کوئٹہ: سائنس کالج کے قریب ’ریموٹ کنٹرول‘ دھماکہ، چار افراد ہلاک اور کم از کم 15 زخمی

وقت اشاعت

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں حکام کے مطابق ایک ریموٹ کنٹرولڈ بم دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور15 زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکہ اس وقت ہوا جب جمعرات کی شب سائنس کالج کوئٹہ میں جمیعت علمائے اسلام (نظریاتی) کے زیر اہتمام شہدا اسلام کانفرنس کے اختتام کے بعد شرکا کالج سے نکل رہے تھے۔

جماعت کے مرکزی رہنما مولانا عبدالقادر لونی کا دعویٰ ہے کہ دھماکے کے ذریعے پارٹی کے کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سید فدا حسین نے جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے سائنس کالج کے باہر پٹیل روڈ کے ساتھ متصل مین گیٹ پر بجلی کے کھمبے کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد اس وقت زوردار آواز کے ساتھ پھٹ گیا جب کانفرنس کے اختتام پر شرکا اس گیٹ سے باہر نکل رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

دھماکے میں زخمی ہونے افراد میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ڈی آئی جی پولیس نے بتایا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس کے لیے ڈیڑھ سے دو کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

دھماکے کی وجہ سے قرب و جوار کے شیشے ٹھوٹ گئے۔

جمیعت العلمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید عبدالستار چشتی نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے جے یو آئی (نظریاتی) کے کارکن ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پارٹی کے مرکزی رہنما مولانا عبد القادر لونی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنوں کو تسلسل کے ساتھ نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انھوں نے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بلوچستان کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی امور میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ سائنس کالج میں سیاسی جماعت کی سرگرمی ہو رہی تھی۔ انھوں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن کے دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

سائنس کالج کہاں واقع ہے؟

سائنس کالج کوئٹہ کا قدیم اورمعروف تعلیمی ادارہ ہے۔ یہ شہر کے وسط میں جناح روڈ پر واقع ہے۔

سائنس کالج کے بالمقابل کوئٹہ شہر کا دوسرا بڑا ہسپتال سنڈیمن پروائنشل ہسپتال واقع ہے۔ اس کے گرد و نواح میں کمرشل عمارتیں ہیں۔ یہ علاقہ شہر کے مصروف ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔