آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کورونا وائرس: ایرانی پارلیمان کے سپیکر علی لاریجانی میں وائرس کی تصدیق
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 9 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ اس وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 47 ہزار سے زیادہ ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق مکہ اور مدینہ میں 24 گھنٹوں کے کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے۔
لائیو کوریج
کورونا وائرس: ٹرمپ کو چین کے اعدادوشمار پر شکوک وشبہات
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار پر شکوک وشبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعداد تھوڑی کم ہے۔
امریکی صدر کا یہ بیان بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وائٹ ہاؤس کو ایک خفیہ رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ چین نے ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والے اموات اور متاثرین کی تعداد کم بتائی ہے۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھیں یہ رپورٹ موصول نہیں ہوئی لیکن ایسا لگتا ہے کہ چین کے اعدادوشمار تھوڑے کم ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا: ’ان (چین) کی تعداد درست ہے یا نہیں لیکن میں چین کا اکاؤنٹنٹ نہیں ہوں۔‘
واضح رہے کہ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں فی الحال کورونا وائرس کے 81554 تصدیق شدہ کیسز ہیں جبکہ اموات کی کل تعداد 3312 ہے۔
لاک ڈاؤن کے باوجود تیل کی قیمتوں میں اضافہ
امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھیں امید ہے کہ سعودی عرب اور روس تیل کی قیمتوں پر جلد معاہدہ طے کر لیں گے، جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان قیمتوں پر تنازعہ عل رہا تھا جس کی وجہ سے خام تیل کی قیمتیں 18 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی تھیں۔
ساتھ ہی ساتھ دنیا بھر میں لاک ڈاؤن ہونے کے باعث تیل کی مانگ میں بھی کمی آئی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ صورتحال دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں اور ان کے خیال میں دونوں فریق جلد ہی کوئی معاہدہ طے کر لیں گے۔
ایشیا کی مارکیٹوں میں برینٹ کروڈ کی قیمت چھ فیصد اضافے کے بعد 26 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے جبکہ امریکی تیل کی قیمتیں بھی بانچ فیصد بڑھی ہیں۔
ایشیا کی سب سے بڑی کچی آبادی میں کورونا سے متاثرہ شخص ہلاک
انڈیا کے تجارتی مرکز ممبئی میں دھاروی کی کچی آبادی، جہاں دس لاکھ سے زیادہ افراد آباد ہیں، میں ایک 56 سالہ شخص کورونا وائرس سے ہلاک ہو گیا ہے۔
بدھ کو اس شخص میں وائرس کی تصدیق سے ایک ہفتہ قبل ان میں بخار اور کھانسی کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔
حکام نے اس عمارت کو سیل کر دیا ہے جہاں یہ شخص رہائش پذیر تھا جبکہ خاندان کے دیگر سات افراد کو قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ کچی آبادی ممبئی کے وسط میں واقع ہے جو کہ ایک شہر کے اندر ایک شہر ہے۔ یہاں بے شمار تنگ گلیاں، کھلی نالیاں اور چھوٹی چھوٹی جھونپڑیاں موجود ہیں۔
ماہرین نے نشاندہی کی ہے کہ اگرچہ معاشرتی دوری انتہائی ضروری ہے لیکن دھاروی کی کچی آبادی میں یہ تقریباً ناممکن ہے اور ایسے علاقے میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ایک بہت بڑا چیلنج ہو سکتا ہے۔
روس سے طبی سامان امریکہ پہنچ گیا
ایک روسی طیارہ طبی سازوسامان کے ساتھ امریکہ پہنچ چکا ہے۔ روس کے اس فوجی طیارے نے امریکی ریاست نیویارک میں لینڈ کیا ہے۔
امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نے ٹوئٹر پر لکھا: کوویڈ 19 کو شکست دینے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ نے روس سے فوری ضرورت کا حفاظتی سامان خریدنے پر اتفاق کیا۔‘
پیر کے روز روسی صدر ولادیمیر پوتن کی امریکی صدر کے ساتھ بات چیت ہوئی تھی جس کے بعد یہ سامان امریکہ بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ روس انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اٹلی کو طبی سامان اور ماہرین بھیج چکا ہے۔
کورونا: پاکستان میں 2426 متاثرین، سندھ میں پابندیاں مزید سخت
بریکنگ, دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 47,208 افراد ہلاک، متاثرین کی تعداد تقریباً دس لاکھ
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 47,208 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد دس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔
اٹلی: 13155 اموات
سپین: 9387 اموات
امریکہ: 5116 اموات
فرانس: 4043 اموات
چین: 3316 اموات
ایران: 3036 اموات
برطانیہ: 2357 اموات
ہالینڈ: 1173 اموات
جرمنی: 931 اموات
بیلجیئم: 828 اموات
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 935817 ہے۔ یاد رکھیے کہ یہ تعداد صرف تصدیق شدہ کیسز کی ہے جبکہ اصل تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔
امریکہ: 215417 متاثرین
اٹلی: 110574 متاثرین
سپین: 104118 متاثرین
چین: 82381 متاثرین
جرمنی: 77981 متاثرین
فرانس: 57763 متاثرین
ایران: 47593 متاثرین
برطانیہ: 29865 متاثرین
بیلجیئم: 13964 متاثرین
ہالینڈ: 13696 متاثرین
امریکہ: چار مزید ریاستوں میں شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت
امریکہ میں تین روز کے دوران کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد دگنی ہونے کے بعد مزید چار امریکی ریاستوں میں شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
فلوریڈا، جارجیا، میسیسپی اور نویڈا کے گورنروں نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھیں وفاقی حکومت کو ملک گیر حکمنامہ جاری کرنے کی کوئی ضرورت دکھائی نہیں دیتی، 39 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ کولمبیا کے رہائشیوں کو صرف ڈاکٹر کے پاس یا ضروری سامان خریدنے کے لیے باہر جانے کی اجازت ہے۔
امریکی صدر نے بدھ کے روز وائٹ ہاؤس کی بریفنگ میں یہ بھی بتایا کہ وہ مشہور مقامات کو جانے والی پروازیں روکنے پر غور کر رہے ہیں۔
کورونا وائرس: مشرق وسطیٰ پر منڈلاتا ہوا ٹائم بم
پانچ دن بعد گھر آئے، چائے پی اور ہسپتال واپس
کورونا وائرس: دنیا میں اب تک کیا ہوا؟
دنیا میں لاک ڈاؤن کے انوکھے اور تخلیقی طریقے
انڈیا میں تازہ صورتحال: 41 ہلاک، 1600 متاثر
انڈیا میں کورونا وائرس سے اب تک 41 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 1600 سے زیادہ افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
دلی میں ہونے والے تبلیغی جماعت کے اجتماع سے کورونا وائرس کے 378 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد حکام اس اجتماع میں شرکت کرنے والوں کی تلاش میں ہیں۔
حکام کے مطابق تقریباً نو ہزار افراد کو خطرہ ہے جبکہ ایک ہزار افراد کو پہلے ہی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
انڈیا کی ریاست راجھستان نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں رہنے والے تمام افراد کی سکریننگ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ انڈیا میں آج لاک ڈاؤن کا نوواں روز ہے جبکہ حکومت نے ملک بھر میں 21 دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے۔
جاپان میں ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ٹو ماسک کا ٹرینڈ, ماریکو اوئی، بی بی سی نیوز
جاپان میں حکومت نے ہر گھر میں دو ماسک فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے عوام مطمئن دکھائی نہیں دے رہے۔
جاپانی حکومت کے اس اعلان کے بعد ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ٹو ماسک ٹرینڈ کرنے لگا۔
کچھ لوگوں نے پوچھا ’اگر آپ کے خاندان میں دو سے زیادہ لوگ ہوں تو کیا ہو گا؟‘ جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین اس کا موازنہ ان ممالک سے کرنے لگے جہاں نقد رقم تقسیم کی گئی ہے۔
جاپان میں اب تک کورونا وائرس سے 57 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2384 ہے۔
کورونا کے پھیلاؤ میں اضافے پر عالمی ادارہ صحت کی تشویش
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹریڈروس ایدہانم کا کہنا ہے کہ انھیں وقت کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے اضافی نمو پر گہری تشویش ہے۔
پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتے میں ہلاکتوں کی تعداد دوہری ہوئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگلے کچھ دنوں میں دنیا کورونا وائرس کے 10 لاکھ مصدقہ کیسز اور 50 ہزار تک ہلاکتیں پہنچنے کے لیے تیار رہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 5116، متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی
امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 5116 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے امریکہ میں متاثرین کی بڑھتی تعداد کی صورتحال کا موازنہ اٹلی سے کیا ہے جہاں اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
امریکہ پہلے ہی خبرادر کر چکا ہے اس وبا سے ڈھائی لاکھ امریکی شہری ہلاک ہو سکتے ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق بی بی سی اردو کی خصوصی لائیو کوریج
کورونا وائرس سے متعلق بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔
آپ کو یہاں دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس ملیں گی۔
کورونا وائرس: ایرانی پارلیمان کے سپیکر علی لاریجانی میں وائرس کی تصدیق