آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں بادل پھٹنے سے 42 ہلاکتیں، متعدد افراد لاپتہ

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں امدادی تنظیم ریڈ کراس کے ضلع کشتوار میں ڈسٹرکٹ سیکرٹری اصغر علی شیخ کے مطابق جمعرات کے روز بادل پھٹنے کے واقع میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔ تاہم اب تک اس حادثے میں 102 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں علاقے کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے اور متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔

خلاصہ

  • انڈین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک حالیہ بیان میں پاکستان کو اپنے بیانات میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
  • انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے جنوبی ضلع کشتواڑ میں جمعرات کو جاری بارش کے دوران اچانک بادل پھٹنے سے ایک دور دراز 'چشوتی' نامی گاؤں میں یشتر گھر پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔
  • پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں مسلح شدت پسندوں نے تین مختلف اضلاع میں پولیس اہلکاروں پر حملے کیے ہیں جس میں ایڈیشنل ایس ایچ سمیت چھ اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔
  • انڈیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے 'انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن' کے تحت چار نئے سیمی کنڈکٹر فیکٹریوں کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جسے الیکٹرانکس اور چِپ کی پیداوار میں خود انحصاری کی جانب بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
  • عرب لیگ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نتن یاہو کا گریٹر اسرائیل سے متعلق بیان 'توسیع پسند اور جارحانہ عزائم کی عکاسی' ہے
  • پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان

لائیو کوریج

  1. انڈیا کے دفاعی تحقیق کے ادارے سے منسلک شخص ’آئی ایس آئی‘کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار, شکیل اختر، بی بی سی

    انڈیا کی ریاست راجستھان میں پولیس نے ملک کے دفاعی تحقیق کے ادارے ’ڈی آر ڈی او‘ کے ایک گیسٹ ہاؤس کے مینیجر مہندر پرساد کو پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ مہندر پرساد پاکستان کی خفیہ ایجنسی ’آئی ایس آئی‘ کو اہم معلومات فراہم کر رہے تھے۔

    ’ڈی آر ڈی او‘ انڈیا کی وزارت دفاع کے تحت چلنے والا ادارہ ہے، جو عسکری مقاصد کے لیے ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ کا کام کرتا ہے۔

    راجستھان پولیس کے سی آئی ڈی محکمے کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر وشنو کانت نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ انڈیا کے یوم آزادی (15 اگست) کے پیش نظر حکام ملک دشمن اور تخریبی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے سحت نگرانی رکھے ہوئے تھے اور نگرانی کے اسی عمل کے دوران مہندر پرساد کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی ’آئی ایس آئی‘ کے لیے جاسوسی کرنے کے شبے میں ایک ہفتہ پہلے حراست میں لیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ پولیس اور محتلف خفیہ ایجینسیوں کے اہلکاروں نے جے پور میں واقع سنٹرل انٹروگیشن سینٹر میں ملزم سے پوچھ گچھ کی اور اُن کے فون کی تفصیلات کی جانچ کے بعد انھیں گذشتہ روز باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔

    راجھستان پولیس کا دعویٰ ہے کہ ’ملزم پاکستانی انٹیلیجنس ہینڈلر سے مسلسل رابطے میں تھے۔‘ ملزم پرساد کو بدھ کے روز (آج) ‏عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔پرساد کے خلاف جاسوسی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    32 سالہ مہندر پرساد کا تعلق شمالی ریاست اترا کھنڈ سے ہے۔ وہ سرحدی ضلع جیسلمیر کے چندن فیلڈ فائرنگ رینج میں واقع ڈی آر ڈی او کے گیسٹ ہاؤس کے مینیجر تھے۔

    پولیس کا الزام ہے کہ مہندر پرساد فائرنگ رنیج میں میزائلوں اور دوسرے ہتھیاروں کی ٹسٹنگ کے لیے آنے والے ’ڈی آر ڈی او‘ کے سائنسدانوں اور انڈین فوج کے اہلکاروں کے بارے میں مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ایجنٹوں کو خفیہ معلومات فراہم کرتے تھے ۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم پاکستان کی خفیہ ایجنسی سے سوشل میڈیا کے توسط سے رابطے میں تھے۔

    ریگستانی علاقے میں واقع چندن فیلڈ فائرنگ رینج انڈیا کے دفا‏عی ساز و سامان کی ٹسٹنگ کا ایک بہت اہم مرکز ہے۔ یہاں آنے والے سائنسدان، ماہرین اور فوجی افسران یہاں واقع گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرتے ہیں۔

    یہاں پوکھرن فیلڈ فائرنگ رینج میں میزائلوں اور دوسرے ہتھیاروں کی ٹسٹنگ کے لیے مامور سائنسدان بھی آتے جاتے رہتے ہیں۔ اس کے اطراف کے علاقوں میں انڈیا بری فوج اور فضائیہ کے ایکٹیو ملٹری خطے بھی شامل ہیں۔ یہاں مسلسل فوجی اور دفاعی سرگرمیوں کے سبب یہ خطہ انتہائی سکیورٹی والے زون میں شامل ہے۔

  2. بحریہ ٹاون پراپرٹییز نیلامی کیس: چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ کا کیس سننے سے انکار

    چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بحریہ ٹاؤن کے اثاثوں کی نیلامی کا کیس سننے سے انکار کر دیا ہے۔

    بدھ کے روز سماعت کے دوران تین رکنی بینچ نے کیس پرانے بینچ کو بھجوا دیا۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی کا کہنا تھا کہ مناسب ہوگا یہ کیس پرانا بینچ سنے۔

    دورانِ سماعت بحریہ ٹاون کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آگیا ہے اور وہ تفصیلی فیصلے پر اپنے مؤکل کی جانب سے اضافی معروضات جمع کراونا چاہتے ہیں۔

    عدالت نے اضافی معروضات جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ یہ کیس سن رہا تھا اور اس بینچ نے بحریہ ٹاؤن کے اثاثوں کی نیلامی روکنے سے متعلقُ فوری حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کردیا تھا اور ساتھ یہ بھی حکم دیا تھا کہ متفرق درخواستوں کی بجائے اصل مقدمہ عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔

  3. امریکہ اور پاکستان کا بی ایل اے سمیت دہشت گردی کے تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے موثر حکمتِ عملی اپنانے پر زور

    امریکہ اور پاکستان کے درمیان 12 اگست 2025 کو اسلام آباد میں امریکہ پاکستان انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کا تازہ ترین دور منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے وفود نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، نام نہاد دولتِ اسلامیہ خراسان، اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی طرف سے لاحق دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے موثر حکمتِ عملی اپنانے کی اہم اہمیت پر زور دیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس مکالمے کی مشترکہ صدارت اقوام متحدہ میں پاکستان کے خصوصی سیکرٹری نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری ڈی لوگرفو نے کی۔

    امریکہ نے خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی دہشت گرد تنظیموں پر قابو پانے میں پاکستان کی مسلسل کامیابیوں کو سراہا۔ اس کے علاوہ، امریکہ نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات بشمول بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردانہ حملے اور خضدار میں ایک سکول بس پر بم دھماکے میں عام شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں وفود نے سکیورٹی چیلنجوں کا جواب دینے اور دہشت گردی کے مقاصد کے لیے نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی فریم ورک اور صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں نے انسداد دہشت گردی کے لیے موثر اور پائیدار حکمتِ عملی کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر مل کر کام کرنے کے اپنے ارادے کا اعادہ کیا۔

    خیال رہے کہ سوموار کے روز امریکہ کے محکمہ خارجہ نے بلوچستان لبریشن آرمی اور اس کے مجید بریگیڈ گروپ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔

    اسی بارے میں پڑھیے

    امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق ’مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کی سابقہ خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گردوں کی فہرست (ایس ڈی جی ٹی) میں شامل کیا جا رہا ہے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بی ایل اے کو متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد 2019 میں ایس ڈی جی ٹی میں شامل کیا گیا تھا۔ 2019 کے بعد سے ، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے مزید حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔‘

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ’ 2024 میں بی ایل اے نے دعوی کیا کہ اس نے کراچی میں ہوائی اڈے اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس کے قریب خودکش حملے کیے تھے۔ 2025 میں ، بی ایل اے نے مارچ میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کے ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس حملے میں 31 شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا اور300 سے زیادہ ٹرین مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔‘

  4. این ڈی ایم اے کی آج سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی، سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب اور اربن فلڈنگ کی پیش گوئی کی ہے۔

    این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا کی ریاستوں گجرات اور ہما چل پردیش میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں مون سون کا ایک فعال سپیل متحرک ہو سکتا ہے جس سے ملک کے بیشتر حصوں کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

    این ای او سی کا کہنا ہے کہ مون سون کے اس نئے سلسلے کے نتیجے میں دریائے سندھ، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے جبکہ تونسہ، گڈو، مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقام پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ مون سون بارشوں کے نتیجے میں تربیلا ڈیم 96 فیصد اور منگلا ڈیم 64 فیصد تک بھر چکے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 15 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان اور خانیوال میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے جبکہ ساہیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے تیز بارشیں متوقع ہیں۔

    این ای او سی کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    مسلسل بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں گلیشیئرز والے علاقوں میں جھلیں پھٹنے کا اندیشہ

    خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز اور مسلسل بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں گلیشیئرز والے علاقوں میں جھلیں پھٹنے کا اندیشہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے چترال اپر اور لوئر، دیر، سوات اور کوہستان اپر کے عوام کو ممکنہ طور پر گلیشیئرز میں موجود جھیلوں کے پھٹنے سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس دوران متعلقہ اضلاع میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی، بروقت وارننگ اور انخلا کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    حکام نے ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور گاڑیاں تیز بہاؤ والے پانی میں لے جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایات بھی کی ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے ممکنہ صورتحال میں سیاحوں کو خبردار رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع اور معلومات کے لیے 1700 پر رابطہ کریں۔

  5. غزہ میں وسیع فوجی آپریشن، فلسطینیوں کو نکلنے کی اجازت ہو گی: اسرائیلی وزیراعظم

    اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں عسکری کارروائیوں میں تیزی سے قبل فلسطینی عوام کو علاقے سے نکل جانے کی اجازت ہو گی۔

    انھوں نے مقامی افراد کو علاقے سے بےدخل کیے جانے کی اطلاعات کی تردید کی ہے۔

    مغربی ممالک کی تنقید کے باوجود اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی افواج شمالی اور وسطی غزہ میں بڑے حملے کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

    اسرائیلی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں نتن یاہو نے کہا کہ اُن کا مقصد جنگ کو ختم کرنا ہے، وہ ’دشمنوں کی شکسکت‘ اور ’ایک ہی حتمی معاہدے کے ذریعے‘ تمام یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں۔

    فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی سے نکلنے کی اجازت دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں نتن یاہو کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو نکلنے کی اجازت ہو گی۔ انھوں نے اس انخلا کا موازنہ شام، یوکرین اور افغانستان سے مقامی افراد کی نقل مکانی سے کیا۔

    اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے جنگ میں ’پیش رفت‘ نہ ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی کابینہ غزہ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے عسکری کاروائیوں کا دورانیہ کم کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم نے تصدیق کی ہے کہ امن معاہدے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ حماس کے وفد نے بدھ کے روز قاہرہ میں جنگ بندی مذاکرات کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔

  6. پولیس نے تحویل میں لینے کے بعد عمران خان کی بہنوں کو رہا کر دیا

    پولیس نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنوں کو کچھ دیر تحویل میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا ہے۔

    راولپنڈی پولیس نے منگل کو عمران خان کی بہن علیمہ خانم اور نورین نیازی کو اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے سے اُس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ وہاں دیگر کارکنوں کے ساتھ مل کر احتجاج کر رہی تھیں۔

    انھیں تحویل میں لینے کے بعد پولیس وین میں بٹھا کرلاہوراسلام آباد موٹر وے پر چکری انٹرچینج تک لایا گیا اور وہاں رہا کر دیا گیا۔

    پاکستان تحریک انصاف نے ایکس پر جاری کردہ ایک پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ نورین اور علیمہ خان کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جس کے بعد احتجاج کرنے پر پولیس نے انھیں اپنی حراست میں لے لیا۔

    راولپنڈی پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کو بتایا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے داہگل ناکے پر علیمہ خان اور نورین نیازی کو تحویل میں لیا اور انھیں ’شہر سے باہر لے جا کر رہا کر دیا جائے گا۔‘

  7. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع واشک کی تحصیل بیسیمہ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
    • امریکہ اور چین نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر 100 فیصد سے زائد ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کو ایک بار پھر 90 روز کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
    • امریکہ کے محکمہ خارجہ نے بلوچستان لبریشن آرمی اور اس کے مجید بریگیڈ گروپ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
    • پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز اور مسلسل بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں گلیشیئرز والے علاقوں میں جھلیں پھٹنے کا اندیشہ ہے۔
    • لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کو نو مئی کے دونوں کیسز میں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
  8. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    یہاں آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں اور تازہ ترین خبریں شامل کی جائیں گی۔

    گذشتہ دنوں کی کوریج کے لیے اس لنک پر کلک کیجیے۔