مشرق وسطیٰ میں جاری بحران روس کو تیل اور گیس کی برآمدات سے زیادہ آمدنی کا موقع دے رہا ہے: ماہرین
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری بحران سے روس کو تیل اور گیس کی برآمدات کی مد میں زیادہ کمائی کا موقع دے رہا ہے۔
روس عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں خلل اور اس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ روسی تیل پر پابندیوں میں نرمی سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر تھنک ٹینک کے مطابق، 28 فروری کو ایران پر اسرائیلی-امریکی فضائی حملوں کے شروع ہونے کے ایک ہفتے بعد، روس کی اوسط یومیہ ایندھن کی برآمد سے ہونے والی آمدنی کا تخمینہ یومیہ 59 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھی جو فروری کے یومیہ اوسط سے 14 فیصد زیادہ ہے۔
اس تھنک ٹینک سے تعلق رکھنے والے ویبھو راگھونندن کا کہنا ہے کہ اس میں مزید اجافے کا ہی امکان ہے۔ اس سے یوکرین پر حملے کے باعث روس پر عائد پابندیوں کی وجہ سے ولادیمیر پوتن کو ہونے والے نقصان کی تلافی ہو سکتی ہے۔
’گذشتہ ہفتے کے دوران اچانک بہت زیادہ فائدہ ہوا ہے، اور یہ صرف وقت کے ساتھ بڑھے گا۔ یہ بحران جتنا طویل ہو گا، روس کے لیے اتنا ہی بہتر ہے۔‘