آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا: پاکستانی فوج کے ترجمان

پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ’معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا۔‘ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ ’انڈیا نے جارحیت کر کے جو فاش غلطی کی اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا۔‘

خلاصہ

  • پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق انڈیا کے پاکستان اور اِس کے زیرِانتظام کشمیر میں کیے گئے میزائل حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی ہے جبکہ 57 زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ’معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا۔‘
  • دوسری طرف انڈین فوج کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی گولہ باری سے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں 15 شہری اور ایک انڈین سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔
  • پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ ’انڈیا نے جارحیت کر کے جو غلطی کی اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا۔‘
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر مختصر تبصرے میں کہا ہے کہ ’میں چاہتا ہوں کہ یہ معاملہ وہ خود حل کریں، میں چاہتا ہوں کہ وہ رک جائیں۔‘
  • پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور انداز میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔‘
  • انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ’انڈیا کی فوج نے پاکستان کے خلاف محتاط اور درست انداز میں کارروائی کی ہے۔ ہم نے صرف ان لوگوں کو مارا جنھوں نے ہمارے بے گناہوں کو قتل کیا۔‘
  • پاکستان کی فوج اور وزیر دفاع نے جوابی کارروائی میں متعدد انڈین طیارے اور ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. مریدکے میں انڈین حملے سے ہونے والا نقصان

    پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق انڈیا کی جانب سے پاکستان کے صوبہ پنجاب میں احمدپور شرقیہ، مریدکے، سیالکوٹ اور شکر گڑھ جبکہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کوٹلی اور مظفرآباد کو نشانہ بنایا گیا۔

    فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مریدکے میں مسجد اُم القرا اور اس کے اردگرد واقع کوارٹر چار انڈین حملوں کا نشانہ بنے ہیں اور ان حملوں میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں۔

    بی بی سی کے نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ اور فرقان الہی اس وقت مریدکے میں موجود ہیں اور انھوں نے حملے کے مقام سے ہمیں یہ تصاویر بھجوائی ہیں۔

  2. پاکستانی گولہ باری سے انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں تین شہری ہلاک، انڈین فوج کا دعویٰ

    انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی نے انڈین فوج کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ’6 اور 7 مئی کی رات پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے اُس پار، جموں و کشمیر کے سامنے بلا اشتعال فائرنگ اور توپ خانے سے گولہ باری کی۔‘

    انڈین فوج کا دعویٰ ہے کہ ’اس فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں تین شہری ہلاک ہو گئے۔‘

    انڈین فوج کا کہنا ہے کہ اس گولہ باری کا جواب دیا جا رہا ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز اور اے ایف پی نے بھی انڈین فوج کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کی گولہ باری کے نتیجے میں انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں تین انڈین شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

  3. پاکستان فضائیہ نے پانچ انڈین طیارے مار گرائے ہیں: وزیر دفاع خواجہ آصف

    پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ نے پانچ انڈین طیارے مار گرائے ہیں جبکہ متعدد یو اے ویز کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر دو چیک پوسٹس تباہ کی ہیں اور چند انڈین فوجیوں کو بھی قیدی بنا لیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں سات مقامات پر حملہ کیا ہے۔ ان کے مطابق انڈیا نے یہ تاثر دیا ہے کہ یہ دہشتگردوں کی پناہ گاہیں تھیں۔ وزیردفاع نے کہا کہ ’میں نے ملکی اور غیرملکی میڈیا کو مدعو کیا ہے کہ وہ ان جگہوں پر خود آ کر جائزہ لیں کہ یہاں کون سی پناہ گاہیں ہیں۔‘

  4. ’چھ مقامات پر 24 حملے‘: انڈیا نے چھ مئی کی شب پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں کن مقامات کو نشانہ بنایا؟

    انڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں ’آپریشن سندور‘ کے تحت متعدد مقامات پر ’دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر‘ حملے کیے ہیں۔ ادھر پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ انڈین فضائی حدود سے ہونے والے اِن حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت آٹھ عام شہری ہلاک اور 35 زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں۔

  5. انڈیا کے میزائل حملے اور پاکستان کی جوابی کارروائی: ہمیں اب تک کیا معلوم ہے؟

    • پاکستانی فوج کا دعویٰ ہے کہ انڈیا نے چھ مئی کی شب پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں متعدد مقامات پر 24 حملے کیے ہیں جس میں آٹھ عام شہری ہلاک جبکہ 35 زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف انڈین حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
    • پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا کے میزائل حملوں کے بعد جوابی کارروائی میں پاکستان نے انڈین فضائیہ کے دو جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا ہے۔
    • امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دونوں ملکوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مطالبہ کیا ہے۔
    • پاکستان نے اپنی فضائی حدود کو اگلے 48 گھنٹوں کے لیے بند کر دیا ہے جبکہ سرینگر اور امرتسر سمیت شمالی انڈیا کے بعض ایئرپورٹس بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
    • پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’پاکستان انڈیا کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔‘
    • وزیراعظم شہباز شریف نے آج (بدھ) صبح 10 بجے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
    • وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پورے پنجاب میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
    • بدھ کو اسلام آباد اور پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
  6. پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے

    پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔

    اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اس متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    سکیورٹی وجوہات کی بنا پر تمام نجی و سرکاری سکولز و کالجز بند رہیں گے تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔

  7. کوٹلی میں انڈین حملے کے بعد اٹھتا دھواں

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے کوٹلی کی اس مصدقہ ویڈیو میں انڈین حملے کے بعد اٹھتا دھواں دیکھا جا سکتا ہے۔

    پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق کوٹلی میں بھی ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اس حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ دو خواتین زخمی ہوئی ہیں۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر مظہر شاہ نے تصدیق کی ہے کہ کوٹلی میں ہونے والے حملے میں ایک بچہ اور ایک خاتون ہلاک ہوئے ہیں جو نشانہ بننے والے مسجد پر حملے کی زد میں آئے۔

    مظہر شاہ نے بی بی سی کی تابندہ کوکب کو بتایا کہ کوٹلی میں ایک گھر بھی حملے کا براہ راست نشانہ بنا۔

  8. ’پاکستان اور انڈیا کے درمیان صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہوں‘: امریکی وزیر خارجہ

    امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کی اس بات سے متفق ہیں کہ امید کرتے ہیں کہ یہ صورتحال جلد ختم ہو جائے گی اور دونوں ممالک باہمی رابطوں سے پرامن حل کی طرف جائیں گے۔

  9. ایئرانڈیا نے سرینگر سمیت آٹھ مقامات کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں، متعدد ایئرپورٹ تاحکم ثانی بند

    موجودہ صورتحال کے پیش نظر، ایئر انڈیا نے جموں، سری نگر، لیہہ، جودھ پور، امرتسر، بھوج، جام نگر، چندی گڑھ اور راجکوٹ کے لیے اپنی تمام پروازیں 7 مئی کی دوپہر 12 بجے تک منسوخ کر دی ہیں۔

    حکام کی جانب سے مزید اپ ڈیٹس کا انتظار ہے۔ ایئرلائن کے مطابق امرتسر جانے والی دو بین الاقوامی پروازوں کو دہلی کی طرف موڑا جا رہا ہے۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ ’ہمیں اس غیر متوقع رکاوٹ کی وجہ سے ہونے والی تکلیف پر افسوس ہے۔‘

    موجودہ صورتحال کے تناظر میں شمالی انڈیا کے کچھ حصوں بشمول دھرم شالہ، لیہہ، جموں، سری نگر، اور امرتسر کے ہوائی اڈے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔

    روانگی، آمد، اور دیگر پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

    مسافروں کہا گیا ہے کہ وہ صورتحال کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔

  10. پہلگام حملے کے بعد انڈیا کو ’پاکستان سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی توقع تھی‘

    واشنگٹن میں انڈین سفارتخانے کا دعویٰ ہے کہ انڈیا کی پاکستان میں کارروائیوں کے دوران پاکستانی شہریوں، اقتصادی اور فوجی اہداف کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے بعد انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال نے اپنے امریکی ہم منصب اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بات چیت کی ہے اور انھیں اِن کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی ہے۔

    ایکس پر شیئر کیے گئے انڈین سفارتخانے کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں دہشتگردوں نے 26 شہریوں کو ہلاک کیا۔ اس کا کہنا ہے کہ انڈیا کے پاس تکنیکی اِن پُٹ اور عینی شاہدین کے بیانات سمیت شواہد ہیں جن سے واضح ہے کہ پہلگام حملے میں پاکستان میں موجود دہشتگرد ملوث تھے۔

    اس کا کہنا ہے کہ ’توقع تھی کہ پاکستان دہشتگردوں اور ان کی حمایت کرنے والے انفراسٹرکچر کے خلاف کارروائی کرے گا۔ تاہم گذشتہ دو ہفتوں سے پاکستان انکاری ہے اور اس نے انڈیا پر فالس فلیگ آپریشن کے الزامات لگائے ہیں۔‘

    امریکہ میں انڈین سفارتخانے نے کہا کہ پاکستان میں انڈین کارروائیوں کو ذمہ دارانہ انداز میں ڈیزائن کیا گیا تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔ اس نے کہا کہ ’کسی پاکستانی شہری، معاشی یا فوجی اہداف کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ صرف دہشتگردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔‘

  11. پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے، میزائل حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’مکار دشمن نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا ہے۔‘

    اپنے ایک ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ ’پاکستان انڈیا کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا مورال اور جذبہ بلند ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’پاکستانی قوم اور افواج پاکستان دشمن سے نبٹنا بخوبی جانتے ہیں۔ دشمن کو اپنے مزموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘

  12. ’دونوں ملکوں کے سیاستدانوں نے بڑا خطرہ مول لیا ہے‘, انبراسان ایتھراجن، جنوبی ایشیا کے ایڈیٹر

    دو جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے۔

    اگرچہ توقع کی جا رہی تھی کہ انڈیا کسی قسم کی فوجی کارروائی کر سکتا ہے لیکن پاکستان کے اندر میزائل حملوں کی شدت نے بہت سے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔

    انڈیا کا کہنا ہے کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ مبینہ طور پر شدت پسندوں سے منسلک تھے اور انڈیا کا مقصد پاکستانی فوجی ٹھکانوں پر حملہ نہیں تھا۔

    پاکستان نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے اور یہ کارروائی کس نوعیت کی ہوگی اور کن اہداف پر کی جائے گی اس سے انڈیا کے ردِعمل کا معلوم ہو گا۔

    دونوں ملکوں کا خیال ہے کہ وہ کشیدگی کو قابو میں رکھ سکتے ہیں لیکن اس وقت حالات نہایت کشیدہ ہیں اور کسی بھی قسم کے فوجی تصادم کے نتائج کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔

    ماضی میں امریکہ اور دیگر ممالک نے مداخلت کر کے دونوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا تھا۔

    لیکن اب ٹرمپ انتظامیہ کی توجہ دیگر عالمی مسائل پر مرکوز ہے اس لیے یہ دیکھنا باقی ہے کہ واشنگٹن حالات کو نارمل کرنے کے لیے کتنی جلدی حرکت میں آتا ہے۔

    دونوں ملکوں کے سیاسی رہنما اپنے عوام کو دکھانا چاہتے ہیں کہ انھوں نے سخت اور فیصلہ کن اقدام لیا ہے اور کامیابی حاصل کی ہے۔

    ایک بہت بڑا خطرہ مول لیا گیا ہے۔

  13. دنیا پاکستان اور انڈیا کے درمیان فوجی تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتی: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انھیں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے پار پاکستان میں انڈین فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ انٹونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ’انھیں لائن آف کنٹرول اور انٹرنیشنل سرحد کے پار انڈین فوجی کارروائیوں پر بہت تشویش ہے۔‘

    ’انھوں نے دونوں ملکوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دنیا پاکستان اور انڈیا کے درمیان فوجی تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتی۔‘

  14. بریکنگ, انڈیا کے میزائل حملوں کا نشانہ بننے والے دو مقامات پرعینی شاہدین نے کیا دیکھا؟, روحان احمد اور فرحت جاوید

    لاہور کے قریب مریدکے کے رہائشی محمد یونس شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ انڈیا کی جانب سے داغے گئے چار میزائل ننگل ساھداں میں قائم ایجوکیشنل کمپلیکس پر گرے ہیں جہاں ایک مسجد بھی واقع تھی جو تباہ ہو گئی ہے۔

    خیال رہے مریدکے میں قائم مرکز طیبہ اب پاکستانی حکومت کے کنٹرول میں ہے، جہاں سکول، کالج اور مدرسے موجود ہیں۔

    ننگل ساھداں کے رہائشی محمد یونس مزید کہتے ہیں کہ ’یہاں بچوں کے سکول اور کالج ہے، ہاسٹل اور میڈیکل کمپلیکس ہے۔ اس پر حملہ ہوا ہے، پہلے تین میزائل پے در پے آئے ہیں جبکہ چوتھا میزائل پانچ، سات منٹ کے وقفے سے آیا ہے۔

    ان کے مطابق ’یہاں رہائشی علاقہ ہے جہاں فیمیلیز رہتی ہیں، انھوں نے مسجد کو بھی تباہ کر دیا ہے۔‘ محمد یونس کہتے ہیں کہ علاقے میں ابھی بھی خوف و ہراس ہے اور سارے لوگ یہاں سے محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے ہیں۔ یہاں ابھی حکومتی مشینری موجود ہے، ریسکیو والے، فائر بریگیڈ اور پولیس والے یہاں موجود ہیں۔‘

    پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں انڈیا کے میزائل حملے کے نشانہ بننے والی بلال مسجد سے متصل رہائشی محمد وحید نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میں گہری نیند سو رہا تھا جب پہلے دھماکے نے میرے گھر کو ہلا کر رکھ دیا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’میں دوڑ کر باہر سڑک پر نکل آیا، جہاں پہلے ہی لوگ باہر نکلے ہوئے تھے۔ اس سے پہلے کہ ہم پتہ چلاتے کہ کیا ہو رہا ہے اسی دوران تین اور میزائل داغے گئے، جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی۔‘

    ان کے مطابق خواتین سمیت درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہاں کے لوگ انھیں سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر رہے ہیں، جو یہاں سے زیادہ دور نہیں ہے۔ ان کے مطابق ’ہم مظفرآباد شہر کے بالکل قریب ہیں۔‘

    پولیس اور سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’اس بات کی سمجھ نہیں آ رہی کہ ہماری مقامی مسجد کو کیوں نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

    عینی شاہد محمد وحید نے بتایا کہ ’یہ ایک عام محلے کی مسجد تھی، جہاں ہم دن میں پانچ وقت کی نماز ادا کرتے تھے۔ ہم نے اس کے آس پاس کبھی کوئی مشکوک سرگرمی نہیں دیکھی۔‘

    انھوں نے کہا کہ اب صورتحال یہ ہے کہ ’بچے رو رہے ہیں، خواتین جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگ رہی ہیں۔‘

    محمد وحید کے مطابق ’ہم خوفزدہ ہیں، اور ہم نہیں جانتے کہ کیا کرنا ہے۔ لوگ اپنے گھروں سے بھاگ رہے ہیں، اور بے یقینی کا احساس بہت زیادہ ہے۔‘

  15. بریکنگ, پاکستانی فوج کا دو انڈین طیارے اور ایک ڈرون گرانے کا دعویٰ

    پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا کے میزائل حملوں کے بعد جوابی کارروائی میں پاکستان نے انڈین فضائیہ کے دو جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا ہے۔

    پاکستانی حکام کی طرف سے تاحال اس بارے میں مزید معلومات نہیں دی گئی ہیں اور نہ ہی انڈیا کی طرف سے اس دعوے پر ابھی تک کوئی ردعمل سامنے آیا ہے۔

    فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی جانب سے میزائل حملوں میں پانچ مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ان حملوں میں کل سات شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

    ترجمان نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان حملے کا نشانہ بنی اور اس حملے میں دو بچے ہلاک اور بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ملبے تلے ابھی بھی بچوں سمیت چار افراد دبے ہوئے ہیں۔

    فوج کے ترجمان نے کہا کہ مریدکے میں ہونے والے حملے میں مسجد طیبہٰ کو نشانہ بنایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں مظفرآباد میں جس مقام پر حملہ ہوا یہ وہی علاقہ ہے جہاں اتوار کو ملکی اور غیرملکی میڈیا کو دورہ کرایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر بھی ایک مسجد نشانہ بنی جس میں دو افراد مارے گئے۔

    ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ کشمیر میں کوٹلی اور باغ میں بھی مساجد نشانہ بنیں جن میں ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

    بی وی ایچ بہاولپور ایمرجنسی کے مطابق مسجد سبحان سے 20 زخمی افراد ہسپتال لائے گئے ہیں جبکہ اس حملے میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

  16. انڈیا نے پاکستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نہیں، عام شہریوں کو نشانہ بنایا: پاکستانی وزیر اطلاعات

    پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں دہشتگردوں کے کیمپوں کو نہیں بلکہ عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔

    سکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’یہ سویلین علاقے ہیں۔ وہاں دہشتگردوں کے کوئی کیمپ نہیں۔ ہم (صحافیوں کو لے کر) وہاں کل جا بھی رہے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس حق دفاع ہے۔ پاکستانی حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ’ہم انڈین جارحیت کا جواب دے رہے ہیں، آپریشنل تفصیلات شیئر نہیں کی جاسکتیں۔ میری اطلاعات کے مطابق دو انڈین طیارے گرائے گئے ہیں۔‘

    عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ’یہ تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال ہے۔ ہم نے پہلگام حملے پر غیر جانبدار تحقیقات میں شرکت کی پیشکش کی تھی۔ لیکن انڈیا کے پاس کوئی حق نہیں تھا کہ پاکستان میں معصوم خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا جائے۔‘

    خیال رہے کہ انڈین حکومت نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انڈین فوج نے پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں نو مقامات پر ’دہشتگردوں کے ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم اب تک پاکستانی حکام نے مظفرآباد، کوٹلی، باغ کے علاوہ مریدکے اور بہاولپور میں انڈین میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے۔

  17. ہمیں اب تک کیا معلوم ہے؟

    • پاکستانی فوج کے مطابق انڈیا نے اپنی فضائی حدود سے پاکستان میں بہاولپور اور مریدکے کے علاوہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے کوٹلی، مظفرآباد اور باغ میں پانچ مقامات پر میزائل داغے ہیں۔
    • ادھر انڈین حکومت کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے تحت نو مقامات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ’پاکستانی فوج کی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا‘۔
    • پاکستانی حکام کے مطابق اب تک احمد پور شرقیہ پر حملے میں 12 شہری زخمی ہوئے ہیں جبکہ کوٹلی میں دو شہری مارے گئے ہیں۔
    • پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں ہنگامی حالت نافذ کی ہے۔
    • پاکستان نے اگلے 48 گھنٹے کے لیے اپنی فضائی حدود کو بند کر دیا ہے۔
  18. شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج صبح دس بجے طلب کر لیا

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے آج (بدھ) صبح 10 بجے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    پنجاب میں ہنگامی حالت کا اعلان

    وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پورے پنجاب میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔

    پنجاب پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تمام سٹاف کو فوری طور پر ڈیوٹیاں سنبھالنے کا حکم دے گیا ہے۔ پنجاب بھر کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسران اور عملہ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

    ’بدھ کو پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے‘

    عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر، پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے۔

    اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی الرٹ ہے اور اسلام آباد فائربرگیڈ ہیڈ کوارٹر کو بھی الرٹ کر دیا گیا۔ تمام ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

  19. انڈیا کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا پاکستان بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے انڈیا کی طرف سے میزائل حملوں کے جواب میں کہا ہے کہ ’مکار دشمن نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’پاکستان انڈیا کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔‘

    شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا مورال اور جذبہ بلند ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان دشمن سے نبٹنا بخوبی جانتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ’دشمن کو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘

  20. امید ہے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی جلد ختم ہوجائے: ٹرمپ

    وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’یہ شرمناک ہے۔ ہم نے ابھی اس بارے میں سنا ہے جب ہم اوول (آفس) کے دروازے سے داخل ہو رہے تھے۔‘

    انڈیا کی پاکستان میں کارروائیوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’ماضی کے واقعات کے پس منظر میں شاید لوگوں کو پتا تھا کہ کچھ ہونے والا ہے۔ وہ طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں۔ وہ کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں، شاید صدیوں سے اگر آپ اس بارے میں سوچیں۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’مجھے امید ہے یہ (تناؤ) جلد ختم ہوجائے۔‘