فیس بک کے سوشل پلیٹ فارمز میں تعطل: ’انسٹاگرام ہمیشہ ڈاؤن ہوتا ہے، زوم کیوں ڈاؤن نہیں ہو سکتا؟‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان میں جمعے کو آدھی رات کے وقت جب اکثر لوگ واٹس ایپ پر ایک دوسرے کو پیغامات بھیج رہے تھے اور انسٹاگرام اور فیس بک پر اپنی پسندیدہ پوسٹس دیکھ رہے تھے، تو اچانک ہی ان تینوں ایپس نے اپنے صارفین سے ناراض ہو کر منھ موڑ لیا۔
ہماری طرح کئی لوگ یہ سمجھے کہ شاید انٹرنیٹ خراب ہو گیا ہے۔ کچھ لوگوں نے اپنے وائے فائے کے بجائے موبائل ڈیٹا پیکج پر منتقل ہو کر یہ پلیٹ فارمز چلانے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ جناب گڑبڑ انٹرنیٹ میں نہیں، مسئلہ کچھ اور ہے۔
اور جب متعدد کوششوں کے باوجود بھی یہ ایپس چل نہ پائیں تو کچھ لوگ تو یہ بھی سمجھ بیٹھے کہ شاید اُن کے اکاؤنٹس ہیک ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اور پھر وہی ہوا جو ایسے مواقع پر ہوتا ہے۔ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر ٹوئٹر کی طرف دوڑ لگا دی گئی کہ دیکھیں تو سہی ماجرا کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اور وہاں سے معلوم ہوا کہ فیس بک کی ملکیت میں موجود ان تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی خدمات دنیا بھر میں کروڑوں صارفین کے لیے معطل ہیں۔
فیس بک اور انسٹاگرام کے پیجز لوڈ ہونے کے بجائے ایک ایرر پیغام نظر آتا رہا جبکہ واٹس ایپ بھی کافی دیر تک کنیکٹ نہیں ہو پا رہا تھا۔

تقریباً 20 منٹ تک سروسز معطل رہنے کے بعد بحال ہوگئی تھیں مگر آج کے دور میں کیا آپ 20 منٹ تک واٹس ایپ یا فیس بک یا انسٹاگرام کا ڈاؤن ہونا برداشت کر سکتے ہیں؟ نہیں ناں؟ ہم بھی نہیں کر سکتے اور صرف اِن 20 منٹوں میں ہی سوشل میڈیا صارفین نے اس حوالے سے لاتعداد میمز بنا ڈالے اور دنیا بھر میں انسٹاگرام ڈاؤن کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔
یاد رہے کہ ایک ماہ کے عرصے میں یہ دوسری مرتبہ ہے جب دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کی ملکیت ان تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی خدمات میں تعطل پیدا ہوا ہے۔
اس سے قبل تقریباً تین ہفتے پہلے ایسا ہوا تھا اور اُس وقت تقریباً آدھے گھنٹے تک لوگ اپنی پسندیدہ پوسٹس شیئر نہیں کر سکے، لائیک نہیں کر سکے، اور کمنٹس باکس میں تابڑ توڑ حملے نہیں کر سکے تھے۔
جمعے کو آنے والے اس تعطل کے حوالے سے فیس بک نے کہا ہے کہ سسٹم میں ایک تبدیلی کی وجہ سے کچھ لوگوں کے لیے فیس بک کی خدمات عدم دستیاب رہیں جس کے بعد اس مسئلے کی فوری جانچ کر کے اسے حل کر دیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@Facebook
اس وقت یہ پلیٹ فارمز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردِعمل
ایک صارف اسد صدیقی نے اس جانب توجہ دلائی کہ تینوں ایپس کی معطلی کے دوران ٹوئٹر معمول کے مطابق چلتا رہا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ فیس بک کی خدمات میں پیدا ہونے والے تعطل کے دوران بھی ایسا ہی ہوا تھا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@ACurlyhairguy
ایک اور صارف فاطمہ نے بتایا کہ کیسے ٹوئٹر پر آ کر انھوں نے چین کا سانس لیا ہے کہ اُن کے انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس ہیک نہیں ہوئے ہیں بلکہ انسٹاگرام ڈاؤن ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@fatimaalani_
اور آپ سب لوگوں کو وہ مشہور میم تو یاد ہی ہوگا جس میں ایک خلائی مشن کنٹرول کے اہلکار ایک دوسرے کو خوشی سے گلے لگاتے دکھ رہے ہوتے ہیں۔ اس مشن کنٹرول کو ہمیشہ کسی نہ کسی کمپنی یا کسی خفیہ ادارے کا ہیڈ کوارٹر بنا کر دلچسپ جملے کسے جاتے ہیں۔
اس دفعہ کہا گیا کہ یہ ٹوئٹر کا ہیڈ کوارٹر ہے جہاں انسٹاگرام کے ڈاؤن ہونے پر خوشی منائی جا رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@_sm10i
آئیں یہ بات مان ہی لیتے ہیں کہ ہم میں سے زیادہ تر لوگ بہت بے دلی سے زوم پر آن لائن کلاسیں لیتے ہیں، پریزنٹیشنز دیتے ہیں اور دفتری میٹنگز میں مائیک میوٹ کر کے بیٹھے رہتے ہیں۔ اسی پر جینی نامی صارف نے ایک میم پوسٹ کیا کہ انسٹاگرام ہمیشہ ڈاؤن ہوتا ہے آخر زوم کیوں ڈاؤن نہیں ہو سکتا؟
ویسے یہ سوال اتنا بے جا بھی نہیں۔
سوری زوم!

،تصویر کا ذریعہTwitter/@jenxnnnn
آپ کو شاید وہ ٹرین بھی یاد ہوگی جس کے ایک ایک انچ سے لوگ چمٹ کر خوشی خوشی کیمرے کو ہاتھ ہلاتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
ارے ہم تو سمجھے تھے کہ شاید یہ لوگ عید کی چھٹی پر گھر جا رہے ہیں مگر آج معلوم ہوا کہ یہ تو ٹوئٹر پر یہ دیکھنے جا رہے ہیں کہ انسٹاگرام کو کیا ہوا ہے؟

،تصویر کا ذریعہTwitter/@saltyfootball5

























