سعودی عرب: مدینہ کے قریب ہونے والے بس حادثے میں 35 عمرہ زائرین ہلاک

سعودی عرب

،تصویر کا ذریعہAFP

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 2 منٹ

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق مدینہ کے قریب ایک بس اور ایک دوسری بڑی گاڑی کے آپس میں ٹکرانے سے 35 غیر ملکی عمرہ زائرین ہلاک ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق سات بجے کے قریب پیش آیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مدینہ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بدھ کی شام ہونے والا یہ حادثہ ایک نجی چارٹرڈ بس کی ایک دوسری بڑی گاڑی کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس میں عرب اور ایشیائی ممالک کے عمرہ زائرین سوار تھے اور وہ مدینہ سے مکہ جا رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

ایس پی اے کے مطابق زخمی ہونے والے عمرہ زائرین کو الاحمنا ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

سعودی عرب کے اخبار اوکاز کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے عمرہ زائرین تارکین وطن تھے جو ملک میں ہی مقیم تھے اور سڑک کے راستے ریاض سے مکہ جا رہے تھے۔

زائرین

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مکہ کے گورنر پرنس فیصل بن سلمان نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب انڈیا کے وزیر اعظم نریندری مودی نے سعودی عرب کے شہر مدینہ کے نزدیک پیش آنے والے بس حادثے پر اپنے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا۔‘

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

ٹرانسپورٹ چیلنج

مقدس مقامات کے ارد گرد اور خاص طور پر حج کے دوران زائرین کی نقل و حرکت سعودی عرب کی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

سعودی عرب میں حج کے دوران ہزاروں بسوں کی وجہ سے ہر جگہ گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے۔

گذشتہ سال اپریل میں مکہ جاتے ہوئے ایک بس اور ایک آئل ٹینکر کے آپس میں ٹکرانے سے چار برطانوی زائرین ہلاک ہو گئے تھے۔

جنوری سنہ 2017 میں چھ برطانوی زائرین اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ان کی منی بس مکہ سے مدینہ جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔

ستمبر سنہ 2017 میں حج کے دوران مچنے والی بھگدڑ میں 2,300 زائرین ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایرانی زائرین بھی شامل تھے۔