یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا!
پاکستان کی سیاسی، معاشی اور سیکورٹی صورتحال اور دیگر اہم خبروں سے متعلق بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
یکم اکتوبر کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں
وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت آٹھ روپے کمی کے بعد اب 323 روپے 38 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے کمی کے بعد نئی قیمت 318 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان کی سیاسی، معاشی اور سیکورٹی صورتحال اور دیگر اہم خبروں سے متعلق بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
یکم اکتوبر کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں

،تصویر کا ذریعہEPA
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے کی کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کے بعد اب نئی قیمت 323 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت 318 روپے 18پیسے فی لیٹر مقررکی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہISPR
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کو دہشت گردی کے اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا روک ٹوک جاری رہے گا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور انھیں مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشت گرد حملوں پربریفنگ دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نےدھماکے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔ یہ دہشت گرد اوران کے سہولت کارپاکستان اوراس کے عوام کے دشمن ہیں۔
بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے مکمل پرُعزم ہیں، اس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتیں بہت زیادہ تکلیف میں ہیں۔
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔
جنرل عاصم منیر نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمت چیف نے مرنے والوں کے لواحقین کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا اور کہا یا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں جمعے کے روز ہونے والے خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 55 ہوگئی ہے۔
اس بات کی تصدیق وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
واضح رہے کہ ضلع مستونگ میں خود کش بم دھماکہ عید میلاد النبی کے جلوس کے قریب ہوا تھا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خود کش حملے کے خلاف اتحاد اہلسنت بلوچستان نے یکم اکتوبر کو بلوچستان بھر شٹرڈاؤن ہڑتال اوراحتجاجی مظاہروں کی کال دے دی ہے۔
اتحاد اہلسنت بلوچستان کے رہنماوں نے ایک پریس کانفرنس میں ہڑتال اورمظاہروں کی کال دیتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی۔
انھوں نے ہڑتال اورمظاہروں کی کال دیتے ہوئے عوام اور تاجربرادری سے اپیل کی کہ وہ غم کے اس لمحات میں اہلسنت کا ساتھ دیں۔
اتحاد اہلسنت کے رہنماوں نے دعویٰ کیا کہ اس واقعے میں 70 سے زائد افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ اتحاد اہلسنت کی جانب سے تحفظات اور خدشات کے باوجود مستونگ ، خضداراور قلات میں سکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے یہ اندوہناک واقعہ پیش آیا۔

،تصویر کا ذریعہSocial Media
پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کا لیڈر ہی اس کا بیانیہ طے کرتا ہے، رہنماوں کی سوچ ہو سکتی ہے، لوگوں کی سوچ ہوسکتی ہے لیکن 10 بیانیے نہیں ہوتے بلکہ صرف لیڈر کا بیانیہ ہوتا ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ’پارٹی کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے 2017 میں اپنے خلاف سازش کرنے والوں کا معاملہ اللہ پر چھوڑا تھا جس کے نتیجے میں ان کے خلاف سازش کرنے والے بے نقاب ہوگئے۔‘
انھوں نے کہا کہ کتنی جلدی ان کے خلاف سازش میں ملوث لوگوں کا کردار بے نقاب ہوا ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف پاکستان کی معیشت کو پہلے کی مانند اوپر کی جانب ہی لے کر جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ’کوشش ہے آئندہ الیکشن میں قوم نواز شریف کو بھاری اکثریت میں ووٹ ڈالے تاہم اکثریت کے باوجود ہم دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔‘

نگراں وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ریاست دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گی بلکہ ان کا قلع قمع کرنے کے لیے جتنا بڑا آپریشن کرنا پڑا وہ کرے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ریاست دہشت گردی کو کسی طرح بھی برداشت نہیں کرے گی، ریاست دہشت گردوں کو ان کے بلوں سے نکال کر اُن کا خاتمہ کرے گے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ نے مستونگ میں پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں یہ فساد ہے جسے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا اور کسی کو بھی پاکستانیوں کا خون بہانے نہیں دیا جائے گا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ریاست کو پتہ ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشتگردی کون کروا رہا ہے۔‘ ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ’ریاست جب دہشت گردوں کو کمزور کرتی ہے تو پھر حکومتوں کی جانب سے نرمی کی پالیسی اختیار کی جاتی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بلوچستان میں پہلے داعش اتنی آرگنائیزڈ نہیں تھی لیکن خواہ داعش ہو، ٹی ٹی پی ہو یا دوسرے دہشت گرد گروہ ہوں ہم ان کو نہیں چھوڑیں گے۔‘
ایک سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے انڈیا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈین خفیہ ایجنسی را ان واقعات کے پیچھے ہے۔‘
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے خود کش حملے کے خلاف وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ اس واقعے کے خلاف ہڑتال کی کال بلوچستان بار کونسل نے دی تھی۔
بلوچستان بارکونسل کے عہدیدارراحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ مستونگ میں پیش آنے والے واقعے نے بلوچستان کو ایک اور بڑے سانحے سے دوچار کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے خلاف وکلا بطوراحتجاج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ اس واقعے کے حوالے سے حکومت بلوچستان کی جانب سے تین روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
جسٹس عرفان سعادت خان کو سندھ ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس تعینات کر دیے گئے ہیں۔ وزارت قانون و انصاف نے ان کی تعیناتی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہLaw Ministry
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ربیع الاول کے جلوس میں ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کوئٹہ کے سی ٹی ڈی تھانے میں نا معلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
’ایکسپلوسیو ایکٹ‘ کے تحت درج اس مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق اس واقعے کے بعد تحقیقات جاری ہیں اور ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ مستونگ میں ربیع الاول کے جلوس میں 12 ربیع الاول کو ہونے والے خود کش حملے میں 52 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہو گئے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے 90 روز کی آئینی مدت میں عام انتخابات کے انعقاد کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن 90 روز کی آئینی مدت میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرچکی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق دستور پر عملدرآمد یقینی بنانا سپریم کورٹ آف پاکستان کے کلیدی فرائض میں شامل ہے، دستور کو نیچا دکھانے کی روایت ریاست کے وجود و استحکام کے لیے نہایت تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے، عدالتِ عظمٰی اس کے تدارک کے فوری اقدام کرے۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
تحریک انصاف نے نگران حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’نگران وزیراعظم کی جانب سے سرکاری وسائل پر دنیا کی سیر نہایت قابلِ مذمت ہے۔ نگران حکومت کے ذمّے محض روز مرّہ کے امور سرانجام دینا اور انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت ہے۔
پی ٹی آئی نے اعلامیے میں کہا کہ شفاف انتخابات کے ذریعے ملک کو درپیش سیاسی عدمِ استحکام سے نجات کی بجائے نگران وزیراعظم بیرونی یاترا اور بیان بازی سے صورتحال کی سنگینی بڑھا رہے ہیں۔ قوم کو بتایا جائے نگران وزیراعظم کے سیروتفریح کے شوق پر قومی خزانے سے کتنے اخراجات کیے گئے۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
بلوچستان کے ضلع ژوب کے افغانستان سے متصل سرحدی علاقے میں ایک جھڑپ میں پاکستان کے سکیورٹی فورسز کے چاراہلکار اور تین شدت پسند ہلاک ہوئے۔
پاکستان فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق سمبازہ کے قریب افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے چار اہلکارہلاک ہوئے جن میں حوالدارستار،لانس نائیک شیراعظم، لانس نائیک عدنان اورسپاہی ندیم شامل تھے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین شدت پسند ہلاک اور چند زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے سکیورٹی فورسز ملک میں امن اورخوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔
بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔۔۔۔