برازیل کو آزاد کرانے والے شہنشاہ کے 189 سال سے محفوظ دل کی برازیل آمد

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پرتگال سے آزادی کے 200 سال مکمل ہونے کے موقع پر برازیل کے پہلے شہنشاہ ڈوم پیڈرو اوّل کا محفوظ کیا گیا دل پرتگال سے برازیل پہنچ گیا ہے۔ اس دل کو پچھلے 189 سالوں سے دواؤں کی مدد سے محفوظ رکھا گیا ہے۔
شہنشاہ ڈوم پیڈرو اول کا دل سونے کے فلاسک میں رکھا ہوا ہے اور اسے ایک فوجی طیارے کے ذریعے برازیل لایا گیا۔ اس دل کو عوامی نمائش کے لیے پیش کرنے سے پہلے فوجی اعزازات سے نوازا جائے گا۔
7 ستمبر کو برازیل کی آزادی کی 200 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ یوم آزادی کا پروگرام مکمل ہونے کے بعد، کنگ پیڈرو اوّل کا دل دوبارہ پرتگال بھیج دیا جائے گا۔
اس سے قبل پرتگالی حکام نے اس دل کو سمندر کے کنارے واقع شہر پورٹو سے برازیل منتقل کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس کے بعد برازیل کی فضائیہ کا ایک طیارہ اسے لے کر برازیل پہنچا۔
پورٹو کے میئر روئی موریرا بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جو پرتگال سے اس قافلے کے ساتھ وہاں گئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ برازیل کے شہریوں کو دکھانے کے بعد دوبارہ اس دل کو پرتگال لے جایا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہEPA
ریاست کے سربراہ کے طور پر خوش آمدید
برازیل کے وزیر خارجہ کے چیف پروٹوکول آفیسر ایلن کوئلہو سیلوس نے کہا: ’اس دل کو بطور سربراہ مملکت خوش آمدید کہا جائے گا۔ اسے اس طرح عزت دی جائے گی جیسے شہنشاہ ڈوم پیڈرو اول ابھی تک ہمارے درمیان زندہ ہیں۔‘
اس پرتپاک استقبال کے لیے توپوں کی سلامی کے ساتھ گارڈ آف آنر اور مکمل فوجی اعزاز بھی دیا جائے گا۔
سائلوس کا کہنا تھا کہ ’ان کے استقبال میں قومی ترانہ اور آزادی کے گیت بجائے جائیں گے، جس کی موسیقی اتفاق سے ڈوم پیڈرو اول نے خود ترتیب دی تھی۔ شہنشاہ ہونے کے علاوہ وہ ایک اچھے موسیقار بھی تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈوم پیڈرو 1798 میں پرتگال کے شاہی خاندان میں پیدا ہوئے جس نے اس وقت برازیل پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔ ان کا خاندان نپولین کی فوج سے بچنے کے لیے پرتگال سے اپنی برازیل کی کالونی میں بھاگا تھا۔
بعد میں 1821 میں، ڈوم پیڈرو کے والد، کنگ جان ششم، پرتگال واپس آئے، لیکن اپنے بیٹے کو وہیں چھوڑ کر انھیں برازیل کا نمائندہ حکمران مقرر کیا۔
تاہم، صرف ایک سال بعد، اس نوجوان نمائندہ حکمران نے پرتگال کی پارلیمنٹ کی خواہش کے خلاف جا کر برازیل کی آزادی کا اعلان کر دیا۔ اس کے علاوہ اس نے پرتگال کے اس حکم کو بھی ماننے سے انکار کر دیا کہ وہ اپنے ملک واپس چلے جائیں۔

،تصویر کا ذریعہBiblioteca Nacional
7 ستمبر 1822 کو انھوں نے برازیل کی آزادی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد انھیں ڈوم پیڈرو اول کے طور پر برازیل کا شہنشاہ بنا دیا گیا۔
دل کا جھگڑا کیوں ہے؟
بعد میں وہ پرتگال کے تخت پر اپنی بیٹی کا دعویٰ کرنے کے لیے واپس پرتگال آئے اور وہاں تپ دق کی وجہ سے وفات پا گئے۔ بستر مرگ پر انھوں نے کہا کہ مرنے کے بعد ان کا دل جسم سے نکال کر پورٹو شہر لے جایا جائے۔ اس کے بعد اس کا دل پورٹو کے ایک چرچ میں رکھا گیا۔
1972 میں، برازیل کی آزادی کی 150 ویں سالگرہ پر، ان کی لاش کو برازیل بھیج دیا گیا، جہاں سے اسے ساؤ پاؤلو منتقل کر دیا گیا۔ اسے ساؤ پاؤلو کے ایک کوٹھری میں رکھا گیا تھا۔

پیڈرو اول کے دل کو برازیل لے جانے کے معاملے نے بھی تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ اس کی وجہ اس کی آمد کی تاریخ اور الیکشن کا مسئلہ ہے۔
بعض محققین نے اس وقت شہنشاہ کے یہاں تک پہنچنے پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ جیر بولسونارو ایک بار پھر صدر کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بولسونارو کے حامی 7 ستمبر کو پورے برازیل میں احتجاج کرنے جا رہے ہیں۔
یوم آزادی کی ریلیوں میں توقع ہے کہ سپریم کورٹ کے ججوں اور انتخابی نظام پر حملے ہوں گے۔
بولسونارو نے ملک کے انتخابی عمل پر سوالات اٹھائے ہیں، خدشہ ہے کہ اگر بولسنارو الیکشن ہار گئے تو الیکشن کمیشن نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا۔


























