آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سائرہ شاہ حلیم: بالی وڈ اداکار نصیرالدین شاہ اس خاتون امیدوار کی حمایت کیوں کر رہے ہیں؟
بالی وڈ کے مشہور اداکار نصیر الدین شاہ سائرہ شاہ حلیم کی حمایت کر رہے ہیں جو مغربی بنگال کی بالی گنج اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں ترنمول کانگریس کے امیدوار بابل سپریو کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
نصیرالدین شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک حساس لیڈر اور ’ایک منحرف اور نفرت پھیلانے والے شخص‘ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔
سائرہ شاہ حلیم بالی گنج سے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کی امیدوار ہیں اور وہ نصیر الدین شاہ کی بھتیجی بھی ہیں۔ سائرہ شاہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر نصیر الدین شاہ کا ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔
ووٹرز سے بھتیجی کی حمایت میں اپیل کرتے ہوئے نصیر الدین شاہ نے اس پیغام میں کہا کہ ’میں کسی پارٹی سے وابستہ ہوں نہ ہی کسی پارٹی کی طرف کوئی جھکاؤ رکھتا ہوں، میں ذاتی طور پر سائرہ شاہ حلیم کی بالی گنج ضمنی انتخابات میں حمایت کر رہا ہوں۔‘
نصیرالدین شاہ نے کہا ’میرے بھائی کی بیٹی ہونے کے ناطے میں اسے بچپن سے جانتا ہوں لیکن خاندانی رشتوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے میں نے اسے ہمیشہ ایک باہمت، پرعزم اور حساس شخص پایا ہے جو دوسروں کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔‘
بابل سپریو کا نام لیے بغیر نصیر الدین شاہ نے انہیں ایک موقع پرست رہنما قرار دیا۔