آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

’مناسب وقت‘ پر ایران پر عائد پابندیاں ہٹانا چاہوں گا: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا ایک نیا دور شروع کیا جا رہا ہے اور وہ ’مناسب وقت‘ پر ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

خلاصہ

  • اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے صدر ٹرمپ سے ملاقات کی اور انھیں نوبیل امن انعام کے لیے نوبیل کمیٹی کو بھجوایا گیا مراسلہ دکھایا
  • ملزم کا پولیس افسر کی تحویل میں میڈیا کے ذریعے اعتراف جرم اس کے خلاف استعمال نہیں ہو سکتا : سپریم کورٹ
  • ٹیکساس میں سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 104 ہو گئی، درجنوں اب بھی لاپتہ
  • پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا اور کاروبار کے دوران انڈیکس انڈیکس 133862 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا
  • اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے یمن کی تین بندرگاہوں بشمول حدیدہ، راس عیسیٰ اور سیف میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
  • کراچی میں گِرنے والی عمارت کے ملبے سے 27 لاشیں نکال لی گئیں۔ حکام کی جانب سے ریسکیو آپریشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. برکس اتحاد نے غزہ کو فلسطین کا ’اٹوٹ حصہ‘ قرار دے دیا

    برکس ممالک نے غزہ کی پٹی کو ’مقبوضہ فلسطینی سرزمین کا ایک اٹوٹ حصہ‘ قرار دے دیا۔

    اتوار کے روز جاری مشترکہ اعلامیہ میں برکس اتحاد میں شامل ممالک نے مغربی کنارے اور غزہ کو فلسطینی اتھارٹی کے تحت متحد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    اعلامیے میں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ان کی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حق کی توثیق کی گئی ہے۔

    برکس ممالک نے اسرائیلی حملوں اور انسانی امداد غزہ تک پہنچنے سے روکنے پر ’شدید تشویش‘ کا اظہار کیا ہے اور فاقہ کشی کو جنگ میں بطور ہتھیار استعمال کرنے کی مذمت کی ہے۔

    مشترکہ اعلامیے میں تمام فریقین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے حصول کے لیے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہوں۔

    بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فلسطین کی تعمیر نو میں فلسطینیوں کا مرکزی کردار ہونا چاہیے اور کسی بھی ایسی پالیسی کی مخالفت کا اظہار کیا گیا ہے جو فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کا باعث بنے۔

    مشترکہ بیان میں برکس اتحاد نے ایران کے خلاف فوجی حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا۔

    مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’ہم ایران کے خلاف 13 جون 2025 کو شروع ہونے والے فوجی حملوں کی مذمت کرتے ہیں جو کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں سلامتی کی صورت حال میں بگاڑ پیدا ہوا جس پر برکس ممالک کو شدید تشویش ہے۔

  2. بلوچستان میں بارشوں سے جڑے واقعات میں دو افراد ہلاک

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں گژصتہ 24 گھنٹوں میں آسمانی بجلی گرنے اور بارشوں سے جڑے واقعات میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق، موسیٰ خیل میں ایک شخص آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔

    ڈپٹی کممشنر لورالائی کی رپورٹ کے مطابق، کلی چاپلئی کے علاقے میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے دیوار گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

    پی ڈی ایم اے بلوچستان کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے مجموعی طور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد نو ہوگئی ہے جن میں دو مرد، چار خواتین اور تین بچے شامل ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے تین اضلاع قلعہ سیف اللہ، واشک اور سوراب میں بارشوں اور طوفانی ہواؤں سے متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ مختلف علاقے طوفانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے ٹیوب ویلوں پر لگے سولر پینلز کو نقصان پہنچا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے 9 جولائی تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    دریائے کابل کے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ، لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ

    دوسری جانب محمکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سات جولائی سے نو جولائی کے دوران دریائے کابل کے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا امکان ہے جبکہ لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے دو روز کے دوران دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر جبکہ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔

  3. اسرائیلی فوج کا غزہ میں سمندر کنارے واقع کیفے پر حملے میں حماس کے سینیئر کمانڈرز کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے غزہ میں سمندر کنارے واقع کیفے پر حملے میں حماس کے کئی سینیئر رہنما مارے گئے تھے۔

    گذشتہ ہفتے سوموار کے روز اسرائیلی فوج نے البقہ کیفے کو نشانہ بنایا تھا۔ خیموں کی مدد سے بنایا گیا یہ کیفے سمندر کے کنارے واقع تھا۔

    بی بی سی نے البقہ کیفے پر حملے میں ہلاک ہونے والے 29 افراد کی شناخت کی ہے جن میں کم از کم نو خواتین اور کئی بچے اور نوعمر افراد شامل ہیں۔

    اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں فنکار، طالب علم، سماجی کارکن، ایک خاتون باکسر، ایک فٹبالر اور کیفے کا عملہ شامل ہے۔

    اتوار کے روز اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں حماس کی بحریہ کے کمانڈر رمزی رمضان عبدالعلی صالح، حماس کے راکٹ یونٹ کے نائب سربراہ ہشام ایمن عطیہ منصور اور نسیم محمد سلیمان ابو صباح شامل ہیں۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ رمزی رمضان عبدالعلی صالح حماس نے ’سمندری دہشت گرد حملوں‘ کی قیادت اور منصوبہ بندی میں کردار ادا کیا تھا۔

  4. غزہ میں جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا پہلا دور بغیر کسی پیش رفت کے ختم

    مذاکراتی عمل سے آگاہ ایک فلسطینی عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ جنگ بندی مذاکرات کا تازہ ترین دور بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوگیا ہے۔

    عہدیدار کے مطابق یہ اجلاس تقریبا ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہا اور دوحہ کی دو الگ الگ عمارتوں میں منعقد ہوا۔

    قطری اور مصری ثالثوں کے ذریعے دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات اور وضاحتوں کا تبادلہ کیا گیا لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

    عہدیدار نے مزید کہا کہ مذاکرات پیر کو دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے کیونکہ ثالث رکاوٹوں کو دور کرنے اور دونوں فریقوں کے مابین خلا کو کم کرنے کی کوشش میں ہر وفد کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی وفد حماس کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے کافی حد تک مجاز نہیں تھا کیونکہ اس کے پاس ’کوئی حقیقی طاقت‘ ہیں تھی۔

    بالواسطہ مذاکرات کا تازہ ترین دور ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسرائیلی وزیر اعظم بینامن نتن یاہو ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے واشنگٹن جا رہے ہیں۔

    نتن یاہو نے کہا کہ ان کے خیال میں پیر کو امریکی صدر کے ساتھ ان کی ملاقات سے مزید یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں میں پیش رفت میں مدد ملے گی۔

    انھوں نے کہا کہ انھوں نے اپنے مذاکرات کاروں کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ ان شرائط کے تحت جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچیں جن کو اسرائیل نے قبول کیا ہے۔

    حماس نے کہا ہے کہ اس نے جنگ بندی کی تازہ ترین تجویز پر مثبت جذبے کے ساتھ ردعمل ظاہر کیا ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ اب بھی دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات موجود ہیں کسی معاہدے پر اتفاق سے پہلے انھیں دور کرنا ضروری ہے۔

    فی الحال، حماس اب بھی بنیادی طور پر انہی شرائط پر قائم ہے جن پر وہ پہلے زور دے چکی ہے جس میں کسی بھی جنگ بندی کے اختتام پر تمام حملوں کے خاتمے کی ضمانت اور اسرائیلی فوجیوں کا انخلا بھی شامل ہے۔ نتن یاہو کی حکومت پہلے بھی اسے مسترد کر چکی ہے۔

  5. اسرائیل کے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے

    اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے یمن کی تین بندرگاہوں بشمول حدیدہ، راس عیسیٰ اور سیف میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔

    یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب اسرائیلی فوج نے ان علاقوں میں شہریوں کے انخلا کے احکامات جاری کیے تھے، جس میں ممکنہ فضائی حملوں کا انتباہ دیا گیا تھا۔

    اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی ہے کہ حوثیوں کے زیر کنٹرول مقامات پر حملوں کا نشانہ بننے والے اہداف میں ایک پاور سٹیشن اور تجارتی جہاز گلیکسی لیڈر بھی شامل ہے۔

    دو سال قبل باغی گروپ کی جانب سے اغوا کیے جانے والے اس جہاز کے بارے میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسے بین الاقوامی پانیوں میں بحری جہازوں کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

    یمن میں حوثیوں کے زیر انتظام ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں حدیدہ کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

    کاٹز نے کہا کہ یہ حملے ’آپریشن بلیک فلیگ‘ کا حصہ ہیں اور خبردار کیا کہ حوثی ’اپنے اقدامات کی بھاری قیمت ادا کرتے رہیں گے‘۔

    انھوں نے کہا کہ ’یمن کی قسمت وہی ہے جو تہران کی قسمت ہے۔ جو کوئی بھی اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے نقصان پہنچایا جائے گا اور جو بھی اسرائیل کے خلاف ہاتھ اٹھائے گا اس کا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔‘

    اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے باقاعدگی سے اسرائیل پر میزائل داغتے رہے ہیں اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملے کرتے رہے ہیں۔

    اسرائیلی فضائیہ کا کہنا ہے کہ یمن کی بندرگاہوں پر تازہ ترین حملے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل اور اس کے شہریوں پر بار بار کیے جانے والے حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان بندرگاہوں کو اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے خلاف دہشت گردی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایرانی حکومت سے ہتھیاروں کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حملے کے فوری بعد حوثی باغیوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے فضائی دفاع نے اسرائیل کے حملوں کا میزائلوں سے مقابلہ کیا ہے۔

    اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس پاور سٹیشن جو قریبی شہروں ایب اور تعز کو بجلی فراہم کرتا ہے، کو بھی نشانہ بنایا۔

    حدیدہ پر یہ تازہ ترین حملہ مئی اور جون میں اسرائیلی بحریہ کے جہازوں کے بندرگاہی شہر میں نشانہ بنانے کے بعد ہوا ہے۔

    حدیدہ بندرگاہ، جو لاکھوں یمنیوں کے لیے خوراک اور دیگر انسانی امداد کا مرکزی داخلی راستہ ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن چکی ہے۔

  6. بریکنگ, امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے کم از کم 78 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ

    امریکی ریاست ٹیکساس کے وسطی علاقے میں سیلاب سے کم از کم 78 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ اب بھی 41 افراد لاپتہ ہیں۔

    کم از کم 28 بچیوں سمیت 68 ہلاکتیں کیر کاؤنٹی میں ہوئیں، جہاں دریا کے کنارے لڑکیوں کا ایک کیمپ اس کی زد میں آیا۔

    دس لڑکیاں اور کیمپ مسٹک سے تعلق رکھنے والے ایک کاؤنسلر اب بھی لاپتہ ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ یقینی ہے۔

    اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران اس علاقے میں مزید طوفان آنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو پہلے ہی کیچڑ اور ملبے سے گزرتے ہوئے زہریلے سانپوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

    سیلاب کے تین دن بعد، ٹیکساس کی حالیہ تاریخ میں سب سے بڑی تلاش اور بچاؤ کی کوششیں اب ریکوری آپریشن میں بدل رہیں ہیں۔

    کیر کاؤنٹی میں ملنے والی لاشوں میں سے 18 بالغوں اور 10 بچوں کی باضابطہ طور پر شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔

    ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے اتوار کے روز کہا ہے کہ حکام ہر لاپتہ افراد کی تلاش کو یقینی بنائیں گے۔

    ایبٹ نے علاقے کا دورہ کرنے کے ایک دن بعد کہا، ’یہ دیکھنا کسی خوفناک بات سے کم نہیں تھا کہ ان چھوٹے بچوں پر کیا گزری۔‘

    تلاش کا ایک اہم مرکز کیمپ مسٹک ہے، جو دریائے گواڈلوپ کے کنارے واقع لڑکیوں کا ایک مقبول سمر کیمپ ہے، جسے کافی نقصان پہنچا ہے۔

    یہ حادثہ جمعے کے روز اس وقت پیش آیا جب صرف 45 منٹ کے دوران ندی 26 فٹ بلند ہو گئی اس وقت کیمپ کے زیادہ تر لوگ سو رہے تھے۔

    ہلاک ہونے والوں میں کیمپ کی کئی نوجوان لڑکیاں اور کیمپ کے طویل عرصے سے ڈائریکٹر رچرڈ ’ڈک‘ یسٹ لینڈ بھی شامل ہیں۔

    سابق نیوی سیل اور ریسکیو گروپ کے رضاکار گریگ فرولک زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے کی کوششوں میں مدد کر رہے ہیں۔

    بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سنا ہے کہ متاثرین اس مقام سے آٹھ میل نیچے تک پائے جاتے ہیں جہاں کیمپ مسٹک تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے کیمپ کی بچیوں کے کپڑے اور سامان دریا کے اوپر اور نیچے ہر جگہ بکھرے ہوئے دیکھا ہے۔

    صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز کیر کاؤنٹی کو آفت زدہ قرار دیا جس کے بعد ٹیکساس میں فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کو فعال کردیا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ شاید جمعے کو ریاست کا دورہ کریں گے۔ ٹرمپ نے اتوار کے روز نیو جرسی میں کہا، ’ہم ٹیکساس کے نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اور یہ ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جو بہت خوفناک ہے۔‘

  7. لیاری میں عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی، ریسکیو آپریشن تیسرے روز ختم کر دیا گیا

    پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں جمعے کے روز رہائشی عمارت گرنے کے نتیجے میں 27 افراد کے ہلاکت کی تصدیق کے بعد جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحسیب خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لیاری کے علاقے میں منہدم ہونے والے عمارت کے حوالے سے ریسکیو آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے 27 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

    ان کے مطابق ریسکیو آپریشن تقریبا 53 گھنٹے جاری رہا اور اس دوران ریسکیو 1122 کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل عابد جلال الدین شیخ جائے حادثہ پر موجود آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔

  8. ٹیکساس میں سیلاب کے باعث 21 بچوں سمیت درجنوں ہلاکتیں، فلڈ وارننگ نہ دیے جانے پر سوالات اُٹھنے لگے

    ہمیں امریکہ میں اہلکاروں کی جانب سے ٹیکساس کے فلیش فلڈز میں ہونی والی ہلاکتوں کے بارے میں اپ ڈیٹس مل رہی ہیں اور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک ریاست کی پانچ کاؤنٹیز میں 68 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس میں 21 بچے بھی شامل ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹیکساس میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہلاک اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ ایک ناقابل تصور المیے کا سامنا کر رہے ہیں۔ امریکی کوسٹ گارڈز نے ابتدائی طور پر لوگوں کی مدد کے لیے آنے والے فرسٹ ریسپانڈرز کے ساتھ مل کر 850 سے زائد لوگوں کی جانیں بچائیں۔‘

    آسٹن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا تھا کہ ’سیلاب کی وجہ سے انتہائی غیر یقینی صورتحال کا سامنا تھا کہ جس میں بہت سے لوگ سیلاب اور تیز پانی میں بہہ گئے۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ ’مقامی سطح پر حکام کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی ہے اور خدشات کو ’جتنی جلدی ممکن ہو‘ دور کرنے کے لیے مشترکہ کوشش کی جا رہی ہے۔‘

    ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا تھا کہ ’ہم اس بات کو یقینی بنائیں کے کہ اپنے تمام وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے ہم لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری رکھیں گے۔‘

    فلڈ وارننگ نہ دیے جانے پر اُٹھنے والے سوالات

    جب شہر کے حکام پریس سے سوالات کا جواب دے رہے ہیں تو سٹی منیجر ڈالٹن رائس سے پوچھا گیا کہ ’سیلاب سے پہلے لوگوں کو کیوں متنبہ نہیں کیا گیا اور انھیں یہ کیوں نہیں کہا گیا کہ وہ اس علاقے سے نکل جائیں؟‘

    رائس کا اس پر جواب تھا کہ ’اس وقت توجہ خاندانوں کو دوبارہ ملانے کی ہے اور جب تک ہم انھیں ڈھونڈ نہیں لیتے ہمارا کام جاری رہے گا۔ (یعنی لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے)۔

    اپنے اس بیان کے بعد سٹی منیجر ڈالٹن رائس پریس کانفرنس سے اُٹھ کر چلے جاتے ہیں۔ تاہم اُن کے جانے کے بعد بہت سے سوالات سُننے کو ملے کے آخر ’فلڈ وارننگ کیون نہیں دی گئی؟‘

  9. امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے 59 افراد ہلاک، 27 بچوں سمیت متعدد لاپتہ

    امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے وسطی علاقے میں سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 59 ہو گئی ہے جبکہ 27 بچوں سمیت متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے سینکڑوں امدادی کارکن تعینات ہیں۔

    سیلاب سے سب زیادہ ٹیکساس کی کیر کاؤنٹی متاثر ہوئی ہے جہاں اب تک 43 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ دریائے گواڈیلوپ کے کنارے ایک یوتھ کیمپ کے 27 بچے تاحال لاپتہ ہیں۔

    کیر کاؤنٹی کے شیرف لیری لیتھا کا کہنا ہے کہ تلاش کا کام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام افراد کو ڈھونڈ نہیں لیا جاتا۔

    اس کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ٹریوس کاؤنٹی اور ٹام گرین کاؤنٹی میں بھی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

    حکام کے مطابق، اب تک تقریبا 850 افراد کو بچایا جا چکا ہے۔ اب بھی وسطی ٹیکساس میں ہفتے کے اختتام پر سیلاب کی متعدد وارننگز جاری کی گئی ہیں۔

    ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے سنیچر کی سہ پہر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انھوں نے تلاش کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے ایک توسیعی اعلامیے پر دستخط کیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک کوشش کریں گے کہ ’اس واقعے کا شکار ہونے والے ہر ایک شخص‘ کا پتہ لگایا جائے۔

  10. خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے چار افراد ہلاک، سیلابی ریلے میں بہنے والے ایک بچے کو بچا لیا گیا: پی ڈی ایم اے

    قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر چار افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد دو ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 نے فلیش فلڈ میں بہنے والے دو بچوں میں سے ایک کو زندہ بچا لیا ہے۔

    حادثات صوبے کے مختلف اضلاع بشمول بونیر، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں پیش آئے جبکہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں صوبے میں ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہوا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کا حالیہ سلسلہ 11 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے اور ضلعی انتظامیہ کو اس متعلق پہلے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام کسی بھی حادثے کی اطلاع 1700 پر دیں۔

  11. کراچی میں گِرنے والی عمارت کے ملبے سے 27 لاشیں نکال لی گئیں، ریسکیو آپریشن آخری مراحل میں ہے: حکام

    پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں جمعے کے روز رہائشی عمارت گرنے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی ہے جبکہ ریسکیو کا عمل مکمل ہونے میں اب بھی کئی گھنٹے لگیں گے۔

    ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق، کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں منہدم عمارت ہونے والی عمارت سے اب تک 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

    ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحسیب کا کہنا ہے کہ ریسکیو کا عمل مکمل ہونے میں اب بھی تین سے پانچ گھنٹے لگیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں اس اس وقت تک نہیں روکی جا سکتیں جب تک تمام ملبہ نہ ہٹا لیا جائے اور حتمی سرچ آپریشن نہ کر لیا جائے۔

    دوسری جانب فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ لیاری میں عمارت کے منہدم ہونے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 20 افراد کی میتیں تدفین کے لیے بلدیہ مواچھ گوٹھ مشوواری قبرستان روانہ کردی گئی ہیں۔

  12. اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے بعد آیت اللہ خامنہ ای کی پہلی بار عوامی تقریب میں شرکت

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کے ساتھ ایران کے تنازع کے آغاز کے بعد پہلی بار عوامی سطح پر کسی تقریب میں شرکت کی ہے۔

    سرکاری ٹیلی ویژن فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ سنیچر کے روز عاشورہ سے قبل ایک تقریب کے دوران ایک مسجد میں نمازیوں کو سلام کر رہے ہیں۔

    خامنہ ای کی آخری مرتبہ اسرائیل کے ساتھ 13 جون کو شروع ہونے والے تنازعے کے دوران ریکارڈ شدہ خطاب میں نظر آئے تھے جس کے دوران اعلی ایرانی کمانڈر اور جوہری سائنسدان ہلاک ہوئے تھے۔

    اسرائیل نے ایران میں جوہری اور فوجی تنصیبات پر اچانک حملہ کیا جس کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کو نشانہ بنایا۔

    اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران خامنہ ای تین ویڈیو پیغامات میں ٹی وی پر نمودار ہوئے اور قیاس آرائیاں کی گئیں کہ وہ ایک بنکر میں چھپے ہوئے ہیں۔

    سنیچر کے روز ایرانی میڈیا کی کوریج میں خامنہ ای کی موجودگی چھائی رہی اور فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے حامی انھیں ٹیلی ویژن پر دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

    خامنہ ای کو سینیئر عالم دین محمود کریمی کی طرف متوجہ ہوتے اور ان سے یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ’اے ایران‘ کا ترانہ گائیں۔

    حب الوطنی کا یہ گیت اسرائیل کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران خاص طور پر مقبول ہوا تھا۔

    ایران کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ یہ کلپ تہران کی امام خمینی مسجد میں فلمایا گیا ہے جس کا نام بانی انقلاب اسلامی کے نام پر رکھا گیا ہے۔

    ایرانی ٹی وی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ خامنہ ای کی عوام میں واپسی پر اپنے رد عمل کی ویڈیوز بھیجیں۔

    ان کی موجودگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شیعہ اکثریتی ملک میں محرم کے مہینے میں سوگ منایا جاتا ہے، جس میں روایتی طور پر سپریم لیڈر شرکت کرتے ہیں۔

    عاشورہ محرم الحرام کی 10 ویں تاریخ کو منایا جاتا ہے جس کے دوران شیعہ مسلمان پیغمبر اسلام کے نواسے حسین کی وفات کی یاد مناتے ہیں۔

    26 جون کو، سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے پہلے سے ریکارڈ شدہ بیانات میں خامنہ ای نے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبے کے باوجود ایران اسرائیل کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔

    امریکہ نے 22 جون کو ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کر کے اس جنگ میں شمولیت اختیار کی۔

    اس آپریشن میں 125 امریکی فوجی طیارے شامل تھے اور تین جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    ایران کا کہنا ہے کہ 12 روزہ جنگ کے دوران 900 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

  13. ایلون مسک کا ’قوم کی آزادی لوٹانے کے لیے امریکہ پارٹی‘ بنانے کا اعلان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ڈرامائی اختلافات کے چند ہفتوں بعد ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ ایک نئی سیاسی جماعت بنا کر رہے ہیں۔

    ارب پتی ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ انھوں نے امریکہ پارٹی قائم کی ہے اور اسے رپبلکن اور ڈیموکریٹک دو جماعتی نظام کے لیے ایک چیلنج کے طور پر پیش کیا ہے۔

    تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا پارٹی امریکی انتخابی حکام کے ساتھ باضابطہ طور پر رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔

    مسک امریکہ سے باہر پیدا ہوئے تھے اور اس وجہ سے وہ امریکی صدارت کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے نااہل ہیں، انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس پارٹی کی قیادت کون کرے گا۔

    انھوں نے سب سے پہلے ٹرمپ کے ساتھ عوامی جھگڑے کے دوران ایک پارٹی بنانے کا امکان ظاہر کیا تھا جس کی وجہ سے انھوں نے انتظامیہ میں اپنا کردار چھوڑ دیا اور اپنے سابق اتحادی کے ساتھ ایک سرِ عام ایک خوفناک جھگڑے میں ملوث ہوگئے۔

    اس دوران مسک نے ایکس پر ایک سروے پوسٹ کیا جس میں صارفین سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ میں کوئی نئی سیاسی جماعت ہونی چاہیے۔

    سنیچر کے روز اپنی پوسٹ میں اس رائے شماری کا حوالہ دیتے ہوئے مسک نے لکھا ’ آپ ایک نئی سیاسی جماعت چاہتے ہیں اور آپ کے پاس یہ ہوگی۔‘

    انھوں نے کہا کہ جب ہمارے ملک کو بربادی اور بدعنوانی سے دیوالیہ کرنے کی بات آتی ہے تو ہم جمہوریت میں نہیں بلکہ یک جماعتی نظام میں رہتے ہیں۔

    ’آج، امریکہ پارٹی آپ کو آپ کی آزادی واپس دینے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔‘

    سنیچر تک وفاقی الیکشن کمیشن نے ایسی دستاویزات شائع نہیں کیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی باضابطہ طور پر رجسٹرڈ ہے۔

    اگرچہ امریکی سیاست میں روایتی دو جماعتی نظام سے باہر ہائی پروفائل شخصیات موجود ہیں، لیکن ان کے لیے ملک بھر میں اتنی مضبوط مقبولیت حاصل کرنا مشکل ہے کہ وہ موجودہ جماعتوں کے لیے حقیقی خطرہ پیدا کرسکیں۔

  14. حماس کے ناقابلِ قبول مطالبات کے باوجود مذاکرات کے لیے تیار ہیں: اسرائیلی وزیر اعظم

    اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی تازہ ترین تجویز پر حماس کے ساتھ بات چیت کے لیے اتوار کو ایک وفد قطر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ انھوں نے یہ دعوت قبول کر لی ہے حالانکہ حماس قطر، امریکہ اور مصر کے ثالثوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے منصوبے میں ’ناقابل قبول‘ تبدیلیاں لانا چاہتی ہے۔

    جمعے کی رات حماس نے کہا تھا کہ اس نے 60 روزہ جنگ بندی کی تجویز پر ’مثبت ردعمل‘ دیا ہے اور وہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    تاہم، ایک فلسطینی عہدیدار نے کہا کہ گروپ نے ترامیم کا مطالبہ کیا ہے جس میں اس بات کی ضمانت بھی شامل ہے کہ اگر مستقل جنگ بندی پر بات چیت ناکام ہوتی ہے تو حملے دوبارہ شروع نہیں ہوں گے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ حماس جنگ بندی کی تجویز میں جو تبدیلیاں کرنا چاہتی ہے وہ اسرائیل کے لیے ناقابل قبول ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’صورتحال کے جائزے کی روشنی میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے ہدایت کی ہے کہ مذاکرات کی دعوت قبول کی جائے اور قطری تجویز کی بنیاد پر ہمارے یرغمالیوں کی واپسی کے لیے رابطے جاری رکھے جائیں جس پر اسرائیل نے رضامندی ظاہر کی ہے۔‘

    اس سے قبل ایک اسرائیلی عہدیدار نے مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ حماس نے جس طرح جواب دیا ہے اس میں ’کچھ کام کرنے کی ضرورت ہے‘۔

    امکان ہے کہ دوحہ میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں باقی ماندہ خلا کو پر کرنے کے لیے ثالثوں کا کام ختم ہو جائے گا۔

    ان معاملات پر گہری نظر رکھنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں گے، جو حالیہ دنوں میں کسی معاہدے کے امکانات کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

    جمعے کے روز حماس کے ردعمل کے بارے میں بریفنگ دیے جانے سے قبل انھوں نے کہا تھا کہ یہ ’اچھی بات‘ ہے کہ یہ گروپ مثبت ہے اور ’اگلے ہفتے غزہ کے ساتھ معاہدہ ہو سکتا ہے۔‘

    ٹرمپ پیر کے روز نتن یاہو سے ملاقات کریں گے اور یہ واضح ہے کہ وہ اس وقت کسی اہم پیش رفت کا اعلان کرنا چاہیں گے۔

    حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ غزہ میں سنیچر کے روز اسرائیلی حملوں اور فائرنگ سے کم از کم 35 فلسطینی ہلاک ہوئے۔

    قریبی شہر خان یونس کے ایک ہسپتال کے مطابق المواسی کے علاقے میں خیموں پر بمباری کے نتیجے میں ایک ڈاکٹر اور ان کے تین بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے۔

  15. امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے 15 بچیوں سمیت 43 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

    امریکی ریاست ٹیکساس کے وسطی علاقے میں سیلاب سے 15 بچوں سمیت 43 افراد کی ہلاکت کے بعد زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے سینکڑوں امدادی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

    کیر کاؤنٹی کے شیرف لیری لیتھا نے وعدہ کیا کہ ’یہ کام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ ہر کوئی نہیں مل جاتا۔ ‘

    لاپتہ لوگوں کی تلاش کے کام کے لیے دوسری رات کے دوران کاؤنٹی حکام کا کہنا ہے کہ ندی کے کنارے واقع ایک کیمپ سے 27 بچیاں لاپتہ ہیں۔

    کچھ والدین نے سوشل میڈیا پر اپنے بچوں کی موت کی تصدیق کی۔

    اب تک تقریبا 850 افراد کو بچایا جا چکا ہے۔ اب بھی وسطی ٹیکساس میں ہفتے کے اختتام پر سیلاب کی متعدد وارننگز جاری کی گئی ہیں۔

    ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے سنیچر کی سہ پہر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انھوں نے تلاش کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے ایک توسیعی اعلامیے پر دستخط کیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک کوشش کریں گے کہ ’اس واقعے کا شکار ہونے والے ہر ایک شخص‘ کا پتہ لگایا جائے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’جب کام مکمل ہوجائے گا تو ہم رک جائیں گے‘۔

    انھوں نے بتایا کہ امدادی کارکن دریائے گواڈلوپ کے اوپر اور نیچے جا رہے ہیں تاکہ ان لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا سکے جو ممکنہ طور پر سیلاب میں بہہ گئے تھے۔

    امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

    ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوئم نے کہا کہ وفاقی حکومت تلاش کی کوششوں میں مدد کے لیے کوسٹ گارڈ تعینات کرے گی۔

    ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وسطی ٹیکساس میں اس ہفتے کے آخر میں مزید سیلاب آسکتے ہیں۔

    نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز آنے والے سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے کچھ علاقوں میں 10 انچ تک بارش کا امکان تھا۔

  16. گذشتہ روز کی اہم خبربوں کا خلاصہ

    • کراچی کے علاقے لیاری میں جمعے کے روز گرنے والی رہائشی عمارت سے متعلق ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان حسن خان کا کہنا ہے کہ اموات کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ تاہم اس سے قبل ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جائے حادثہ پر 80 فیصد آپریشن مکمل ہو چکا ہے۔
    • پاکستان کے محکمہِ موسمیات کے مطابق اتوار دس محرم الحرام کے موقعے پر ملک کے شمالی علاقوں بشمول کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی گرچ چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے انتباہ جاری کیا ہے کہ موسلا دھار بارشیں سیلابی ریلوں کا باعث بن سکتی ہیں۔
    • امریکی ریاست ٹیکساس میں جمعے کے روز اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور اور لڑکیوں کے ایک کیمپ میں موجود 25 افراد لاپتہ ہو گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوم آزادی کے موقع پر پیش آنے والے اس سانحے کو ’حیران کن‘ اور ’خوفناک‘ قرار دیا ہے۔ ٹیکساس کے حکام لاپتہ افراد کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کر سکے۔
    • لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ جوہر ٹاؤن لاہور میں بغیر لائسنس پالا گیا پالتو شیر شہریوں پر حملہ آور ہونے کا واقعے کے بعد شیر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ شیر کے مالکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
  17. بی بی سی اردو سروس کے لائیو پیج پر خوش آمدید

    سنیچر پانچ جولائی کی خبروں کے لیے یہاں کلک کریں