کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ضلعی انتظامیہ کی تجویز پر لاہور شہر کے مزید 15علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے سمارٹ لاک ڈاؤن نوٹیفیکیشن جاری میں بتایا ہے کہ یہ 13 مئی تک نافذالعمل رہے گا اور زیادہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔
لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں مصطفی ٹاؤن اور پی آئی اے سوسائٹی میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
لاہور کینٹ میں ڈی ایچ اے فیز-1، فیز -5، عارف جان روڈ اورایڈن کاٹیج کو بند کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق داتا گنج بخش ٹاؤن کے علاقے میسن روڈ، سنت نگر، راج گڑھ ، اسلام پورہ، ساندہ اور شاہ جمال میں بھی سمارٹ لاک ڈاون لگا دیا گیا ہے۔
حکام نے گلبرگ میں گارڈن ٹاؤن کے علاقے اتا ترک بکر بلاک اور ماڈل ٹاؤن ڈی بلاک کو بند کر دیا ہے۔
لاہور میں شالیمار ٹاؤن کا علاقہ سٹاف کالونی UET میں بھی لاک ڈاون لگا دیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز،ریسٹورانٹ،دفاتر(نجی اور سرکاری) بند رہیں گے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی، انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔
اس دوران ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔