’آبنائے بیرانوند بند ہے‘: فیفا ورلڈ کپ میں ایرانی گول کیپر کے چرچے جنھیں عراقچی نے بھی داد دی

،تصویر کا ذریعہReuters
’فٹبال گراؤنڈ سے لے مذاکرات کی میز اور جنگ کے میدان تک، بطور ایرانی ہمارا ہر قدم ایک بڑی جدوجہد کی جانب ہے: اپنے لوگوں کی عزت و وقار کا دفاع۔‘
یہ کہنا تھا ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا جو سوئٹزرلینڈ میں پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے پہلے دور میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انھوں نے ایکس پر جاری اپنے پیغام کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ایرانی گول کیپر علی رضا بیرانوند کو بال گول میں جانے سے روکتے دیکھا جا سکتا ہے۔
عراقچی کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصویر میں سفید لباس میں ملبوس سکول بیگ پہنے پانچ بچیوں کو بھی دکھایا گیا ہے جو بال روکنے میں علی رضا کی مدد کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا گیا گروپ سی کا میچ بنا کسی گول کے برابر رہا۔ دوسری جانب سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور کے بعد پاکستان اور قطر کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ فریقین نے لبنان پر ڈی کنفلیکشن سیل کے قیام اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہFIFA via Getty Images
ایران اور بیلجیئم کا مقابلہ بنا کسی گول سے برابر
اتوار کے روز بیلجیئم اور ایران کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بنا کسی گول کے برابر رہا۔
لیکن اس میچ کی کہانی بالکل مختلف ہو سکتی تھی اگر بیلجیئم کے رومیلو لوکاکو پانچویں منٹ کے اندر ہی کیون ڈی بروئن کی جانب سے دیے گئے پاس کو گول میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہو جاتے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
لوکاکو، جو اپنے ملک کے تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں، کو جون 2025 کے بعد پہلی بار ابتدائی لائن اپ میں شامل کیا گیا تھا۔ ان سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ بیلجیئم کو درکار جیت حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوئے۔
سابق فرانسیسی مڈفیلڈر پیٹرک ویئرا کا کہنا ہے کہ بیلجیئم کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ان کے دو بہترین کھلاڑی، ڈی بروئن اور لوکاکو کا میچ فٹ نہیں ہونا ہے۔
اس کے برعکس، ایران کے گول کیپر علی رضا بیرانوند کی شاندار کارکردگی نے ایران کو میچ ڈرا کرنے کا موقع فراہم کیا۔
اس میچ کے بعد 2018 کے سیمی فائنلسٹس بیلجیئم کو اگلے مرحلے میں جانے کے لیے اپنے آخری گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دینی ہو گی ورنہ ان کا آگے جانا مشکل ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایران کو اپنے ابتدائی دو میچوں میں سے کسی میں بھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔ ان کے دو میچوں کے بعد 2 پوائنٹس ہیں۔ ایران اپنا اگلا میچ مصر کے خلاف سنیچر کے روز کھیلے گا۔ اس میچ میں کامیابی کی صورت میں ایران اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
میچ کے 25 ویں منٹ میں ایران کو لگا کہ اس نے برتری حاصل کر لی ہے جب مہدی طارمی نے ایک فری کک پر بال بیلجیئم کے جال میں پہنچا دی تاہم ایک طویل ویڈیو جائزے کے بعد اسے آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔
دوسرے ہاف میں بیلجیئم کا آغاز بہتر رہا اور 58 ویں منٹ میں وہ برتری حاصل کر لیتے اگر ایران کے گول کیپر بیرانوند ڈی بروئن کے کراس پر ڈی کوئپر کی گول کی کوشش کو ایک زبردست کوشش کے بعد روک نہ لیتے۔
90 منٹ کے دوران بیلجیئم کی جانب سے ایران کے گول پر 23 حملے کیے لیکن وہ گول سکور کرنے میں ناکام رہے جس کی ایک بڑی وجہ علی رضا بیرانوند کی شاندار کارکردگی رہی۔
علی رضا بیرانوند کو ان کی شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
’آبنائے بیرانوند بند ہے‘
ایران اور بیلجیئم کا میچ بنا کسی گول سے ڈرا ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایرانی رہنما اور فٹبال شائقین ایرانی گول کیپر علی رضا بیرانوند کی تعریفیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے علاوہ ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور مذاکراتی وفد میں شامل محمد باقر قالیباف نے بھی ان کی تصویر ایکس پر شیئر کی اور لکھا: ’ایسے ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کرتے ہیں۔‘
سرائیوو میں ایرانی سفارتخانے نے ایکس پر فٹبالر کی گول روکنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے میچ کے بہترین کے بہترین لمحات میں سے ایک قرار دیا ہے۔ ’بیرانوند، آپ لاجواب تھے۔‘

،تصویر کا ذریعہX
ٹرول فٹبال نامی ایک اکاؤنٹ نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں آبنائے ہرمز کے اوپر گول کیپر کی تصویر لگائی گئی ہے اور اس کے ساتھ لکھا ہے: ’آبنائے بیرانوند بند ہے۔‘
ایرانی خبر رساں ایجنسی نے اس تصویر کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ میچز سے قبل ایک انٹرویو میں بیرانوند نے ایرانیوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایرانی گول کو ’آبنائے ہرمز کی طرح سیل رکھیں گے۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
ایکس پر اور صارف نے گول کیپر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ورلڈ کپ کے بہترین گول کی تلاش کریں کیونکہ ورلڈ کپ کا بہترین سیو مل گیا ہے۔‘
پیٹر وینڈن ہوٹ نامی ایک صارف لکھتے ہیں کہ ’اگر ٹرمپ ریڈ ڈیولز (بیلجیئم) کے کوچ ہوتے وہ اسے بہترین فتح قرار دیتے۔‘
























