پاکستان میں کورونا کے نئی مریضوں میں کمی پر ’اظہار اطمینان‘
پاکستان میں انسداد کورونا کے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں عالمی وبا کی صورتحال میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک تھے۔
جاری کردہ بیان کے مطابق 20 لاکھ ٹیچرز میں سے چار لاکھ 50 ہزار کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے اور دیگر وزارتوں کو بھی اسی طرز پر اپنے ملازمین کو ویکیسن لگوانے کی ہدایات کر دی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں روز ایئرپورٹس پر 27 پروازوں پر سوار اوسطاً 4500 مسافر پہنچ رہے ہیں۔ ایئرپورٹس پر 388 کورونا مریضوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملی ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان میں افغانستان سے 22924 مسافر پیدل داخل ہوئے، ان میں سے 28 کورونا مثبت ہونے پر قرنطینہ میں بھیجے گئے۔
این سی او سی اجلاس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں 600 سے زیادہ نادرا سینٹرز 5 جولائی سے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کا اجرا شروع کریں گے جبکہ آئندہ ہفتے سے 5000 سے زیادہ ای سہولت مراکز پر اس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تیسری لہر کے لاک ڈاؤن کے بعد سیاحتی سیکٹر کو کھولنے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیف ٹوارزم ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بعد ازاں اسی ماڈل کو گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اپنایا جائے گا۔