آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

16 دسمبر: اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں کے سکولوں میں چھٹی کا اعلان

یاد رہے کہ چھٹی کے حوالے سے متعلقہ شہروں کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیے میں اس تعطیل کی وجوہات نہیں بتائی گئیں تاہم آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ’کل بروز پیر16 دسمبر کو آرمی پبلک سکولز کے سانحے کی یاد میں تعطیل ہوگی۔‘

خلاصہ

  • وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فی الحال ہلاک یا لاپتہ پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنا ممکن نہیں۔
  • زیراعظم شہباز شریف نے یونان میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے کے بعد انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
  • وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یونان میں کشتی ڈوبنے کے واقعے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے پانچ روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
  • وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ’حقیقی آزادی تک تحریک جاری رہے گی۔ گولی کیوں چلائی اور کس کے حکم پر چلائی؟ حکومت کو جواب دینا پڑے گا۔'
  • جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے صدر یون سوک یول کے خلاف مواخذے کی قرارداد اکثریت سے منظورکر لی ہے جس کے بعد انھیں معطل کردیا گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. گذشتہ روز کی خبروں کا خلاصہ

    ’جو شخص فوج میں نہیں وہ اس کے ڈسپلن کا پابند کیسے ہو سکتا ہے؟‘

    سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے سویلینز کے مقدمے ملٹری کورٹس میں چلانے کے حوالے سے آئینی بینچ کے سامنے مقدمے کی سماعت کے دوران بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آرمڈ فورسز میں نہ ہونے والا فرد آرمڈ فورسز کے ڈسپلن کے نیچے کیسے آ سکتا ہے؟‘ جمعرات کو سپریم کورٹ کے سات رکنی آئینی بینچ نے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں ملٹری کورٹس کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کی۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے عام شہریوں کے ٹرائلز سے متعلق آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نو اور دس مئی کے واقعات میں گرفتار تمام ملزمان کے مقدمات فوجی عدالتوں سے فوجداری عدالتوں میں بھیجنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف پنجاب کی صوبائی حکومت اور وفاق کی جانب سے بھی اپیل دائر کی گئی تھی۔

    حکومتی وکیل خواجہ حارث کا دوران سماعت کہنا تھا کہ ’مخصوص حالات میں سویلین پر بھی آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے۔ عدالت کے پاس آرمی ایکٹ دفعات کو کالعدم کرنے کا اختیار نہیں۔‘

    شام میں باغیوں نے بشارالاسد کے والد کے مقبرے کو آگ لگا دی

    شام میں باغیوں نے معزول صدر بشارالاسد کے والد حافظ الاسد کے مقبرے کو تباہ کر دیا ہے۔ بی بی سی کی جانب سے جن ویڈیوز کی تصدیق کی جاسکی ہے ان میں مسلح افراد کو حافظ الاسد کے آبائی علاقے قرداحہ میں واقع ان کے مقبرے میں نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ مقبرے میں آگ لگی ہوئی ہے۔

    دریں اثنا شام میں باغی گروہ کا کہنا ہے کہ وہ بشار الاسد کے دور میں چلائے جانے والے بدنام زمانہ قید خانوں کو بند کر دیں گے اور ان افراد کی تلاش کریں گے جو قیدیوں پر تشدد اور ان کی ہلاکتوں کے ذمہ دار تھے۔

    خلیل الرحمان حقانی کابل دھماکے میں ہلاک

    طالبان حکومت کے پناہ گزینوں کے امور کے وزیر خلیل الرحمن حقانی کابل میں وزارت کی عمارت میں ہونے والے ایک دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ وہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے جو 1980 کی دہائی میں سوویت یونین کے خلاف مجاہدین کے اعلیٰ کمانڈروں میں سے ایک تھے۔

  2. توشہ خانہ کے دوسرے کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد, شہزاد ملک/بی بی سی اردو

    توشہ خانہ کے دوسرے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم کر دی گئی ہے۔

    سپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد کے جج شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ کے دوسرے کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی ہے۔

    توشہ خانہ ٹو کیس کی ابتدائی تحقیقات نیب نے کی تھی اور نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس ایف آئی اے کو منتقل ہوا تھا۔ ستمبر 2024 میں ایف آئی اے نے تحقیقات کے بعد چالان عدالت میں جمع کروایا تھا۔

    عمران خان اور بشریٰ بی بی پر کیا الزامات ہیں؟

    عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر الزامات یہ ہیں کہ انھوں نے 2021 میں دورۂ سعودی عرب کے دوران حاصل شدہ بلگاری جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا۔

    عدالت میں جمع کروائی گئی تفصیلات کے مطابق یہ بلگاری جیولری سیٹ وزیر اعظم کی اہلیہ کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بلگاری سیٹ میں ایک عدد بریسلٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلس بھی شامل تھا۔ سیٹ میں شامل انگوٹھی میں گلابی رنگ کا ہیرا جڑا تھا۔ بریسلٹ میں بھی گلابی ہیرے اور دیگر جواہرات جڑے تھے اور نیکلس میں بھی بیش قیمت موتی اور ہیرے لگے ہوئے تھے۔

    عمران خان اور بشریٰ بی بی پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ انھوں نے پرائیویٹ فرم سے ساڑھے سات کروڑ سے زائد مالیت کے جیولری سیٹ کی قیمت صرف 52 لاکھ روپے لگوائی اور 29 لاکھ روپے ادا کیے۔

    ان پر یہ بھی الزام ہے انھوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ فرم سے جیولری سیٹ کی قیمت 58 لاکھ روپے لگوائی اور 29 لاکھ روپے ادا کیے۔

    عدالت میں جمع کروائے گئے دفتر خارجہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے سے حاصل شدہ ریکارڈ کے مطابق بلگاری سیٹ کی اصل قیمت سات کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    آگے کیا ہو گا؟

    ہمارے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد عدالت میں دونوں فریقین کی جانب سے گواہان کی فہرست پیش کی جاتی ہے۔

    اس کے بعد وکلا کی جانب سے مخالف فریق کے گواہان سے جرح کی جاتی ہے جسے کراس ایگزامینیشن کہا جاتا ہے۔

    اس مرحلے کے بعد ملزمان کا 342 کا بیان ریکارڈ کیا جاتا ہے جس میں ملزمان سے پوچھا جاتا ہے کہ آیا وہ اپنی صفائی میں کچھ کہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

    اس حوالے سے فریقین کے وکلا حتمی دلائل ریکارڈ کرتے ہیں جس کے بعد عدالت کی جانب سے فیصلہ سنایا جاتا ہے۔

    نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ اس طرح کے مقدمات میں تاخیری حربے بھی آزمائے جاتے ہیں، تاہم عموماً فردِ جرم ہونے کے بعد جس تیزی سے سماعتیں ہو رہی ہیں اس بات کا امکان ہے کہ اس مقدمے میں فیصلہ اگلے ایک ماہ میں سنا دیا جائے۔