آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
امریکی ریاست میری لینڈ میں مقامی اخبار کے دفتر پر حملہ، پانچ افراد ہلاک
امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک مقامی اخبار کے دفتر پر مسلح شخص کی فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اخبار کے دفتر پر ’ہدف بنا کر حملہ کیا گیا۔‘
ریاستی دارالحکومت ایناپولس شہر میں کیپیٹل گیزیٹ نامی اخبار کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مسلح شخص نے شیشے کے دروازے کی دوسری جانب سے نیوز روم میں فائرنگ کی۔
اخبار کے عملے کا کہنا ہے کہ حملہ آور شاٹ گن، سموک گرینڈ سے لیس تھا۔
اس بارے میں مزید پڑھیے
امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے اور کی شناخت جیرڈ راموس کے نام سے ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے سنہ 2012 میں اخبار کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ کیا تھا جو وہ ہار گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس نے اس حملے کے محرکات کے بارے میں کچھ واضح نہیں کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت استعمال ہونے والے ہتھیار کی شناخت نہیں کر سکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والوں نے اس مشتبہ شخص سے تفتیش کی ہے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کیپیٹل گیزیٹ کو ملنے والی ’پرتشدد دھمکیوں‘ کو بھی دیکھ رہے ہیں۔
ایک نیوز کانفرنس میں کاؤنٹی ایگزیکٹیو نے بتایا: ’آج یہاں خوفناک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، اور اس حادثے کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ پولیس جب حملہ آور کو گرفتار کرنے پہنچی تو وہ ڈیسک کے نیچے چھپے ہوئے تھے۔
کاؤنٹی پولیس کے نائب سربراہ کا کہنا ہے کہ ’کیپیٹل گزیٹ کو ٹارگٹ بنا کر نشانہ بنایا گیا ہے۔‘
صحافی فل ڈیوس نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا: ’اس سے خوفناک اور کچھ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنی میز کے نیچے سے کئی افراد کو گولیاں لگنے اور پھر مسلح شخص کی جانب سے دوبارہ اپنے ہتھیار کو لوڈ کرنے کی آوازیں سنیں۔‘
واقعے کی اطلاع ملتے ہیں ایف بی آئی سمیت کئی وفاقی ایجنسیاں حرکت میں آ گئیں۔
میری لینڈ کے گورنر لیری ہوگن نے ٹویٹ میں کہا کہ وہ ’ہل کر رہ گئے‘ اور انتظامیہ کہ ساتھ رابطے میں ہیں۔ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بریفنگ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کیپیٹل گیزیٹ روزنامہ اور ڈیجیٹل نیوز ویب سائٹ کیپیٹل گیزیٹ کمیونیکیشنز کا حصہ ہے۔
کیپیٹل گیزیٹ کمیونیکیشنز بالٹیمور سن میڈیا گروپ کی ملکیت ہے اور یہاں سے کئی مقامی اخبار شائع ہوتے ہیں۔ کیپیٹل گزیٹ کو شائع کرنے والا میڈیا گروپ دی کیپٹل اخبار بھی شائع کرتا ہے جو سنہ 1884 سے شائع ہو رہا ہے۔