سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سماعت آج ہو گی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو
سپریم کورٹ آج پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو عدالتی فیصلے کے نتیجے میں پھانسی دے جانے کے خلاف صدارتی ریفرنس پرسماعت کرے گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا نو رکنی لارجر بینچ اس ریفرنس کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے اس ریفرنس میں مقرر کیے گئے عدالتی معاونین سے تحریری دلائل طلب کر رکھے ہیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بطور صدر یہ ریفرنس دائر کیا تھا۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دور میں اس ریفرنس پر چند سماعتیں بھی ہوئی تھیں اور اس کے بعد سات چیف جسٹس صاحبان نے اس ریفرنس پر کوئی سماعت نہیں کی۔
سابق وفاقی وزیر بابر اعوان نے ریفرنس دائر ہونے کے بعد اس کی پیروی کی تھی پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے وکیل رہنما اور پارٹی کے اہم رکن اعتزاز احسن کو اس ریفرنس کی پیروی کرنے کی درخواست کی تھی تاہم انھوں نے اس سے معزوری ظاہر کر دی۔