رپبلکن پارٹی کے صدر ٹرمپ کے پیش کردہ ہیلتھ بل سے کروڑوں افراد کی انشورنس ختم ہو جائے گی

(AHCA

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنریپبلکنز نے اپنے بل کا نام امریکن ہیلتھ کیئر ایکٹ کا نام دیا ہے جسے کانگریس منظور کر چکی ہے
وقت اشاعت

امریکہ میں ایک غیر جانب دار ادارے کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کیئر سے متعلق رپبلکن پارٹی جس نئے منصوبے پر کام کر رہی ہے اس سے آئندہ ایک عشرے میں ہی تقریباً دو کروڑ 30 لاکھ افراد ہیلتھ انشورنس کے بغیر رہ جائیں گے۔

کانگریس کے بجٹ آفس کے مطابق آئندہ برس یعنی 2018 میں ہی اس منصوبے کے تحت تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ لوگوں کا صحت کا بیمہ ختم ہو جائے گا۔

اس سے متعلق تجزیے میں کہا گيا ہے کہ اس منصوبے کے تحت 2017 اور 2026 کے درمیان وفاقی خسارہ تقریباً 119 ارب ڈالر کم ہو جائے گا۔

یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پسندیدہ منصوبہ ہے جس کے لیے وہ کوشاں ہیں۔

رپبلکنز نے اپنے بل کا نام 'امریکن ہیلتھ کیئر ایکٹ' رکھا ہے اور اس سے متعلق پہلے بل کو کانگریس یعنی ایوان نمائندگان منظور کر چکی ہے۔

رپبلکن پارٹی کے ایوان نمائندگان پر اس بات کے لیے نکتہ چینی ہوئی کہ انھوں نے اس بل کا اچھی طرح سے جائزہ لیے بغیر اسے کیسے منظور کر لیا۔

رپبلکن پارٹی کے سینیٹرز اس بل کا مسودہ اب دوبارہ تیار کرنے کی کوشش میں لگے ہیں جسے ڈیموکریٹس نے 'ٹرمپ کیئر' کا نام دیا ہے۔

اس مجوزہ بل میں رپبلکنز کی کوشش اس بات کی ہے کہ وہ کسی طرح صدر اوباما کے 2010 کے اواباما کیئر کو ختم کرکے اس کی جگہ اس نئے بل کو متعارف کروا سکیں۔

امریکہ، ہیلتھ کیئر بل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناوباما کیئر کے تحت لوگوں کو بیمہ سستہ ہوجاتا تھا

سی بی او نامی ادارے کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں جو نیا منصوبہ تیار کرنے کی کوشش ہو رہی ہے اس کے تحت تقریباً دس لاکھ لوگوں کا بیمہ ختم ہو جائے گا۔ پہلے والے بل کے تحت تقریباً دو کروڑ 40 لاکھ لوگ اپنی انشورنس سے محروم ہو سکتے تھے جبکہ اس کے تحت دو کروڑ 30 لاکھ لوگ انشورنس سے محروم ہو جائیں گے۔

ان معلومات کے سامنے آنے سے ایک بار پھر یہی سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا رپبلکنز اس مذکورہ بل کی منظوری کے لیے ممکنہ ارکان کی حمایت جمع کر پائیں گے اور کیا یہ بل صدر تک ان کی منظوری کے لیے پہنچ پائے گا۔

سینیٹ کے لیڈر مچ میکونیل نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں کہا: 'ہمیں نہیں معلوم کہ اس وقت ہم 50 ووٹ کیسے حاصل کر پائیں گے لیکن مقصد تو وہی ہے۔'

رپبلکنز پارٹی کے ارکان چاہتے ہیں کہ اوباما کیئر سے متعلق ٹیکس کو ختم کیا جا سکے جس کی مدد سے لوگوں کو علاج کے لیے رعایت ملتی ہے اور علاج کافی سستا ہو جاتا ہے۔

اس کے تحت حکومت غریبوں اور معذوروں کی صحت کے لیے جو امداد مہیا کرتی ہے اس میں بھی زبردست کٹوتی کی جائے گی۔

دو کروڑ سے زیادہ امریکی شہری جنھوں نے اوباما کیئر کے تحت انشورنس حاصل کی تھی کہ انھوں نے اسی حکومتی امداد اور رعایت کے تحت اپنا بیمہ کروایا تھا۔

نئے مجوزہ بل کے تحت آئندہ پانچ برس میں کینسر سمیت بیمار افراد کے انشورنس کے لیے حکومت کی طرف سے 80 ارب ڈالر مہیا کرنے کا وعدہ کیا گيا ہے۔

لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رقم بہت کم ہے اور اس سے تخمینے کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔