آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کورونا وائرس: اتحاد، ایئر عریبیہ کا نئی ایئرلائن کی لانچ میں تاخیر یا اسے ملتوی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں
جہاں ایک طرف دنیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہر قسم کا کاروبار اور دنیا بھر میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں وہیں متحدہ عرب امارات کی دو ہوائی کمپنیوں کے اشتراک سے لانچ ہونے والی ایئرلائن کے مستقبل پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد اب عالمی سطح پر بین الاقوامی پروازیں تقریباً رک گئی ہیں۔
ایئر عریبیہ اور ابوظہبی کی اتحاد ایئر لائن نے گذشتہ برس اکتوبر میں ایک کم لاگت کی ایئر لائن ’ایئر عریبیہ ابوظہبی‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت سے سستے سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
اس ایئرلائن کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیوں کے جواب میں ایئر عریبیہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اتحاد ایئر لائنز کے تعاون سے چلائی جانے والی کم لاگت کی نئی ایئر لائن کی لانچ میں تاخیر یا اسے ملتوی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایئر عریبیہ کے ترجمان نے کہا 'تاخیر یا ملتوی کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ لانچ کی تیاری کا کام جاری رہے گا اور مارکیٹ کی صورتحال میں بہتری کے ساتھ آگے بڑھے گا۔'
ایئر عریبیہ کے چیف ایگزیکٹو عادل علی نے نومبر میں کہا تھا کہ کم لاگت والی ایئر لائن سنہ 2020 کی دوسری سہ ماہی میں کام کرنا شروع کر دے گی۔
گذشتہ چند ماہ سے پھیلی کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں فضائی آپریشنز اس وقت معطل ہے۔
اکثر ممالک نے اپنے شہریوں کے ملک چھوڑنے اور غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں بھی کچھ ایسی ہی پابندیاں ہیں اور یہ واضح نہیں کہ ان پابندیوں میں کب نرمی آئے گی۔
ایئر عریبیہ ابو ظہبی نامی یہ ایئر لائن متحدہ عرب امارات کی پانچویں ایئر لائن ہوگی۔