نواک جوکوچ چوتھا ومبلڈن جیتنے میں کامیاب، فائنل میں اینڈرسن کو شکست

،تصویر کا ذریعہReuters
سربیا کے سابق عالمی نمبر ایک نواک جوکوچ نے دو سال کے بعد اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا جب انھوں نے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو ومبلڈن کے فائنل میں باآسانی شکست دے دی۔
سٹریٹ سیٹس میں 6-2 6-2 7-6 (7-3) سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد یہ نواک جوکووچ کے کیرئیر کا چوتھا ومبلڈن، اور مجموعی طور پر 13واں گرینڈ سلیم ٹائٹل تھا۔
پہلے دو سیٹس میں انھوں نے آسانی سے سبقت حاصل کر لی لیکن تیسرے سیٹ میں کیون اینڈرسن نے انھیں ٹکر کا مقابلہ دیا اور وہ ٹائی بریک تک گیا۔
اس ٹورنامنٹ میں جیت کے بعد اب وہ مجموعی طور پر سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والوں کی فہرست میں اب چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
ان سے آگے امریکہ کے پیٹ سمپراس ہیں جنھوں نے 14 ٹائٹل جیتے ہیں، ان کے بعد سپین کے رافیل نڈال 17 کے ساتھ اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر 20 کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
گذشتہ روز سیمی فائنل میں جوکووچ نے نڈال کو سوا پانچ گھنٹے جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرایا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے سے قبل ان کے مدمقابل کیون اینڈرسن نے کوارٹر فائنل میں فیڈرر کو چار گھنٹے اور پھر سیمی فائنل میں ساڑھے چھ گھنٹے کے مقابلے کے بعد امریکہ کے جان ازنر کو شکست دی تھی۔
یہ اینڈرسن کے کیریئر کا دوسرا گرینڈ سلیم فائنل تھا۔ پچھلے سال انھیں یو ایس اوپن میں نڈال نے شکست دی تھی۔
اس جیت کے ساتھ جوکووچ اب دنیا کے دس بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں واپس آجائیں گے۔























