آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
لاہور: قذافی سٹیڈیم میں تعینات خاتون اہلکار سے زیادتی کی کوشش، ایک ملزم گرفتار
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں تعینات ایک خاتون سے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ سنیچر کی رات کو اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاتون کی لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ڈیوٹی ختم ہو جانے کے بعد انھیں نشتر سپورٹس کمپلیکس کے دو سکیورٹی گارڈز نے راستہ بتانے کے بہانے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ ایک ملزم کی گرفتاری کے بعد دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
لاہور کے تھانہ گلبرگ میں درج ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون، جو اینٹی رائٹ فورس کی کی اہلکار ہیں، سنیچر کی رات نشتر سپورٹس کمپلکس کے گیٹ نمبر 1 سے فیروز پور روڈ کی طرف جانا چاہتی تھیں لیکن وہ راستہ بھول گئیں۔
ایف آئی آر کے مطابق خاتون کا کہنا تھا کہ انھوں نے نشستر سپورٹس کمپلکیس میں موجود دو افراد سے راستہ پوچھا تو وہ راستہ دکھانے کے بہانے ان کے ساتھ چلنا شروع ہوگئے تھے۔
خاتون کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق دو افراد انھیں راستہ بتانے کا جھانسہ دے کر اندھیرے میں لے گئے اور زیادتی کرنے کی کوشش کی جس پر انھوں نے شور مچا دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق خاتون کے شور مچانے پر ان کے بھائی اور والد نے آ کر انھیں بچایا اور ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
خاتون نے درج ایف آئی آر میں دو افراد کو نامزد کیا ہے جن میں سے ایک شخص کا مکمل پتہ بھی لکھوایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق زیادتی کی کوشش کرنے والے دونوں نشتر سپورٹس کمپلیکس کے گارڈ ہیں۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعہ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کی ہے۔ پولیس نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ دوسرے ملزم کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
لاہور پولیس کے مطابق واقعہ کے دونوں گواہوں کے بیانات بھی حاصل کرلیے گئے ہیں اور متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ بھی کروا لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آج کل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچز جاری ہیں اور سنیچر کے روز بھی وہاں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ ہوا۔