لندن میں 10ویں منزل سے چھ سالہ بچے کو نیچے پھینکنے والے شخص کو 15 سال قید

،تصویر کا ذریعہSTUART HAGGAS
لندن کی ٹیٹ ماڈرن گیلری کی عمارت کی 10ویں منزل سے ایک چھ سالہ بچے کو پھینکنے والے ایک برطانوی نوجوان کو 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
لندن کے علاقے نارتھ ہولٹ کے 18 سالہ رہائشی جونٹی بریوری کے بارے میں استغاثہ کے وکلا کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال اگست میں ملزم نے بچوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
اس واردات کا نشانہ بننے والے بچے کے سر میں ایسے زخم آئے جس سے ان کی زندگی پر بہت منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اولڈ بیلی کی عدالت میں جج میکگوان نے کہا کہ جونٹی بریوری کا قتل کا ارادہ تھا اور انھوں نے چھ سالہ بچے کو موت کے کنارے پہنچا دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جج نے بریوری کی طرف سے اقدام قتل کے اعتراف کے بعد سزا سناتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’چھوٹے بچے کو ایسے زخم آئے ہیں جن کا بالکل ٹھیک ہونا مشکل ہے اور اس سے ان کی زندگی برباد ہو گئی ہے۔‘
جج نے مجرم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تم اس مقام پر گئے جہاں سے نظارہ کیا جاتا ہے، تم نے اِدھر اُدھر دیکھا اور بچے اور اس کے گھر والوں کو دیکھا اور پھر اس بچے کے قریب جا کر اسے جنگلے کے اوپر سے نیچے پھینک دیا۔
'اس بچے کو جو خوف محسوس ہوا ہو گا اور اس کے والدین پر جو گزری ہو گی اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
'اس دن جو کچھ تم نے کیا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ تم لوگوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہو۔ تم نے یہ سارا منصوبہ بنایا اور اس سے ہونے والی بدنامی سے تم تسکین حاصل کرنا چاہتے تھے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
واقعہ کب اور کیسے پیش آیا؟
عدالت کو بتایا گیا کہ گذشتہ سال اگست کی چار تاریخ کو بریوری ٹیٹ ماڈرن گیلری کی بالکونی پر گئے اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ چھوٹے بچوں کی تلاش میں تھے اور جنگلے کے اوپر سے نیچے بھی دیکھ رہے تھے۔
جرم کا نشانہ بننے والا بچہ فرانس سے لندن سیر کرنے اپنے والدین کے ساتھ آیا تھا اور اس ویڈیو میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے والدین سے آگے بریوری کی طرف آرہا تھا۔
استغاثہ کی وکیل دینا ہیر نے کہا کہ ’مجرم نے بچے کو اٹھایا اور بغیر کسی ہچکچاہٹ وہ جنگلے کی طرف گیا اور اسے جنگلے کے اوپر سے نیچے پھینک دیا۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ بچہ سر کے بل پانچویں منزل کی بالکونی پر آ گرا۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
سو میٹر کی اونچائی سے سر کے بل گرنے کے باوجود بچے کی جان تو بچ گئی لیکن بچے کے سر میں اندرونی زخم آئے اور کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں جس کے بعد وہ کبھی معمول کی زندگی نہیں گزار سکے گا۔ وہ اب مستقل طور پر معذور ہوگیا ہے اور چل پھر نہیں سکتا۔
بچے کو گزشتہ سال ستمبر میں فرانس کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا تھا جہاں اسے کم از کم اگلے دو برس تک چوبیس گھنٹے نگہداشت کی ضرورت ہے۔
بریوری کے دفاع میں وکیل صفائی پیپا میکا اٹسنی نے کہا کہ جن دنوں یہ جرم ہوا اس دوران مجرم ہیمرسمتھ اینڈ فل ہیم کونسل کی کیئر یا نگرانی میں تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ وہ عملے پر حملے کر چکا تھا اور اس کے باوجود اسے بغیر کسی نگرانی کے چار گھنٹوں سے زیادہ گھر سے باہر رہنے دیا جا رہا تھا۔
وکیل صفائی نے اس ریکارڈنگ کا حوالہ بھی دیا جس کی کاپی بی بی سی کے پاس بھی ہے جس میں بریوری کو اپنی نگرانی کرنے والے عملے کو ایک سال قبل یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ قتل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ان کے والدین نے خطوط کے ذریعے یہ مطلع کیا تھا کہ بریوری نفسیاتی مریض ہیں اور انھیں بہت پیار کیا جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہMET POLICE
انھوں نے کہا کہ دونوں والدین نے ان کی زندگی بہتر کرنے کی بہت کوشش کی۔
انھوں نے کہا کہ ’والدین کو ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ ان کا بیٹا ایسا جرم کرنے والا ہے۔ جو ان کی نگہداشت کے ذمہ دار تھے انھوں نے اس چونکا دینے والی ریکارڈنگ کے بارے میں کبھی انھیں آگاہ نہیں کیا جو بعد میں میڈیا پر جاری کی گئی۔‘
جرم کا نشانہ بننے والے بچے کے والدین سے فروری میں لیے جانے والے بیان میں انھوں نے کہا تھا کہ اس لڑکے کی حرکت ناقابلِ بیان ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس حرکت کی وجہ سے جس اذیت اور ذہنی تکلیف سے وہ گزرے ہیں اس کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
انھوں نے کہا کہ ان کا بچہ جو چھ مہینے سے ہسپتال میں ہے، وہ نہیں جانتا کہ وہ ہسپتال میں کیوں ہے۔
’اب وہ ہر اجنبی کو ایسے درندے کے طور پر دیکھے گا جو اسے درد اور تکلیف پہنچانا چاہتے ہے۔‘



























