مودی کی والدہ کی بیماری پر راہل گاندھی کی ٹویٹ: ’مودی جی، اس مشکل وقت میں میری محبت اور حمایت آپ کے ساتھ ہے‘

مودی اپنی والدہ کے ہمراہ

،تصویر کا ذریعہANI

وقت اشاعت

وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کو بدھ کے روز احمد آباد کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ 

یو این مہتا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ریسرچ سینٹر نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہیرا بین کی حالت مستحکم ہے۔

 بی بی سی ہندی کے نامہ نگار کے مطابق انھیں سانس لینے میں مشکل ہو رہی تھی جس وجہ سے انھیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

 وزیراعظم نریندر مودی اپنی والدہ سے ملنے گجرات پہنچ چکے ہیں۔

 کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا ’ماں اور بیٹے کی محبت لازوال اور انمول ہے۔ مودی جی، اس مشکل وقت میں میری محبت اور حمایت آپ کے ساتھ ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی والدہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔‘

وزیراعظم مودی کی والدہ کو ان کے دور حکومت کے دوران کبھی کسی سرکاری تقریب میں نہیں دیکھا گیا ہے جس کا ذکر مودی نے خود جون میں اپنے ایک بلاگ میں کیا تھا۔

مودی نے لکھا تھا کہ ’آپ نے بھی دیکھا ہوگا، میری ماں کبھی بھی کسی سرکاری پروگرام میں میرے ساتھ نہیں جاتیں، اب تک ایسا صرف دو بار ہی ہوا ہے جب وہ کسی سرکاری تقریب میں میرے ساتھ آئی ہیں۔‘

ان دو مواقع کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا تھا کہ جب وہ ایکتا یاترا کے بعد پہلی بار سری نگر کے لال چوک پر جھنڈا لہرانے کے بعد واپس آئے تو احمد آباد میں منعقد ہونے والے پروگرام میں سٹیج پر ان کی والدہ نے ان کا ٹیکہ کیا تھا۔

پی ایم مودی نہ بتایا تھا کہ ’دوسری بار وہ میرے ساتھ اس وقت آئیں جب میں نے پہلی بار وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔ 20 سال پہلے کی حلف برداری وہ آخری تقریب تھی جب والدہ میرے ساتھ کسی تقریب میں موجود تھیں۔ اس کے بعد وہ کبھی نہیں آئیں۔‘

انڈین وزیر اعظم مودی کا والدہ کی سالگرہ پر بلاگ

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

انڈیا وزیراعظم مودی نے جون میں اپنی والدہ کی 100 ویں سالگرہ پر پہلی بار خود اپنی والدہ کا ذکر ایک بلاگ میں کیا تھا۔

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے 18 جون کا دن اپنی والدہ ہیرابین مودی کی 100 ویں سالگرہ پر گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر میں ان کے گھر جا کر گزارا تھا۔

 اہم بات یہ ہے کہ انھوں نے اپنی والدہ کی سالگرہ پر ایک بلاگ کے ذریعے جہاں اپنی والدہ کی کئی یادوں کا تذکرہ کیا وہیں انھوں نے پہلی بار اپنے والد کے بارے میں بھی بات کی تھی۔

 انھوں نے لکھا تھا کہ ’ماں، یہ صرف ایک لفظ نہیں ہے، یہ زندگی کا احساس ہے جس میں پیار، صبر، اعتماد اور بہت کچھ ہے۔ آج میں اپنی خوشی، اپنی خوش قسمتی، آپ سب کے ساتھ بانٹنا چاہتا ہوں۔ میری والدہ 18 جون کو اپنے سوویں سال میں داخل ہو رہی ہیں۔‘

اس وقت یہ کہا گیا تھا کہ پی ایم مودی نے شاید پہلی بار اپنے والد کا بھی ذکر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ’میرے والد اگر آج ہوتے تو وہ بھی گذشتہ ہفتے 100 سال کے ہو چکے ہوتے۔‘

 پی ایم مودی نے لکھا کہ ’اگرچہ ہمارے یہاں سالگرہ منانے کی کوئی روایت نہیں ہے لیکن خاندان میں نئی نسل کے بچوں نے اس بار والد کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر 100 درخت لگائے ہیں۔‘

 پی ایم مودی نے اپنی زندگی کے لیے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’آج میری زندگی میں جو کچھ ہے، میری شخصیت میں جو بھی اچھا ہے، وہ ماں اور باپ کا دیا ہوا تحفہ ہے۔ آج جب میں دہلی میں بیٹھا ہوں تو کتنا کچھ پرانا یاد آ رہا ہے۔‘

مودی نے اس بلاگ میں لکھا تھا کہ ’ماں اکثر پوچھتی ہیں، دہلی میں اچھا لگتا ہے؟ من لگتا ہے؟‘