چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان پر
زور دیا ہے کہ وہ ثالثی کی کوششوں کو مزید تیز کرے اور آبنائے ہرمز کو کھولنے سے
متعلق معاملات مناسب طریقے سے حل کرنے میں کردار ادا کرے۔
شنہوا کے مطابق وانگ یی نے یہ بات
پاکستانی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران
کہی۔
شنہوا کی خبر میں درج ہے کہ اسحاق
ڈار نے وانگ یی کو ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لیے
پاکستان کی حالیہ کوششوں سے آگاہ کیا اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کی حمایت پر
چین کا شکریہ ادا کیا۔
چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وانگ
یی نے امریکہ، ایران مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور عارضی جنگ بندی میں توسیع کے
لیے مدد کرنے پر پاکستان کو سراہا۔
خبر کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے کہا
کہ چین پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور اس مقصد کے لیے اپنا
حصہ بھی ڈالتا رہے گا۔
وانگ یی سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد پاکستان کے نائب
وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سماجی رابے کی ویب سائٹ ایکس پر تفصیل جاری کی۔
ایکس پر جاری
بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں
رہنماؤں نے حالیہ علاقائی صورتحال اور ایران، امریکہ روابط کے لیے
پاکستان کی جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی
نے پاکستان کے تعمیری ثالثی کردار کی تعریف کی اور حمایت کا اعادہ کیا۔
اسحاق
ڈار کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے جنگ بندی کو جاری رکھنے اور آبنائے ہرمز
سے معمول کی نقل و حمل یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔