آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سری لنکا میں 510 کلو وزنی نیلم کا پتھر ’حادثاتی طور پر دریافت‘
- مصنف, انبراسن ایتی راجن
- عہدہ, نامہ نگار بی بی سی
- وقت اشاعت
سری لنکا کے حکام کا کہنا ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا نیلم سری لنکا کے ایک گھر کے صحن میں دریافت کر لیا گیا ہے اور وہ بھی 'اتفاق سے'۔
جواہرات کے ایک تاجر نے بتایا کہ یہ بہت بڑا نیلم اس وقت کچھ مزدوروں کو ملا جب وہ ان کے صحن میں کنواں کھود رہے تھے۔
یہ واقعہ سری لنکا کے علاقے رتنا پورہ کا ہے اور جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے اس علاقے میں جواہرات بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیش قیمتی پتھر کا وزن 510 کلو ہے اور بین الاقوامی منڈی میں اس کی قیمت سو ملین ڈالر ہوگی اس کا نام سیرنڈپیٹی رکھا گیا یعنی قسمت سے ملنے والا نیلم۔
جوہریوں کے شہر رتنا پورہ میں ملنے والا نیلم
جوہری جن کے کے گھر سے یہ نیلم ملا تھا انھوں نے بی بی سی کو بتایا 'جس شخص نے کھدائی کی تھی اس نے ہمیں بتایا کہ شاید کوئی نایاب پتھر ملا ہےاور پھر بعد میں ہمیں پتہ چلا کہ یہ ایک بہت بڑا نیلم ہے۔'
انھوں نے حفاظتی وجوہات کی بنا پر اپنا پورا نام ظاہر نہیں کیا۔
ان کی تیسری نسل ہیروں کے کاروبار میں ہے۔ یہ قیمتی پتھر ملنے کے فوراً بعد ہی انھوں نے حکام کو آگاہ کر دیا تھا لیکن اس پر سے مٹی صاف کرنے اور اس سے دوسری گندگی صاف کرنے میں ایک سال سے زیادہ کا عرصہ لگا۔
اس کے بعد ہی اس کی صحیح قیمت کا اندازہ لگایا جاسکا اور اس کے درست معیار کی تصدیق کی جاسکی۔ بتایا گیا ہے کہ صفائی کے دوران اس سےکچھ پتھر گرے تو معلوم ہوا کہ یہ انتہائی اعلی معیار کا نیلم ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رتنا پورہ سری لنکا کے جواہرات کے دارالحکومت کے طور پر جانا جاتا ہے اور سنہالی زبان میں اس کا مطلب جواہرات کا شہر ہے ماضی میں بھی اس شہر سے بہت سے قیمتی جواہرات ملے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
سری لنکا دنیا میں زمرد ، نیلم اور دیگر بیش قیمتی پتھر برآمد کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔ پچھلے سال سری لنکا نے قیمتی جواہرات، ہیروں اور زیورات کی برآمد سے تقریبا 50 کروڑ روپے کمائے تھے۔
یہ نیلم سری لنکا کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے
ہیروں کے معروف ماہر ڈاکٹر جمینی زویسا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا 'میں نے اتنا بڑا نیلم اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ یہ شاید 40 کروڑ سال پہلے بنا ہوگا'۔
تاہم ماہرین نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ اگرچہ اس نیلم کے کیریٹ کا میعار بہت اعلی ہے لیکن عین ممکن ہے کہ ذخیرے کے اندر جواہرات اتنے قیمتی نہ ہوں۔
یہ نیلم ایک ایسے وقت میں پایا گیا ہے جب کورونا وائرس کی وبا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے سری لنکا کی جواہرات کی صنعت کو بہت نقصان ہوا ہے۔
جواہرات کی صنعت میں کام کرنے والے پُرامید ہیں کہ 'قسمت سے ملا نیلم' بین الاقوامی خریداروں اور ماہرین کی توجہ اپنی طرف راغب کرے گا۔
سری لنکا کے قومی جوہر اور زیوارات اتھارٹی کے سربراہ تلک ویراسنہے نے کہا ، 'یہ ایک خاص نیلم ہے۔ شاید دنیا کا سب سے بڑا نیلم۔ اس کے سائز اور قدر کو دیکھتے ہوئے ہمارے خیال میں یہ ماہرین اور عجائب گھروں کی توجہ اپنی طرف راغب کرے گا'۔