آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاکستان حملہ کرے گا تو کیا ریاستیں اپنے اپنے ہتھیار خریدیں گی، پھر ویکسین کیوں خریدیں: کیجریوال

امریکہ کے سیکریٹری صحت نے عالمی ادارہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کووڈ 19 کے پھیلاؤ کے آغاز سے متعلق اگلے مرحلے میں شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں جبکہ فرانسیسی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کا کہنا ہے کہ انھیں ایک پراسرار مالیاتی آفر موصول ہوئی ہے جس میں فائزر ویکسین سے متعلق منفی خبریں پھیلانے کا کہا گیا ہے۔ ادھر انڈیا میں مزید 4100 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ پاکستان مثبت کیسز کی شرح بدستور پانچ فیصد سے نیچے ہے۔

لائیو کوریج

  1. پاکستان کے دارالحکومت میں کورونا وائرس پھیلنے کی شرح 2.7 فیصد ہو گئی

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 111 متاثرین سامنے آئے ہیں۔ اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ضعیم ضیا کے مطابق کل 4114 ٹیسٹ کیے گئے تھے یوں کورونا وائرس کی دارالحکومت میں پھیلاؤ کی شرح 2.7 فیصد بنتی ہے۔

    ان کے مطابق کئی ماہ بعد تیسری لہر کے دوران یہ پھیلاؤ کی کم ترین شرح بنتی ہے۔

  2. انڈین کمپنی ٹاٹا نے کورونا سے مرنے والے ملازمین کے لواحقین کو باقاعدگی سے تنخواہ دینے کا اعلان

    انڈیا کی معروف کمپنی ٹاٹا نے اپنے ایسے ملازمین جن کی موت کورونا وائرس سے ہوئی کہ لواحقین کو باقاعدگی سے تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    ٹاٹا کمپنی کے مطابق وہ اپنے ایسے ملازمین کے اہل خانہ کو گھر اور میڈیکل کی سہولیات بھی فراہم کرے گی۔ ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر تک ان پر انحصار کرنے والے لواحقین کو نہ صرف باقاعدگی سے تنخواہ ملے گی بلکہ کمپنی ان کے بچوں کو گریجوایشن تک مفت تعلیم بھی فراہم کرے گی۔

    ٹاٹا کمپنی کے اس اعلان کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

    اس سے قبل اویو کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے مدد فراہم کا اعلان کیا تھا۔ اس کمپنی نے کورونا وائرس سے مرنے والے ملازمین کے گھر والوں کو آٹھ ماہ کی تنخواہ دینے اور ان کے بچوں کو پانچویں تک مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا تھا۔

    اس کے علاوہ گلاس بنانے والی کمپنی بوروسل نے کہا تھا کہ وہ کورونا سے مرنے والے اپنے ملازمین کے ورثا کو باقاعدگی سے تنخواہ ادا کرتی رہے گی۔

  3. انڈیا میں 14 اپریل کے بعد یومیہ کورونا کے دو لاکھ سے کم متاثرین

    انڈیا میں 14 اپریل کے بعد کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں انڈیا میں سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 1,96,427 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    یہ 14 اپریل کے بعد پہلی بار انڈیا میں دو لاکھ سے کم متاثرین سامنے آئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں انڈیا میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3511 بنتی ہے۔

    امریکہ کے بعد انڈیا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، جہاں دو کروڑ سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

  4. پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 92 اموات، 22 سو سے زائد نئے متاثرین

    پاکستان میں ایک دن میں کورونا وائرس سے 92 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2253 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

    سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں اس وائرس سے ایک دن میں 55 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں سے 44 مریض ہسپتال میں داخل تھے۔

    خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 بنتی ہے اور ان میں سے 19 افراد ہسپتالوں میں زیر علاج تھے۔

    سندھ میں 16 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔

  5. انڈین جوڑے کی ’طیارے میں شادی کی تقریب‘

    انڈیا میں مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق ایک جوڑے نے کووڈ 19 کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اجتماعات پر سختی کے باوجود 160 سے زیادہ مہمانوں کی موجودگی میں ایک طیارے میں شادی کی تقریب کی ہے۔

    سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرایے پر لیا گیا ایک طیارہ بھرا ہوا ہے اور اس میں شادی کی تقریب جاری ہے۔

    اطلاعات کے مطابق اس طیارے نے تامل ناڈو نے اڑان بھری۔ یہاں شادی کی تقریب میں صرف 50 مہمان بلانے کی اجازت ہے جبکہ 31 مئی تک سختیوں میں توسیع کی گئی تھی۔

    انڈیا میں ایوی ایشن کے ادارے نے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  6. امریکہ کی مسافروں کو جاپان نہ جانے کی تجویز

    امریکہ نے جاپان میں کووڈ 19 کی نئی لہر کے پیش نظر ایک نئی سفری تنبیہ جاری کی ہے۔ ٹوکیو اولمپکس سے محض چند ہفتے قبل کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک میں نئی سختیاں نافذ کی گئی ہیں۔

    تاہم امریکہ میں اولمپکس حکام پُراعتماد ہیں کہ ایتھلیٹس کھیلوں میں محفوظ انداز میں حصہ لے سکیں گے۔

    جاپان نے پہلے ہی اکثر ممالک سے آنے والے مسافروں پر سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

    جاپان کے شہروں ٹوکیو اور اوساکا میں کووڈ کے نئے مریضوں کی وجہ سے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

    ملک میں اب تک سات لاکھ سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ وائرس سے 12 ہزار سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔

  7. بی بی سی اردو کے کووڈ 19 کی خبروں سے متعلق لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کے کووڈ 19 کی خبروں سے متعلق خصوصی لائیو پیج میں خوش آمدید!بی بی سی اردو کے کووڈ 19 کی خبروں سے متعلق خصوصی لائیو پیج میں خوش آمدید۔ اس پیج پر آپ پاکستان سمیت دنیا بھر سے کورونا وائرس سے متعلق خبریں دیکھ سکیں گے۔

    اس حوالے سے اس سے قبل سامنے آنے والی خبروں کے لیے یہاں کلک کریں۔