آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
برازیل کے 200 سال قدیم نیشنل میوزیم میں آتشزدگی
برازیل کے معروف شہر ریو ڈی جنیرو میں قائم ملک کے قدیم ترین سائنسی ادارے نیشنل میوزیم میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہاں موجود بیشتر نوادرات جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔
عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے آگ بجھانے والا عملہ پوری کوشش کر رہا ہے۔ اس عجائب گھر میں موجود قدیم نوادرات کی دو کروڑ اشیا شامل ہیں۔
اتوار کو بھڑکنے والی آگ میں ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ اس میوزیم کے زیادہ تر نوادرات جن میں صدیوں پر محیط دستاویزات، محجر باقیات، فنی نمونے شامل ہیں تباہ و برباد ہو گئے ہیں۔
اسی بارے میں
یہ میوزیم کبھی پرتگال کے شاہی خاندان کی رہائش گاہ ہوا کرتا تھا اور رواں سال اس کی تعمیر کا 200 سالہ جشن منایا گیا تھا۔
برازیل کے سرکاری ٹی وی پر دکھائی جانے والی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ آگ اتوار کے دن میوزیم کے بند ہونے کے بعد بھڑکی اور پھر پوری عمارت میں پھیل گئی۔
آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی علم نہیں ہو سکا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برازیل کے صدر مائیکل ٹیمر نے ایک ٹویٹ میں اسے برازیل کے تمام باشندوں کے لیے 'افسوسناک دن' قرار دیا ہے۔
اس کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا کہ 'ہماری تاریخ کی قدر اس عمارت کو ہونے والے نقصانات سے نہیں جانچی جا سکتی ہے۔'
برازیل کے ٹی وی گلوبو کے ساتھ ایک انٹرویو میں میوزیم کے ڈائریکٹر نے اسے 'ثقافتی سانحہ' قرار دیا۔
ایک ویب سائٹ کے مطابق اس میوزیم میں برازیل اور مصر سمیت دوسرے ممالک کی تواریخ سے متعلق ہزاروں نادر اشیا رکھی ہوئی تھیں۔
اس میوزیم کے قدرتی تاریخ کے ذخائر میں ڈائنوسار کی ہڈیاں اور ایک خاتون کی 12000 سال پرانا ڈھانچہ رکھا ہوا تھا۔ یہ ڈھانچہ امریکی بر اعظموں پر دریافت ہونے والا قدیم ترین ڈھانچہ تھا۔
اس سے قبل میوزیم کے ملازمین نے فنڈ میں کٹوتی اور عمارت کی خستہ حالت پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ریو میں ٹی وی گلوبو کے صحافی مارسیلو موریرا نے بی بی سی کو بتایا: یہ بہت افسوسناک ہے۔۔۔ اس میں کی عظیم تاریخ تھی۔ اس میں برازیل کی تاریخ اور برازیل کی ثقافت کی بہت سی چیزیں تھیں۔ یہ واقعی بہت بڑا نقصان ہے۔'