رضا ربانی کا ’اندھی قانون سازی‘ پر واک آؤٹ
سینیٹ میں بغیر بحث متعدد یکے بعد دیگرے بلوں کی منظوری پر بعض ارکان نے واک آؤٹ کیا جن میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی بھی شامل ہیں۔
انھوں نے واک آؤٹ سے قبل تقریر میں کہا کہ ان بلوں کی منظوری قوائد و ضوابط کو مدنظر رکھے بغیر کی گئی۔ ’جب بل ہی ہمیں صبح ملے گا تو دو روزہ نوٹس کا اصول کیسے لاگو ہوگا۔‘
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مخاطب کر کے رضا ربانی نے کہا کہ ’جو ابھی تین یا چار بل پاس ہوئے ہیں، یہ پارلیمان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔ یہ اندھی قانون سازی ہے کیونکہ ہمیں اس بات کا بالکل علم نہیں کہ کس بل میں کیا ہے، کتنی سیکشنز ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’میں اس اندھی قانون سازی پر واک آؤٹ کرتا ہوں۔‘
دوسری طرف سینیٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ انھیں حکومت کی نیت پر شک نہیں مگر آج کی گئی قانون سازی پر طریقہ کار کی پیروی نہیں کی گئی۔