آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
جنوبی افریقہ: سونے کی کان میں پھنسے 955 کان کنوں کو نکال لیا گیا
جنوبی افریقہ میں سونے کی ایک کان میں پھنس جانے والے تمام 955 کان کنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
یہ کان کن بدھ کی رات سے کان میں بجلی بند ہو جانے کے باعث پھنسے ہوئے تھے۔
اس کان کو چلانے والی کمپنی کے ترجمان جیمز ویل سٹیڈ کا کہنا ہے کہ ’تمام کارکنوں کو باہر نکالا جا چکا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’کان کنوں کو پانی کی کمی اور ہائی بلڈ پریشر کا سامنا تھا تاہم خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔‘
اس سے پہلے کان میں پھنس جانے والے 955 کارکنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جنوبی افریقہ سونا پیدا کرنے والا ایک بڑا ملک ہے تاہم کان کنی کی صنعت میں کارکنوں کے تحفظ کے حوالے سے اکثر سوالات کیے جاتے ہیں۔
بِیٹ رکس نامی سونے کی یہ کان جوہانسبرگ کے جنوب مغرب سے 290 کلو میٹر ویلکوم نامی قصبے میں واقع ہے۔
اس کان کی 23 سطحیں ہیں اور یہ زمین سے 1،000 میٹر نیچے ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب طوفان کی وجہ سے کان کے قریب ایک بجلی کا پول اکھڑ گیا اور اس سے کان کو بجلی کی فراہم متاثر ہوئی۔
تاہم جمعے کی صبح بجلی بحال کر کے کان کنوں کو لفٹ کے ذریعے کان سے باہر نکال لیا گیا۔
کان سے باہر آنے کے بعد ایک کان کن مائیک کا کہنا تھا ’یہ کافی پریشان کن تھا کیونکہ کان میں ہوا کا انتظام نہیں تھا۔ ہم اپنی مینیجمنٹ کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں کھانا اور پانی پہنچایا۔‘
ان کان کنوں کے طبی معائنے سے پہلے انھیں کھانا کھلانے اور نہلانے کے لیے لے جایا جا رہا ہے۔
جنوبی افریقہ کی مختلف کانوں میں گذشتہ سال 80 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔