اتر پردیش: گاؤکشی کے خلاف مظاہرے میں پولیس اہلکار کی موت

،تصویر کا ذریعہSumit sharma
انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بلندشہر میں پرتشدد ہجوم نے گائے کو ذبح کرنے کے خلاف کیے جانے والے مظاہرے میں ایک پولیس اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو شدید زخمی کر دیا ہے۔
پولیس کے انسپکٹر جنرل رام سنگھ نے بی بی سی سے پیر کو بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی موت ہو گئی۔
حکام کے مطابق پیر کی صبح پولیس کو خبر ملی کہ چنگراوتی گاؤں میں گاؤکشی ہوئی ہے جس پر پولیس نے فوری قدم اٹھایا۔ اس دوران چند افراد نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی تھی لیکن اس کے باوجود چند افراد نے مسلسل پولیس پر پتھراؤ جاری رکھا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار کی موت ہوگئی۔

،تصویر کا ذریعہSumit sharma
ہلاکت کے بعد پولیس کی بھاری نفری وہاں پر تعینات کر دی گئی۔ اعلی پولیس افسر کرشنا بہادر سنگھ نے کہا کہ 'پولیس کی بڑی تعداد وہاں موجود ہے اور حالات کو دیکھ رہی ہے۔'
پولیس کے انسپکٹر جنرل رام سنگھ نے مزید بتایا کہ اس واقعے میں ایک اور پولیس افسر زخمی بھی ہو گیا تھا لیکن اس کی حالت اب بہتر ہے۔
مقامی صحافی سمیت شرما کے مطابق یہ مظاہرے ہندو جماعت کی جانب سے گاؤکشی کے الزام میں کیے جا رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















