بنگلہ دیش میں پستہ قد گائے رانی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کے اعزاز کی دعویدار

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بنگلہ دیش کے ایک فارم میں لوگ جوق در جوق ملک میں سلیبرٹی کی حیثیت اختیار کر جانے والی رانی نامی ایک پستہ قد گائے کو دیکھنے کے لیے دور دور سے آرہے ہیں۔
23 ماہ کی بھوٹی، یا بھوٹانی گائے کا قد صرف 51 سینٹی میٹر (20 انچ) ہے اور اس کا وزن 28 کلو گرام ہے۔
ملک میں نافذ کووڈ لاک ڈاؤن کے باوجود کہا جا رہا ہے کہ 15 ہزار سے زیادہ افراد رانی کو دیکھنے دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب چاریگرم میں واقع اس فارم پر گئے ہیں۔
فارم منیجر حسن ہوالدار نے گینز بُک آف ریکارڈز سے رابطہ کیا ہے۔ ان کے بقول وہ دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کے مالک ہیں۔
رانی کو دیکھنے آنے والی رینا بیگم نے بی بی سی بنگلہ کو بتایا کہ 'میں نے اپنی زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔'
حسن ہوالدار نے گذشتہ سال بنگلہ دیش کے شمال مغربی نوگاؤں ضلع کے ایک اور فارم سے رانی کو خریدا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس کا کہنا ہے کہ اسے چلنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ فارم میں موجود کسی دوسری گائے سے خوفزدہ رہتی ہے۔ لہذا اسے باقی ریوڑ سے الگ رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ زیادہ نہیں کھاتی۔ دن میں دو بار کم مقدار میں چوکر اور گھاس کھاتی ہے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھی پڑھیے
'وہ باہر گھومنا پسند کرتی ہے اور جب ہم اسے اپنی بانہوں میں لیتے ہیں تو وہ خوش ہوجاتی ہے۔'
اس وقت دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کا اعزاز پڑوسی ملک انڈیا میں مانیکیم کے پاس ہے جس کا قد 61.1 سینٹی میٹر ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
حسن ہوالدار نے بی بی سی کو بتایا کہ گنیز بک آف ریکارڈز کے تفتیش کار رواں سال ان کے فارم پر آئیں گے تاکہ یہ دیکھیں کہ رانی اس تاج کی حقددار ہے یا نہیں۔
عید الاضحی کے اسلامی تہوار میں صرف چند ہفتے ہی باقی ہیں اور یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ آیا رانی کو قربانی کے لیے فروخت کیا جائے گا۔
لیکن فارم کے حکام نے بتایا کہ ان کا رانی سے الگ ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔



























