ایمان سلیمان کا حمزہ علی عباسی کا مذاق اڑانے پر سوشل میڈیا پر بحث: ’کیا حمزہ نے میری طرح آپ کا بھی دل توڑا؟‘

وقت اشاعت

سابق اداکار حمزہ علی عباسی اور ماڈل اور اداکارہ ایمان سلیمان مختلف وجوہات کی وجہ سے ایک عرصے سے خبروں کی ذینت بنے رہے ہیں۔

تاہم گذشتہ روز ایمان سلیمان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کا اعلان اس انداز میں کیا جس نے کچھ لوگوں کو خوش، کچھ کو ناراض اور کچھ کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔

یہ بتانے سے پہلے کہ ایمان نے کیا کہا ان کی پوسٹ کا پسِ منظر بتانا بھی ضروری ہے۔

کچھ ماہ قبل حمزہ علی عباسی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنی شادی کا اعلان اس انداز میں کیا تھا کہ اس پر سوشل میڈیا پر بہت بحث ہوئی تھی۔

اس پوسٹ کا خلاصہ کچھ یوں تھا: ’کچھ لوگ تنہائی دور کرنے کے لیے، کچھ محبت کے واسطے اور کئی لوگ بچوں کی نیت سے شادی کرتے ہیں لیکن جب آپ کا مقصد صرف اللہ کی رضا ہو تو میرے جیسا آدمی بھی اپنی پلیٹونِک دوست سے یہ کہہ ڈالتا ہے کہ مجھے نہ تو تم سے محبت ہے اور نہ ہی میں تمہارے ساتھ گرل فرینڈ، بوائے فرینڈ والا تعلق چاہتا ہوں۔‘

اب یہ پوسٹ پڑھنے کے بعد ذرا ایمان سلیمان کی پوسٹ پڑھیں، تو آپ کو اندازہ ہو گا کہ انھوں نے حمزہ کے الفاظ میں کچھ رد و بدل کر کے ایسا کیا لکھا جس کے باعث دیگر صارفین نے کہا کہ وہ حمزہ علی عباسی کو ٹرول کر رھی ہیں۔

حمزہ علی عباسی کی طرح ایمان اپنی پوسٹ کا آغاز ان الفاظ سے کرتی ہیں: ’میں شادی کا اعلان اپنی شادی ہونے کے بعد کرنا چاہتی تھی لیکن کیونکہ یہ خبر ابھی تک عام نہیں ہوئی اور میں عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بے تاب ہوں۔‘

پھر وہ لکھتی ہیں کہ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ ’میں اپنے تین ماہ کے (گرلفرینڈ بوائے فرینڈ کی حیثیت سے) غیر پلیٹونک دوست سے شادی کا ارادہ رکھتی ہوں۔ اللہ ہم دونوں پر رحم کرے۔

آخر میں انھوں نے کہا کہ کیونکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں شادی کیے بغیر ساتھ رہنے کی ممانعت ہے، اس لیے مجھے شادی کرنی پڑ رہی ہے۔

اس پوسٹ کو کرنے کے کچھ ہی دیر بعد انھوں نے لکھا کہ میں یہ پوسٹ کر کے شرمندہ ہوں۔

ایک صارف کو ایمان کا یہ اعلان خوب بھایا۔ انھوں نے لکھا کہ ’ایمان سلیمان کی شادی کے اعلان والی پوسٹ حقائق کے بہت قریب ہے۔‘

تاہم اکثر صارفین نے ایمان کو کافی آڑے ہاتھوں لیا اور انھیں اختلاف رائے سے اتفاق کرنے کی تلقین کی۔

ایک صارف نے انسٹاگرام پر ان کی پوسٹ کے نیچے لکھا کہ آپ یہ اعلان بہتر انداز میں بھی کر سکتی تھیں۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ اپنی پوسٹ میں صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے کسی اور کو گھسیٹیں۔

ایک اور صارف بھی ایمان کی اس پوسٹ سے ناراض نظر آئیں۔ کہنے لگیں کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ہم خود کو منفرد ظاہر کرنے کے لیے کسی دوسرے کی بے عزتی کیوں کرتے ہیں۔‘

ساتھ ہی انھوں نے اختلاف رائے سے اتفاق کرنے کی تلقین بھی کی اور چند سوالات بھی اٹھا دیے۔ ’ہم اختلاف رائے کی قدر کیوں نہیں کرتے، ہم کسی دوسرے کے لیے خوش کیوں نہیں ہو سکتے؟‘

وہ یہ اعلان حمزہ کو اس میں گھسیٹے بغیر بھی کر سکتی تھیں، لیکن ہاں ایسا کرنے سے تنازع پیدا نہ ہوتا۔ بہن کچھ کام بغیر سستی شہرت کے بھی ہو جاتے ہیں۔

انسٹاگرام پر ایک صارف نے اس پوسٹ پر منفرد تجزیہ کیا، شاید انھیں یہ دل کا معاملہ لگا۔ کہنے لگیں ’اچھا میں اقرار کرنا چاہتی ہوں کہ مجھے یہ (پوسٹ) مزاحیہ لگی حالانکہ مجھے حمزہ عباسی سے محبت ہے اور مجھے لگتا ہے کہ وہ انھیں (ایمان کو) بھی پسند ہیں۔ کیا حمزہ نے میری طرح آپ کا بھی چھوٹا سا دل توڑا؟