فواد چوہدری کو بطور سابق وزیر جیل مینوئل کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں: اسلام آباد ہائی کورٹ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جیل میں سہولیات فراہمی، وکلا اور فیملی سے ملاقات کی اجازت کی درخواست پر سماعت میں بطور سابق وزیر انھیں جیل مینوئل کے تحت سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت میں ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کے روبرو بتایا کہ فواد چوہدری کو سکیورٹی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر کے استفسار پر انھوں نے کہا کہ چیف کمشنر اور پنجاب حکومت کو درخواست بھیج دی ہے۔
فواد چوہدری کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ بچوں سے بات قانون میں لکھا ہے قانون کے مطابق ہی عمل درآمد کروادیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے فواد چوہدری سے کہا کہ آپ کی درخواست پر تفصیلی آرڈر بھی کردیں گے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر کی ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ کو ہدایت کی کہ آپ قانون کے مطابق عمل درآمد یقینی بنائیں۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ فواد چوہدری نے کیا دھمکیاں دی ہیں؟ ان کے خلاف کس چیز کی ایف آئی آر ہے؟
جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ فواد چوہدری کے خلاف 502 کی ایف آئی آر ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست کی سماعت کے دوران فواد چوہدری سے ان کے وکلا اور فیملی کو ملاقات کی بھی اجازت دے دی۔