انگلینڈ کی کیمبرج شائر کاؤنٹی میں ایک اہم شاہراہ کو ٹماٹر کی پیوری پھیلنے کی وجہ سے بند کرنا پڑا

ٹماٹر، زیتون تیل، سڑک

،تصویر کا ذریعہHIGHWAYS ENGLAND

وقت اشاعت

مشرقی انگلینڈ میں ایک اہم شاہراہ پر دو ٹرکوں کے بیچ حادثے کے بعد وہاں ٹماٹروں کی پیوری اور زیتون کا تیل پھیل گیا تھا۔

منگل کو گوڈ مانچسٹر کی ایک مرکزی شاہراہ اے 14 پر دو ٹرکوں کی ٹکر نے سڑک کا رنگ سُرخ کر دیا تھا۔ ٹرکوں میں موجود مائع ٹماٹروں کے ڈبے اور زیتون کا تیل اس سڑک پر پھیل گیا تھا جس کے بعد اس راستے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔

عام حالات میں ٹریفک حادثات لوگوں کو خوفزدہ کرتے ہیں اور سڑکوں پر دوسرے ڈرائیورز کے لیے تنبیہ کی علامت بن جاتے ہیں۔ مگر اس بار کچھ الگ دیکھنے کو ملا۔

یہ بھی پڑھیے

ٹماٹر، زیتون تیل، سڑک

،تصویر کا ذریعہHIGHWAYS ENGLAND

اس حادثے میں ایک ٹرک ڈرائیور زخمی ہوا تھا جسے حکام نے ہسپتال منتقل کیا مگر علاج کے بعد اسے ڈسچارج کر دیا گیا۔

اس حادثے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کے باوجود لوگوں نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصرے لکھے۔ ایک صارف نے لکھا 'یہ تباہ کن ہے۔ پیوری سِمپل۔'

بی بی سی ریڈیو ٹو کے سامعین نے سوال بھیجے جن کا مطلب یہ پوچھنا تھا کہ 'کیا یہ راستہ کھل گیا ہے اور یہاں سے باحفاظت گزرنے کی جگہ ہے؟'

لیکن صارفین نے ’گزرنے‘ کے لیے انگریزی میں ’پاسٹ‘ کی جگہ ’پاستا‘ اور ’پساٹا‘ کا لفظ استعمال کیا جو ٹماٹر کی پیوری کا ایک دوسرا نام ہے۔

ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں کہا 'کچھ ڈرائیورز کو آج یہاں سے ’پاستا‘ پڑا۔ وہ تاخیر کے بعد کیچ اپ کر رہے ہیں۔'

جبکہ ڈیمیئن رائن نامی صارف کے مطابق یہ بہانہ اگر دفتر میں کسی باس کو بتایا گیا تو شاید وہ اس کا یقین نہیں کرے گا۔

ٹماٹر، زیتون تیل، سڑک

،تصویر کا ذریعہBCH ROAD POLICING UNIT

حادثے کے بعد اس 23 میل (37 کلو میٹر) طویل سڑک کو بند کیا گیا مگر اب بحالی کے کام کے بعد اسے کھول دیا گیا ہے۔ ایک صارف کے مطابق ’اب سڑک سرخ نہیں رہی لہذا اسے کھول دیا گیا ہے۔‘