ منرلز بل کیا ہے؟
اس بارے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی نے بی بی سی کو بتایا کہ مائنز اینڈ منرلز اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی اختیار میں آتا ہے لیکن اس بل میں جو زبان استعمال کی گئی ہے وہ واضح نہیں ہے اور اس میں بہت زیادہ ابہام پایا جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کی مثال ایسی ہے جیسے سٹریٹجک منرلز کا لفظ استعمال ہوا ہے جس کی وضاحت نہیں ہے کہ سٹریٹجک منرلز سے کیا مراد ہے۔ اسی طرح نیوکلیئر انرجی کے لیے جو منرلز استعمال ہوں گے، وہ اس میں مستثنی ہوں گے حالانکہ اس کے لیے ریڈیو ایکٹو منرلز کا ذکر ہونا چاہیے تھا اور وہ وفاق کے اختیار میں ہوتا ہے۔
ان کے مطابق جو لائسنسنگ اتھارٹی قائم کی گئی ہے اس میں بیورکریٹک سٹرکچر زیادہ ہے، اس میں سیاسی نمائندگی نہیں ہے۔ احمد کنڈی سے جب پوچھا کہ بلوچستان میں اس بل کو منظور کر لیا گیا ہے جبکہ یہاں اس کی مخالفت ہو رہی ہے اس پر انھوں نے کہا کہ ہر صوبے کے اپنے ڈائنامکس ہیں۔
’یہاں خیبر پختونخوا میں معدنیات سے آمدن چند سالوں میں پانچ ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ اس بل میں وفاق کو نمائندگی دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ جو پالیسی وفاق کی جانب سے آئے گی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
اس بل میں تنظیم بنانے کا ذکر بھی ہے جس میں نجی کمپنی پچاس فیصد تک نمائندگی حاصل کر سکتی ہے اور اس بل کی زبان سے ایسا لگتا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے اختیارات کم کر رہی ہے اور وفاق کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی صوبے کے بہت سے اختیارات وفاق کے پاس ہیں اور ’ان پر دیکھ لیں کیا مل رہا ہے۔‘ ان کا اشارہ صوبے سے گیس تیل کے علاوہ پن بجلی پر منافع اور دیگر ایسی معدنیات کی جانب تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اب ارکان نے یہ بل عمران خان کو بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس بارے میں عمران خان جو کہیں گے اس پر عمل درآمد ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس بل پر وضاحت درکار ہے۔
تاہم انھوں نے بعض پہلوؤں کی حمایت کی جیسے ’ماضی میں اگر کوئی پرائیویٹ بندہ کوئی لیز حاصل کر لیتا تھا تو اس پر کام شروع نہیں کیا جاتا تھا اور لیز بند رہتی تھی۔ اب اس میں کہا گیا ہے کہ لیز پر کام تین ماہ کے اندر شروع کرنا ہوگا۔‘
گلگت بلتستان میں اب تک مائنز اینڈ منرلز بل نہیں پہنچا لیکن اس بارے میں بحث وہاں بھی جاری ہے۔ اس بارے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما امجد حسین ایڈووکیٹ سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ بل گلگت بلتستان میں نہیں آیا لیکن سرمایہ کاری کانفرنس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اس خطے کا حوالہ دیا تھا کہ وہاں ’اتنی معدنیات ہیں کہ پاکستان پر سارا قرضہ اتار جائے۔‘ اس پر مقامی سطح پر سخت رد عمل آیا ہے اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں کچھ نہیں ہو رہا۔
گذشتہ روز کی اہم خبریں
حماس نے اسرائیل کی طرف سے چھ ہفتوں کی مشروط جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے لیے حماس کو غیر مسلح کرنے کی شرط عائد کی تھی جو کہ حماس کے لیے ’سرخ لکیر‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی دو درخواستیں منظور کرتے ہوئے ان کی اپنے بچوں سے بات کرانے اور ان کا طبی معائنہ کروانے کا حکم دے دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے یہ واضح کیا ہے کہ وہ ڈیل نہیں چاہتے اور نہ انھوں نے کسی کو ایسے مذاکرات کے اختیارات دیے ہیں کہ جس سے یہ تاثر جائے کہ وہ ڈیل چاہتے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کنڈ مسوری کے قریب دھماکے کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے تین اہلکار ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم استعمال کیا گیا تھا۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔