امریکہ میں مِس امریکہ مقابلہ: 24 سالہ بائیو کیمسٹ کمیل شریئر مِس امریکہ منتخب

وقت اشاعت

امریکہ کی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ کمیل شریئر مِس امریکہ 2020 منتخب ہو گئی ہیں۔

کمیل شریئر پیشے کے اعتبار سے بائیو کیمسٹ ہیں اور جمعرات کو مِس امریکہ کے روایتی مقابلے کو انھوں نے سٹیج پر ایک سائنسی تجربہ کر کے دلچسپ بنا دیا۔

انھوں نے یہ ٹائٹل مِس امریکہ کا تاج سر پر سجانے کی خواہش مند 50 حسیناؤں کو شکست دے کر جیتا ہے۔

24 سالہ کمیل نے ججوں کو متاثر کرنے کے لیے ٹیلنٹ شو میں لیب کوٹ پہن کر کیمسٹری کا ایک تجربہ بھی کیا۔

یہ مقابلے جیتنے کے بعد انھیں 50 ہزار امریکی ڈالر کی سکالرشپ ملی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ ’مِس امریکہ کے بارے میں دقیانوسی تصورات کو توڑنا چاہتی ہیں۔‘

کمیل شریئر کے پاس سائنس کی دو انڈر گریجویٹ ڈگریاں ہیں اور اب وہ ورجینیا کامن ویلتھ یونیورسٹی سے فارمیسی میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

مِس امریکہ کی حیثیت سے اپنے کردار میں آئندہ ایک برس تک کمیل شریئر منشیات سے تحفظ اور روک تھام کے ایک پروگرام کی پروموشن کریں گی۔

کمیل شریئر کی جیت کے بعد خیال کیا جا رہا کہ اب مِس امریکہ کے روایتی خوبصورتی کے مقابلے کو ترقی پسندی کی جانب ایک اور قدم کے طور پر دیکھا جائے گا۔ سنہ 2018 میں پروگرام کی ایک منتظم اور سابق مِس امریکہ گریٹچن کارلسن کا کہنا تھا کہ ’آئندہ ہم امیدواروں کو ان کی ظاہری اور جسمانی خوبصورتی کی بنیاد پر جج نہیں کریں گے۔‘

۔