بریکنگ, قلات میں ایف سی کے قافلے پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک: پولیس کو ’خاتون خودکش بمبار‘ کے ملوث ہونے کا شبہ, محمد کاظم، بی بی سی اردو
پاکستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں ایف سی کے قافلے پر خودکش حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔
حملہ قلات کے علاقے مغلزئی کے قریب قومی شاہراہ پر اس وقت ہوا جب وہاں سے ایف سی کا قافلہ گزر رہا تھا۔
قلات پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس علاقے سے گزرنے والی سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
پولیس اہلکار اور قلات انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بی بی سی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملے میں خاتون خود کش بمبار ملوث تھی لیکن تاحال اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اور کسی عسکریت پسند گروہ کی جانب سے بھی تاحال اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں جاری حالیہ شورش کے دوران سنہ 2022 سے خواتین کو بھی بطور خودکش بمبار استعمال کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون شاری بلوچ نے اپریل 2022 میں خود کش حملہ کیا تھا جس میں چینی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اس کے بعد سمیعہ بلوچ نے جون 2023 میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر خود کش حملہ کیا تھا۔ گذشتہ سال اگست میں لسبیلہ شہر میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر ایک اور خاتون کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا۔
قلات کہاں واقع ہے؟
قلات بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جنوب میں اندازاً ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
اس ضلع کی آبادی مختلف بلوچ قبائل پر مشتمل ہے۔ اس ضلع کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے متاثر ہیں۔ گذشتہ ماہ کے اوائل میں ضلع کے علاقے منگیچر میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 18 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 12عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے تھے۔
چند روز قبل منگیچر بازار میں بلوچستان کے ضلع چاغی سے معدنیات لے جانی والی گاڑیوں کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اگرچہ قلات بم دھماکوں، سکیورٹی فورسز پر حملوں اور سنگین بدامنی کے واقعات طویل عرصے سے پیش آ رہے ہیں تاہم سرکاری حکام اس بات پر مصر ہیں کہ ماضی کے مقابلے میں حکومتی اقدامات سے سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہے۔