آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
برطانوی ایئر لائن برٹش ایئرویز کی لاہور سے براہ راست پروازیں شروع
برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے 259 لندن سے لاہور منگل کے روز پہنچ گئی ہے اور اس کے ساتھ دونوں شہروں سے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
لاہور اب پاکستان کا دوسرا شہر بن گیا ہے جہاں برٹش ایئرویز کی پروازیں براہ راست آیا کریں گی۔ اس سے قبل لندن سے اس برطانوی ایئر لائن کی پروازیں پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آنا شروع ہوگئی ہیں۔
برٹش ایئرویز کا کہنا ہے کہ ان کی پروازیں اب لاہور سے لندن، مانچسٹر، امریکہ اور کینیڈا جاسکیں گی۔
لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ کے ٹرمینل پانچ سے یہ پروازیں لاہور کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی جانب اڑان بھریں گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ 'یہ پروازیں ایک ہفتے میں چار مرتبہ پیر، منگل، جمعرات اور سنیچر کو چلا کریں گی اور ان میں تھری کلاس بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ استعمال ہوگا۔ اس میں ورلڈ ٹریولر (لمبے دورانیے کی اکانومی)، ورلڈ ٹریولر پلس (لمبے دورانیے کی پریمیئم اکانومی) اور کلب ورلڈ (لمبے دورانیے کی بزنس کلاس) شامل ہوں گی۔'
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر الیسن بلیکبرن کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان-برطانیہ دوستی کو فروغ ملے گا اور دونوں ممالک کے بیچ ہزاروں افراد براہ راست پروازوں کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔ برطانوی سفارتخانے کے مطابق ایسا 40 سال بعد ہوا ہے کہ برٹش ایئر ویز کی پرواز لاہور آئی ہے۔
براہ راست پروازیں
برٹش ایئرویز پہلے ہی اسلام آباد سے روزانہ ایک فلائیٹ چلا رہی ہے جنھیں وبا کے باعث معطل کر دیا گیا تھا لیکن حال ہی میں ان پروازوں کو دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
برٹش ایئرویز نے 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے خودکش بم حملے کے بعد اسلام آباد سے اپنی براہِ راست پروازیں بند کردیں تھی جنھیں 2019 میں دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچیئن ٹرنر نے اس موقع پر کہا کہ ’ایئر ویز کی لاہور سے پہلی بار پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات اور پاکستان میں اعتماد کا غمازی کرتا ہے۔‘
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ برٹش ایئرویز کی لاہور سے پروازیں کاروباری اور انسانی روابط بڑھانے کے علاوہ سیاحت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔
ایشیا بحرالکاہل اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے سیلز کے سربراہ مورن برجر نے کہا ’لاہور سے نئی فلائٹس شروع ہونے سے پاکستان کے دو بڑے شہر لندن سے منسلک ہو جائیں گے جہاں سے وہ بغیر کسی مشکل کے امریکہ، اور کینیڈا تک سفر جاری رکھ سکیں گے۔‘
وبا کے دنوں میں احتیاطی تدابیر
برٹش ایئرویز نے کہا ہے کہ کووڈ کی وبا کے دوران مسافروں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
دوران سفر جہاز کا تمام عملہ پرسنل پروٹیکشن ایکویمپنٹ یعنی پی پی ای میں ہوگا۔
جہاز کا عملہ دوران پرواز مسافروں سے کم سے کم براہ راست رابطہ رکھے گا۔
ہر فلائٹ کے بعد تمام نشتوں، سیٹ بیلٹوں، کھانے کی ٹرے کو مکمل طور پر جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔
اس بارے میں مزید کہا گیا ہے کہ برٹش ایئرویز کی تمام فلائٹس میں ’ہیپا فلٹرز‘ کی مدد سے ہر دو سے تین منٹ میں ہوا کو صاف کیا جاتا ہے۔ ہیپا فلٹرز کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ ننانوے اعشاریہ ننانوے فیصد مائیکرسکوپک بیکٹریا کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
برٹش ایئرویز نے اسلام آباد کی ڈائریکٹ فلائٹس بند کیوں کی تھیں؟
برٹش ایئرویز نے 20 ستمبر 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کے چند دن بعد ہی اسلام آباد کے لیے اپنی براہِ راست پروازیں بند کردیں تھی۔ برٹش ایئرویز اُن دنوں اسلام آباد کے لیے ہفتے میں چھ پروازیں چلاتی تھی اور پی آئی اے کے علاوہ واحد دوسری ائیرلائن تھی جو ڈائریکٹ فلائٹ چلایا کرتی تھی۔
پاکستان میں سکیورٹی کی عمومی صورتحال میں بہتری کے بعد برٹش ایئرویز نے 2018 میں ان فلائٹس کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور جون 2019 میں یہ بحال ک دی گئی تھیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ برٹش ایئرویز لاہور سے لندن تک براہ راست پرواز شروع کر رہی ہے۔