کرکٹ ورلڈ کپ 2019: کیچ ڈراپ کرنے میں پاکستان سرفہرست

وقت اشاعت

پاکستان نے اتوار کے روز جنوبی افریقہ کو ایک واضح مارجن سے شکست دی لیکن پاکستان نے کیچ ڈراپ کرنے کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ پاکستان نے اس ورلڈ کپ میں اب تک باقی تمام ٹیموں کے مقابلے میں سب سے زیادہ کیچ ڈراپ کیے ہیں۔

محمد عامر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان کی ٹیم نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک چھ میچ کھیلے ہیں اور کرِک انفو کی فہرست کے مطابق 14 کیچ ڈراپ کر کے کیچ ڈراپ کرنے والی ٹیموں میں سرفہرست ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں محمد عامر نے انتہائی عمدہ بولنگ کی لیکن دو یقینی کیچ ڈراپ کیے۔ محمد عامر نے پہلے اپنی ہی گیند پر ریٹرن کیچ ڈراپ کیا اور پھر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ ڈراپ کر کے وہاب ریاض کو گذشتہ ورلڈ کپ میں شین واٹسن کا وہ کیچ یاد دلا دیا جو راحت علی نے اسی پوزیشن پر چھوڑا تھا۔
سرفراز احمد.

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے کپتان سرفراز احمد کے لیے بطور وکٹ کیپر یہ ٹورنامنٹ اچھا نہیں جا رہا۔ وہ تواتر کے ساتھ کیچ یا سٹمپ کرنے کے چانس مِس کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز جب محمد عامر نے وہاب ریاض کی گیند پر کیچ چھوڑا تو اسی اوور میں پہلے سرفراز احمد وہاب ریاض کی گیند پر کیچ ڈراپ کر چکے تھے۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں سرفراز نے اس کیچ کو پکڑنے کی کوشش ہی نہیں کی جو بطور کیپر انھیں کرنا چاہیے تھا۔
جانی بیرسٹو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے بعد انگلینڈ بارہ کیچ ڈراپ کر کے دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی طرف سے بعض فیلڈروں نے ناقابل یقین کیچ پکڑے ہیں جن میں بین سٹوکس ہیں لیکن وہ تقریباً ہر میچ میں کیچ ڈراپ کر رہے ہیں۔ بیرسٹوو نے افغانستان کے خلاف میچ میں قدرے آسان کیچ ڈراپ کر دیا تھا۔
ٹرینٹ بولٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشننیوزی لینڈ کی ٹیم نے رواں ٹورنامنٹ میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ عمدہ نتائج سے قطع نظر نیوزی لینڈ بھی ٹورنامنٹ میں نو کیچ ڈراپ کر کے کیچ ڈراپ کرنے والی ٹیموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔ فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے جنوبی افریقہ کے بیٹسمین مارکرم کا کیچ ڈراپ کیا لیکن اسی میچ میں بولٹ نے ایک انتہائی شاندار کیچ پکڑ کر اپنی غلطی کی تلافی کر دی۔
جنوبی افریقہ ڈیوڈ ملر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقہ وہ ٹیم ہے جس نے ماڈرن کرکٹ میں فیلڈنگ کو ایک نئی جہت دی لیکن اس ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کسی شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہا۔ جنوبی افریقہ رواں ٹورنامنٹ میں آٹھ کیچ ڈارپ کر کے فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اوپر تلے کین ولیمسن کے دو کیچ ڈراپ کیے اور جب کیچ پکڑ لیا تو وکٹ کیپر کو یہ معلوم ہی نہیں ہو سکا کہ گیند بلے کو چھو کر آئی ہے۔
عمران طاہر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقہ کی جانب سے عمدہ فیلڈر ہونے کی شہرت رکھنے والے ڈیوڈ ملر اور پاکستانی نژاد عمران طاہر نے شاید سب سے زیادہ کیچ ڈراپ کیے ہیں۔ اتوار کو عمران طاہر نے امام الحق کا ایک شاندار ریٹرن کیچ پکڑا جس نے جنوبی افریقہ کو بریک تھرو دلوایا۔
شیلڈن کوٹرل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنویسٹ انڈیز نے رواں ٹورنامنٹ میں چھ کیچ ڈراپ کیے ہیں۔ ویسٹ انڈیز نے اس ٹورنامنٹ میں کچھ ایسے شاندار کیچ پکڑے ہیں جو عرصے تک لوگوں کو یاد رہیں گے۔ فاسٹ بولر شیلڈن کوٹرل نے سٹیو سمتھ کا باونڈری پر جو کیچ پکڑا وہ ابھی تک ٹورنامنٹ کا سب سے شاندار کیچ تصور کیا جا رہا ہے۔
کشال مینڈس .

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسری لنکا کی ٹیم کا شمار ان ٹیموں میں ہوتا ہے جنہوں نے ٹورنامٹ میں عمدہ فیلڈنگ کی ہے۔ سری لنکا نے رواں ٹورنامنٹ میں اب تک صرف تین کیچ ڈراپ کیے ہیں۔
وجے شنکر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنانڈیا نے رواں ٹورنامنٹ میں تمام شعبوں میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انڈیا نے رواں ٹورنامنٹ میں ایک کے سوا تمام کیچ پکڑے۔ انڈیا کیچ ڈراپ کرنے والی ٹیموں کی فہرست میں سب سے نیچے ہے جو کہ انڈیا کے لیے ایک اچھی بات ہے۔