پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اگر صاف و شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک ڈی ریل ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں سخت انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ ان کے مطابق ’ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا اگر شفاف انتخابات نا کروائے گئے۔‘
واضح رہے کہ جمعرات کو بھی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’الیکشن شفاف نہ ہوئے تو معیشت تباہ ہوجائے گی۔‘
آج کی جانے والی پریس کانفرنس میں ان کا مؤقف تھا کہ بلے کا نشان لینے کا مقصد ہے کہ پی ٹی آئی شفاف انتخابات میں سامنے نہ آسکے، بلا صرف سیاسی نشان نہیں بلکہ 70 فیصد عوام کے امنگوں کا ترجمان ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق ’کیمرے کے سامنے انٹرا پارٹی الیکشن کا مکمل ’پراسس‘ ہوا، مخالفین کی کوشش ہے پی ٹی آئی کے پاس بلا ہی نہ رہے، جس طرح ہم نے شفاف الیکشن کرائے کسی نے نہیں کرائے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لیا گیا تو 227 نشستیں کس کے پاس جائیں گی؟ انتخابات کے بعد ہارس ٹریڈنگ ہوئی تو ذمہ دار کون ہوگا؟ یہ اپنی پارٹی میں پوزیشن صرف اپنے رشتہ داروں کو دیتے ہیں۔
ان کی رائے میں ’مخالفین جانتے ہیں شفاف الیکشن ہوئے تو وہ ہار جائیں گے۔‘
بیرسٹر گوہر نے دیگر جماعتوں کے سیاسی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی فیصلہ آتا ہے تو قانونی راستہ اپنانے کے بجائے یہ تنقید کرتے ہیں، یہ عدالتوں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ پر بھی حملہ آور ہوئے اور ہائیکورٹ پر بھی اور ہم سیاسی رہنماؤں کے ہائی کورٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے جج نے چار گھنٹے تک کیس سنا اور میرٹ پر فیصلہ سنایا۔
بیرسٹر گوہر علی کے مطابق الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے، بانی پی ٹی آئی ہی ہمارے لیڈر ہیں، پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن شفاف تھے، کل سے یکے بعد دیگر پریس کانفرنس کروا رہے ہیں، باپ بیٹی سب مل کے پریس کانفرنس کرنے میں مصروف ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو ہارس ٹریڈنگ کو پسند کرتے ہیں۔
فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو چوتھی بار وزیراعظم بنایا جائے گا: لطیف کھوسہ
تحریک انصاف میں حال ہی میں شمولیت اختیار کرنے والے وکیل لطیف کھوسہ نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ’فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو چوتھی بار وزیراعظم بنایا جائے گا۔‘
سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بائیو میٹرک ایئرپورٹ پر ہوتا ہے، میرے داماد کے تجویز اور تائید کنندہ کو گرفتار کیا گیا، ہمارے سفیر نے لندن میں مفرور کو رخصت کیا۔ ان کے مطابق ’دنیا دیکھ رہی ہے ہیتھرو ایئرپورٹ سے سزا یافتہ کو سفیر نے رخصت کیا، نوازشریف کو 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا گیا تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو ہائی کورٹ سے تشدد کرکے گرفتار کیا جاتا ہے، فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو چوتھی بار وزیراعظم بنایا جائے گا، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو اٹھایا جارہا ہے، بلا لینے والے خوش نہ ہوں، کل شیر اور تیر کا نشان بھی لیا جاسکتا ہے۔