آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پنجاب میں سیلاب: ہلاکتوں کی تعداد 63 ہو گئی، ملتان اگلے 48 گھنٹوں تک ’ہائی رسک‘ پر

صوبہ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ ہیڈ تریموں سے آنے والے نئے سیلابی ریلے کے باعث ملتان اگلے 48 گھنٹوں تک ’ہائی رسک‘ پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے 63 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ 4300 سے زیادہ دیہاتوں سمیت 26 اضلاع متاثر ہوئے ہیں

خلاصہ

  • پنجاب میں سیلاب کی صورتحال سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ ہیڈ تریموں سے آنے والے نئے سیلابی ریلے کے باعث ملتان اگلے 48 گھنٹوں تک ’ہائی رسک‘ پر ہے
  • اب تک صوبے میں سیلاب کی وجہ سے 63 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کے 4300 سے زیادہ دیہاتوں سمیت 26 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ 74 ہزار سے زیادہ لوگ خیموں میں موجود ہیں۔
  • جلالپور پیر والا میں ریسکیو آپریشن جاری، 24 گھنٹوں میں چار ہزار سے زیادہ لوگ محفوظ مقامات پر منتقل
  • گجرات میں اربن فلڈنگ، ڈسٹرکٹ جیل کو خالی کر دیا گیا ہے
  • سیلاب کے پیشِ نظر سندھ میں تقریباً ایک لاکھ 34 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا: شرجیل انعام میمن
  • سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ گڈو، سکھر اور کوٹری میں حالات قابو میں ہیں

لائیو کوریج

  1. ملک کے دریاؤں میں سیلاب کی کیا صورتحال ہے؟

    پاکستان کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جبکہ ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے چناب میں تریموں اور پنجند کے مقام پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ تریموں سے پانچ لاکھ 43 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے جبکہ پنجند پر پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ 64 ہزار کیوسک ہے۔

    فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق، دریائے راوی میں سائفن، شاہدرہ، سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

    اس کے علاوہ گڈو بیراج پر درمیانے درجے جبکہ سکھر اور کوٹری پر نچلے درجے کا سيلاب ہے۔

    فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550.00 فٹ تک پہنچ چکی ہے اور یہ 100 فیصد بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1232.05 فٹ ہے اور اس میں صرف 11 فیصد جگہ باقی ہے۔

    خانپور ڈیم میں پانی 1981.42 فٹ تک بھر چکا ہے جبکہ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1750.30 فٹ اور سملی ڈیم کا لیول 2314.60 فٹ ہے۔

  2. جلال پور پیر والا میں سیلابی صورتحال، ریسکیو کشتیوں کی مزید کھیپ روانہ: ترجمان ریسکیو پنجاب

    پنجاب میں غیر معمولی سیلابی صورتحال برقرار ہے اور ملتان کے علاقے جلال پور پیروالا میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر ریسکیو کشتیوں کی مزید کھیپ روانہ کر دی گئی ہے۔

    ترجمان ریسکیو پنجاب کے بیان کے مطابق 38 مزید امدادی کشتیاں جلال پور کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔

    دوسری جانب ترجمان ریسکیو ملتان کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ کمشنر ملتان کی ہدایت پر رسک کے باوجود لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے فلڈ ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔

    بیان کے مطابق اس وقت جلال پور میں 25 ریسکیو بوٹس آپریشنل ہیں جبکہ 29 ریسکیو بوٹس ملتان شہر میں، 10 شجاع آباد میں آپریشنل ہیں۔

    مظفرگڑھ کے علاقے علی پور جتوئی کی عوام سے ادارے نے اپنے پیغام میں اپیل کی ہے کہ سیلابی پانی کے پیش نظر فوری انخلا کیا جائے۔

    اس سے قبل پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ملتان کے علاقے جلالپور پیروالا میں انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جہاں شہریوں کے انخلا کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ’فضائی ریسکیو کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہیلی کاپٹرز فراہم کر دیے ہیں۔ فوج، ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس ریسکیو اور پنجاب پولیس سمیت تمام محکمے الرٹ ہیں۔

  3. بہت جلد غزہ جنگ بندی معاہدہ ہو جائے گا: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں بہت جلد غزہ میں جنگ بندی معاہدہ ہو جائے گا۔

    صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حماس نے واشنگٹن کی جانب سے جنگ بندی کی ایک نئی تجویز کے بعد ’فوری طور پر مذاکرات کی میز‘ پر آنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

    اتوار کے روز نیو یارک سے واشنگٹن واپسی پر صدر ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’میرے خیال میں بہت جلد غزہ سے متعلق معاہدہ ہونے والا ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خیال میں جلد ہی تمام زندہ اور مردہ یرغمالی واپس آ جائیں گے۔

    امریکی صدر کا کہنا ہے کہ انھوں نے حماس کو ’حتمی الٹی میٹم‘ دی ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو قبول کر لے۔

    حماس نے تصدیق کی ہے کہ انھیں ثالثوں کے ذریعے امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کے متعلق کچھ تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ فلسطینی تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں جس سے فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت کو روکنے میں مدد ملے گی۔

    حماس نے بدلے میں’جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان، غزہ کی پٹی سے مکمل انخلا، اور غزہ کا انتظام سنبھالنے کے لیے خود مختار فلسطینیوں پر مشتمل ایک کمیٹی کی تشکیل‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

    اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ اسرائیل نے ان کی شرائط تسلیم کر لی ہیں۔ ’اب وقت آگیا ہے کہ حماس بھی انآیں قبول کرے۔ میں نے حماس کو قبول نہ کرنے کے نتائج سے خبردار کر دیا ہے۔ یہ میری آخری وارننگ ہے، اور اس کے بعد کوئی وارننگ نہیں دی جائے گی۔‘

  4. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج، چناب اور رودکوہیوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
    • وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ نو ستمبر کو گڈو بیراج پر سیلابی پانی اپنے عروج پر ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت آٹھ لاکھ کیوسک سیلابی ریلے کی تیاری کر رہی ہے۔
    • این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر تک جنوب مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نچلے ساحلی اضلاع میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
    • پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے نو ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
    • اب تک اس سیلاب سے 41 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56 ہے۔
  5. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔