کیرالہ میں سیلاب: دولہا دلہن جو سیلاب کے باعث ایک دیگ میں بیٹھ کر اپنی شادی کی تقریب میں پہنچ پائے

،ویڈیو کیپشنانڈین جوڑا دیگ میں بیٹھ کر اپنی شادی کی تقریب میں پہنچ گیا
وقت اشاعت

انڈیا کی ریاست کیرالہ، جو اس وقت شدید بارشوں کے باعث سیلاب کی زد میں ہے، وہاں زیرِ آب سڑکوں پر ایک دیگ میں بیٹھ کر شادی میں جاتے ہوئے ایک جوڑے کی تصاویر مشکل گھڑی میں لوگوں کو مسکرانے کا موقع فراہم کر رہی ہیں۔

آکاش اور ایشوریا پیر کو کیرالہ کے گاؤں تھالاواڈی میں طے شدہ اپنی شادی میں ہر صورت پہنچنا چاہتے تھے۔

دونوں کا تعلق صحت کے شعبے سے ہے اور اپنی کام چلاؤ کشتی میں اُن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

کیرالہ میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے بھی کئی واقعات ہوئے ہیں۔

دریا اپنی گنجائش سے زیادہ بھر گئے ہیں جبکہ رابطہ پل اور سڑکیں بہہ گئی ہیں جن کے باعث کچھ شہر اور دیہات دیگر علاقوں سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔

جس مندر میں آکاش اور ایشوریا کی شادی ہونی تھی وہ بھی جزوی طور پر زیرِ آب تھا۔ اس جوڑے نے ایک اور مندر سے یہ ایلومینیم کی دیگ مستعار لی اور لوگوں سے کہا کہ وہ انھیں کھینچ کر منزل تک لے جائیں۔

دلہن ایشوریا نے مقامی ٹی وی چینل ایشیا نیٹ کو بتایا کہ ’یہ شادی ایسی ہوئی کہ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا۔‘

نوبیاہتا جوڑے نے کہا کہ شروعات میں تو اُنھوں نے محدود تقریب کا منصوبہ بنایا تھا مگر سوشل میڈیا پر ان کی وائرل ہونے والی تصاویر سے اُنھیں محسوس ہوا کہ اُن کے خاص دن میں کئی دیگر لوگ بھی شامل ہو گئے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق آکاش نے کہا کہ اُنھوں نے شادی کی تاریخ کچھ عرصے پہلے متعین کی تھی اور وہ اسے ملتوی نہیں کرنا چاہتے تھے کیونکہ وہ نہیں جانتے تھے کہ پھر دونوں کو کب ایک ساتھ چھٹی ملے گی۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ یہ دیگ اتنے مختصر وقت میں دستیاب ’واحد چیز‘ تھی۔