آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

بھٹو کی پھانسی کا معاملہ سماعت کے لیے مقرر، پانچ سوالات پر مشتمل یہ صدارتی ریفرنس کیا ہے؟

سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کے مقدمے پر صدارتی ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔ اس ریفرنس میں سابق چیف جسٹس نسیم حسن شاہ کے اُس بیان کو بنیاد بنایا گیا جس میں اُنھوں نے اعتراف کیا تھا کہ بھٹو کے خلاف قتل کے مقدمے کی سماعت کرنے والے بینچ پر سابق فوجی صدر جنرل ضیا الحق کی حکومت کا دباؤ تھا۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, وزارت خزانہ نے عام انتخابات کے لیے مزید 17 ارب 40 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے

    وزارت خزانہ نے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مزید فنڈز جاری کر دیے ہیں۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے مختص فنڈز میں سے مزید 17 ارب 40 کروڑروپے جاری کردیے گئے ہیں۔

    اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ وزارت خزانہ نے اس سے قبل 10 ارب روپے جاری کیے تھے اور اب مجموعی طور پر الیکشن کمیشن کو 27 ارب 40 کروڑ جاری کیے جا چکے۔

    واضح رہے کہ بجٹ میں الیکشن کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

    الیکشن کمیشن نے فنڈز کا اجرا نہ ہونے پر گزشتہ روز سیکرٹری خزانہ کو طلب کیا تھا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فنانس ڈویژن الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ضرورت کے مطابق فنڈز کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

  2. پشاور کے علاقے وارسک روڈ پر دھماکہ، بچوں سمیت پانچ افراد زخمی, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور

    پشاور کے علاقے ورسک روڈ بابو گھڑی چوک کے قریب آج صبح ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں چار زخمیوں کو طبی امداد کے لیے پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    ریسکیو 1122 پشاور کے ترجمان بلال فیضی کے مطابق ’ورسک روڈ بابو گھڑی کے قریب صبح 9:10 بجے چوک میں آئی ای ڈی دھماکہ ہوا، دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں چار بچے بھی شامل ہیں جنھیں علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔‘

    ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکے جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاروائیاں شروع کیر دیں۔

    دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق وارسک روڈ دھماکے کے چار زخمیوں کوطبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا ہے۔

    ترجمان محمد عاصم کے بیان کے مطابق ہشپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں میں تین بچے بھی ہیں جن کی عمریں سات سے 10 سال کے درمیان ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ’کوئی زخمی سکول یونیفارم میں نہیں ہیں بلکہ یہ راہگیر ہیں۔ دو زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جارہی ہے۔‘

    ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں ۔ اس دھماکے میں وہاں موجود دو لوکل سوزکیوں کو نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے۔

  3. الیکشن کمیشن کی مالی ضرورت پوری کرنے کے لیے ’کوئی بحران‘ نہیں، نگران وزیر اطلاعات

    نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی مالی ضرورت پوری کرنے کے لیے کوئی بحران نہیں، ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی۔

    سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ’ الیکشن کمیشن نے منظور شدہ بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کی بجٹ ضروریات پوری کرنے کے لیے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی، 10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔‘

    واضح رہے کہ نگران وزیر اطلاعات کا یہ بیان اایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ کو عام انتخابات کے لیے مختص فنڈز فراہم کرنے کے لیے سوموار کے روز سیکریٹری خزانہ کو طلب کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں تاخیر کے بارے میں رپورٹس کو ’بے بنیاد اور گمراہ کن‘ قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔

  4. گذشتہ 24 گھنٹوں کی اہم خبروں کا خلاصہ

    یہاں آپ کے لیے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان کی سیاسی، معاشی اورسماجی اور دیگر اہم خبروں کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔

    • الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2024 کے عام انتخابات میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستانی فوج کے دستوں کی تعیناتی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں امن و امان کی صورت حال اور سکیورٹی اہلکاروں کے کمی کے باعث پاکستانی فوج اور نیم فوجی دستوں کو غیر متحرک انداز میں پولنگ کے روز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
    • سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود کے خلاف سائفر کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے دونوں ملزمان پر 12 دسمبر کو فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے سائفر کیس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ وہ اس مقدمے میں فوج کے سابق سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی سفارت خانے کے نمائندے کو بطور گواہ طلب کرنا چاہتے ہیں۔
    • اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے بعد کمرہ عدالت میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ عہدوں کے لئے عمران خان کے ساتھ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’جو لوگ عمران خان سے محبت کرتے ہیں وہ باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔‘
    • پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا، سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس پہلی بار 62000 پوائنٹس کی سطح عبور کر کے اس وقت 62400 پوائنٹس کی سطح سے اوپر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
    • ‏فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے ٹرائل کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے والے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
    • جسٹس مظاہر علی نقوی نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے دیے گئے نوٹس کے جواب میں استدعا کی ہے کہ ان کے خلاف جاری اظہارِ وجوہ کا نوٹس واپس لیا جائے اور ان کی آئینی درخواستیں تین رکنی کمیٹی کے سامنے رکھی جائیں۔
  5. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    ی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ یہاں آپ کے لیے پاکستان کے حوالے سے آج کی تمام اہم خبریں شامل کی جائیں گی۔ گذشتہ روز پیش آنے والے واقعات اور خبروں کے لیے یہاں کلک کریں