آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش کے باعث منسوخ
کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کو جمعے کو مدِمقابل ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ شروع ہوئے بغیر ہی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
لائیو کوریج
ذیشان حیدر, حسن بلال زیدی and محمد صہیب
تیز بارش کے باوجود پاکستانی شائقین پرجوش
برسٹل میں بارش تھمنے کا نام نہیں ہی لے رہی
ظہیر عباس کی کاؤنٹی کا ہوم گراؤنڈ
کیا آپ کو معلوم ہے کہ برسٹل کا کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ انگلینڈ کی گلوسٹر شائر کاؤنٹی کا ہوم گراؤنڈ ہے؟
70 اور 80 کی دہائی میں پاکستان کے ظہیرعباس نے گلوسٹر شائر کی نمائندگی کی۔ وہ واحد ایشین بیٹسمین ہیں جنھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سو سے زائد سنچریاں بنائی ہیں جن میں سے 49 سنچریاں گلوسٹر شائر کی طرف سے کھیلتے ہوئے بنائیں۔
پاکستانی شائقین کی امیدوں پر پانی پھر گیا؟
برسٹل میں موجود ریاض الحسن کے مطابق آج میچ نہیں ہوتا نظر آ رہا۔
برسٹل میں بارش اور تیز
برسٹل میں بی بی سی کے فرقان الٰہی کے مطابق بارش اور تیز ہو گئی ہے۔
1992 میں بھی یہی ہوا تھا!
برسٹل میں پاکستان کا ورلڈ کپ 2019 میں تیسرا میچ ہے اور اس کے بارش سے متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ 1992 میں جب پاکستان ورلڈ کپ جیتا تھا تو بھی کچھ ایسا ہی ہوا تھا۔
پاکستان نے اُس سال بھی ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی کھیلا تھا، جو ویسٹ انڈیز نے باآسانی 10 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
دوسرا میچ زمبابوے کے خلاف تھا، جو پاکستان نے جیتا۔ پاکستان کا تیسرا میچ انگلینڈ کے ساتھ تھا جو کہ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔
تین بجے تک صورتحال میں بہتری کا انتظار
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق منتظمین انگلینڈ کے وقت کے مطابق میچ کے بارے میں فیصلے کے لیے تین بجے تک انتظار کریں گے۔
اگر اس وقت تک صورتحال بہتر ہوئی تو میچ مقامی وقت کے مطابق سوا چار بجے شروع ہو سکے گا جو 20، 20 اوورز پر مشتمل ہو گا
پاکستانی ٹیم بدستور ہوٹل میں موجود
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق بارش کی وجہ سے پاکستانی ٹیم ابھی تک ہوٹل میں ہی ہے اور صرف کپتان سرفراز احمد اور کوچ میدان میں آئے ہیں۔
بریکنگ, بارش کی وجہ سے ٹاس میں بھی تاخیر
برسٹل میں جاری بارش کی وجہ سے کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق ٹاس دوپہر دو بجے ہونا تھا لیکن اس میں بھی تاخیر کر دی گئی ہے۔
دھونی کے دستانوں پر آئی سی سی کا اعتراض اور انڈین ناراض
برسٹل بینکسی کا آبائی شہر بھی ہے
برسٹل کے بچوں کے لیے کرکٹ کے گُر
جمعے کو تو برسٹل میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں لیکن میچ سے قبل ایک دو دنوں میں یہاں دن خوشگوار اور روشن تھا۔ ایسے ہی ایک دن پاکستانی ٹیم نے پریکٹس سیشن کے بعد وہاں آنے والے بچوں کو بھی کرکٹ کے گر سکھائے۔
برسٹل میں پانی نکالنے والی مشینیں میدان میں
یہ منظر برسٹل کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ کا ہے جہاں کچھ ہی دیر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا جانا ہے۔ اب سے کچھ دیر پہلے تک پچ کوورز کے نیچے تھی اور میدان سے پانی نکالنے کے لیے مشینیں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔
برسٹل میں بدستور بارش کا سلسلہ جاری
برسٹل میں اس وقت موجود شائقین کے مطابق شہر میں بارش ہو رہی ہے اور بادل چھٹنے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔
’ضرورت سے زیادہ خوداعتمادی نہیں ہے‘
سری لنکن کپتان کرونا رتنے کسی بھی طرح پاکستان کو نظرانداز کرنے کے لیے تیار نہیں۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ وہ ضرورت سے زیادہ خود اعتماد نہیں ہیں۔
سری لنکن کپتان کے مطابق افغانستان کے خلاف جیت ان کی ٹیم کے لیے ضروری تھی۔ یاد رہے کہ سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں دس وکٹوں کی شکست کے بعد دوسرا میچ افغانستان کے خلاف ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 34 رنز سے جیتی تھی۔
’انگلینڈ کے خلاف جیت نے دباؤ ہٹا دیا‘
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف جیت نے پاکستانی کھلاڑیوں پر سے دباؤ ہٹادیا ہے اور ان میں نیا حوصلہ پیدا ہوا ہے۔
ان کے مطابق بیٹسمین پہلے میچ میں کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ نہ کر سکے تھے اور ساتھ ساتھ ورلڈ کپ کے پہلے میچ کا دباؤ بھی یں تھا لہٰذا بہت کم سکور پر آؤٹ ہوئے لیکن دوسرے میچ میں انھی بیٹسمینوں نے انگلینڈ کے اچھے بولنگ اٹیک کےخلاف بڑا سکور بنایا جو خوش آئند ہے۔
گرانٹ فلاور جن کا یہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ چھٹا سال ہے کہتے ہیں کہ بابر اعظم دن بہ دن اپنے کھیل میں بہتری لا رہے ہیں اور ان کا سٹرائیک ریٹ بھی بہتر ہو رہا ہے۔ کوچ کے مطابق بابر اس وقت اپنے کھیل کے عروج کے قریب ہیں، ان کا کھیل دیکھنے کے قابل ہوتا ہے اور وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
خراب رن ریٹ کی وجہ سے پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر نیچے
پاکستانی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا میچ ایک یکطرفہ مقابلے میں ہارنے کے بعد عالمی نمبر ایک انگلینڈ کو اگلے ہی میچ میں ہرا کر ورلڈ کپ میں اپنی موجودگی کا پتہ دے چکی ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف یکطرفہ مقابلے میں شکست کی وجہ سے فی الوقت پاکستان کا رن ریٹ بہت خراب ہے اور وہ دو پوائنٹس رکھنے کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر ہر ہے۔
پاکستان کے بعد اس ٹیبل میں صرف جنوبی افریقہ اور افغانستان ہی ہیں۔
ڈک ورتھ لوئس نظام کیا ہے؟
ڈک ورتھ لوئس نظام سے ایک روزہ کرکٹ میں ایسے مقابلوں کا فیصلہ کرنے میں مدد لی جاتی ہے جو بارش سے متاثر ہوتے ہیں۔ اس کا نام فرینک ڈک ورتھ اور ٹونی لوئس کے ناموں پر رکھا گیا ہے جنھوں نے ریاضی کا یہ فارمولا تیار کیا۔
اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر بارش کی وجہ سے اوورز کی تعداد کم کرنی پڑے تو بھی میچ کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ ڈک ورتھ لوئس نظام میں ریاضی کا فارمولا استعمال کرتے ہوئے فیصلہ کیا جاتا ہے کہ کس تناسب سے مقررہ ہدف میں تبدیلی لائی جائے۔
اگر میچ شروع ہونے کے بعد بارش ہو جائے تو میچ کے دوبارہ آغاز پر نتیجہ مقررہ اوورز کی تعداد میں کمی اور ایک نئے مطلوبہ ہدف کی صورت میں نکلتا ہے۔
مثلاً اگر پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیم کی اننگز بارش سے متاثر ہو تو اکثر دوسری ٹیم کے لیے مقررہ ہدف بڑا ہوتا ہے۔
تاہم اگر دوسری اننگز بارش سے متاثر ہو تو اکثر پہلے سے مقررہ ہدف میں کمی کی جاتی ہے لیکن اس کا تعلق وکٹوں کی تعداد سے بھی ہوتا ہے۔
ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان بمقابلہ سری لنکا
ورلڈ کپ میں پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ریکارڈ سو فیصد رہا ہے اور اس نے کھیلے گئے تمام ساتوں میچ جیتے ہیں۔
برسٹل میں پاکستانی ٹیم نے آج تک دو ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔
1999 کے عالمی کپ میں اس نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز کے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔