آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا میں پانی کی قلت: پانی بھرنے کے لیے کنویں میں اترنے پر مجبور خاتون کی ویڈیو وائرل
پانی بھرنے کے لیے کنویں کی دیوار پر چڑھتی خاتون کی وائرل ویڈیو نے انڈیا کی ریاست مدھیا پردیش میں پانی کی قلت کے مسئلے کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون پانی بھرنے کے لیے کیسے بغیر رسی کنویں میں اتر رہی ہے۔
غوثیہ نامی گاؤں میں کنویں اور تالاب خشک ہو جانے کے بعد اب وہاں رہنے والے پانی کے لیے ایسے انتہائی اقدامات کرنے پر مجبور ہیں۔
انڈیا کے دوسرے بہت سے علاقوں کو بھی پانی کے ایسے ہی بحران کا سامنا ہے۔
انڈیا میں پانی کے حصول کے لیے اس قسم کی ویڈیوز اکثر سوشل میڈیا پر نظر آتی ہیں۔ اپریل میں ایسی ہی ایک اور ویڈیو میں مہاراشٹر میں ایک خاتون کو پانی کے لیے کنویں میں اترتے دیکھا گیا۔
سنہ 2019 کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈیا کا شمار ان 17 ممالک میں ہوتا ہے جہاں ’پانی کی قلت‘ انتہائی زیادہ ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق انڈیا مدھیا پردیش، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش، گجرات، اتراکھنڈ اور ہریانہ کی ریاستیں اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
مدھیا پردیش میں پانی کی قلت کا سامنا ہر موسم گرما میں سامنے آتا ہے۔ ریاستی حکومت کا وعدہ ہے کہ سنہ 2024 تک ہر گاؤں میں نل کا پانی مہیا کیا جائے گا لیکن پینے کے پانی تک عدم دستابی اب بھی لاکھوں افراد کا مسئلہ ہے۔
غوثیہ گاؤں کے رہنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ احتجاجاً اس برس کے مقامی انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک خاتون نے انڈیا کی نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’ہمیں پانی بھرنے کے لیے کنویں میں اترنا پڑتا ہے۔ یہاں تین کنویں ہیں اور تینوں ہی تقریباً خشک ہو چکے ہیں۔ ہینڈ پمپس میں پانی نہیں ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’حکومتی عہدیدار اور سیاسی رہنما صرف الیکشن کے دنوں میں یہاں آتے ہیں۔ اس بار ہم نے اس وقت تک ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک پانی کی سپلائی کا مناسب بندوبست نہیں کیا جاتا۔‘
سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین نے اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ’انتہائی افسوس ناک‘ قرار دیا اور حکام پر زور دیا کہ وہ اس گاؤں کی مدد کریں۔
واضح رہے کہ انڈیا زمین سے پانی نکالنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور اب بھی روز مرہ استعمال کے لیے لاکھوں افراد کا دارومدار اس پانی پر ہی ہے۔
لیکن عالمی بینک کے مطابق انڈیا کے دو تہائی اضلاع میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہو رہی ہے۔
امکان ہے کہ سنہ 2050 تک انڈیا کو پانی کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ اس کے 30 شہروں کا شمار زیادہ خطرے والے علاقوں میں ہوتا ہے۔