آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

آئندہ مالی سال کا بجٹ 10 جون کو پیش ہو گا، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے شیڈول جاری

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق وفاقی بجٹ 2025ـ 26 منگل 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جبکہ 13 جون کو قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پر بحث کا آغاز ہوگا۔ اس دوران قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی جماعتوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق بحث کے لیے وقت دیا جائے گا۔

خلاصہ

  • کولمبیا کے ایک صدارتی امیدوار میگوئل ارایب کو دارالحکومت بوگوٹا میں اس وقت گولیاں مار دی گئی ہیں جب وہ ایک انتخابی جلسے کے دوران عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ میگول کو تین گولیاں لگی ہیں جن میں سے دو گولیاں سر پر لگنے کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے۔
  • فلسطینی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ جمعہ اور سنیچر کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں غزہ میں کم از کم 95 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس اینجلس میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف چھاپوں کے سلسلے میں پیدا ہونے والی بدامنی سے نمٹنے کے لیے 2000 نیشنل گارڈز کے اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
  • روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت اور دیگر علاقوں پر جمعے کو کیے جانے والے ڈرون اور میزائل حملوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوئے۔

لائیو کوریج

  1. وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

    وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، سٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارک باد پیش کی اور دنیا بھر کے عازمین حج کی مہمان نوازی اور خدمات کو سراہا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے فعال کردار اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے پختہ عزم کو سراہا۔

    انھوں نے انڈیا کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی تحمل کی پالیسی کو اجاگر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بات چیت کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    شہباز شریف نے حج کے محفوظ اور روحانی تجربے کو یقینی بنانے کے لئے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی قابل ذکر کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان غزہ میں سنگین انسانی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کر لیا۔

    شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عمرے کی ادائیگی

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران وفد کے ہمراہ عمر ہ ادا کیا، اس موقع پران کےلیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔

    وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عمرہ کی ادائیگی کی۔

    پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کے دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

    نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے-

  2. بلوچستان کے ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے چھ جون کو بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں انڈین پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔‘

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں انڈیا کی پشت پناہی رکھنے والے دو دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔

  3. روس کی جانب سے یوکرین پر ’بڑا حملہ‘ تین افراد ہلاک درجنوں زخمی: صدر زیلینسکی, این کیسی،پال ایذم، بی بی سی نیوز

    یوکرینی حکام کے مطابق روس نے جمعے کی صبح یوکرین کے دارالحکومت سمیت دیگر علاقوں پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے کیے ہیں۔

    یوکرین کے صدر ولادیمر زیلنسکی نے ان حملوں میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 49 زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    صدر زیلینسکی کے مطابق حملے میں 400 سے زائد ڈرونز اور 40 سے زائد میزائل استعمال کیے گئے، اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    روس کی جانب سے ان فضائی حملوں میں کیئو، لوٹسک شہر اور شمال مغربی علاقے ترنوپیل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ حملے ’کیئو حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات‘ کے جواب میں کیے گئے ہیں اور ان کا ہدف فوجی مقامات تھے۔

    یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب روسی صدر ولادیمیر پوتن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کر چکے تھے کہ وہ یوکرین کے حالیہ حملوں کے جواب میں کارروائی کریں گے۔

    صدر زیلنسکی نے جمعے کو ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’اب وہ لمحہ ہے جب امریکہ، یورپ اور دنیا بھر کے لوگ روس پر دباؤ ڈال کر اس جنگ کو روک سکتے ہیں۔‘ انھوں نے ٹرمپ کی روس پر دباؤ ڈالنے میں عدم دلچسپی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر کوئی دباؤ نہیں ڈال رہا اور جنگ کو مزید وقت دے رہا ہے تو یہ مجرمانہ خاموشی ہے۔ ہمیں فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔‘

    صدر زیلنسکی نے ان حملوں میں اب تک تین ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ مرنے والے یوکرین کی ایمرجنسی سروس کے ملازمین تھے۔ شیلنگ کے باعث میٹرو ٹریک کو نقصان پہنچنے پر شہر کا ریلوے نظام متاثر ہوا، اور ایئر ریڈ سائرن بجتے رہے۔

    ترنوپیل کے فوجی سربراہ ویچیسلاو نیگودا نے کہا کہ جمعے کا حملہ ’ہمارے علاقے پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا۔‘

    یاد رہے کہ چند روز قبل یوکرین نے کم از کم چار روسی فوجی اڈوں پر 40 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز سے حملہ کیا تھا۔

    زیلنسکی کے مطابق اس آپریشن میں یوکرین کی سکیورٹی سروس (SBU) نے 117 ڈرونز استعمال کیے جن سے روس کے 34 فیصد سٹریٹجک کروز میزائل بردار طیارے متاثر ہوئے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ اس مہینے کے آغاز میں روس اور یوکرین کے درمیان استنبول میں براہ راست امن مذاکرات ہوئے لیکن کوئی بڑا پیش رفت سامنے نہ آ سکی۔

  4. نتن یاہو کا حماس کے خلاف فلسطینی گروہ کو مسلح کرنے کا اعتراف، اسرائیلی اپوزیشن کا اسرائیلی وزیر اعظم پر ’ٹائم بم بنانے‘ کا الزام

    اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل حماس کے خلاف غزہ میں دیگر قبیلوں کو مسلح کر رہا ہے۔

    نتن یاہو کا یہ بیان ان اسرائیلی رپورٹس کے بعد آیا ہے جن میں دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ نتن یاہو نے جنوبی غزہ میں ایک گروہ کو مسلح کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم کے اس اعتراف کے بعد متعدد سیاستدانوں نے ان پر اسرائیلی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    ایکس پر شائع کی جانے والی ایک مختصر ویڈیو کلپ میں نتن یاہو نے کہا کہ ’اس میں غلط کیا ہے؟ یہ صرف اسرائیلی فوجیوں کی زندگی بچائے گا۔‘ ویڈیو میں اسرائیلی وزیر اعظم ان رپورٹس کا حوالہ دے رہے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل نے یاسر ابو شباب کی قیادت میں غزہ میں ایک گروپ کو ہتھیار فراہم کرنے کی براہ راست اجازت دی ہے۔

    یہ وہ گروہ یا ملیشیا ہے جس کے بارے میں کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ حماس کے مخالف ہے۔

    اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے ٹرکوں کی حفاظت کرنا ہے، لیکن مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ گروہ اس کے برعکس کر رہا ہے اور اس پر ٹرکوں کو لوٹنے کا الزام ہے۔

    بنیامن نتن یاہو ان الزامات کو نظر انداز کر سکتے ہیں کیونکہ یہ اسرائیل میں ایک نئی سیاسی سکینڈل کو جنم دینا ہے۔

    اسرائیلی چینل 10 کے مطابق لائبرمین جو اسرائیل بیتینو پارٹی کے سربراہ ہیں نے نیتن یاہو پر ابو شباب گروہ کو مسلح کرنے کی یکطرفہ منظوری دینے کا الزام لگایا۔

    لائبرمین نے کہا کہ ’اسرائیلی حکومت مجرموں اور قاتلوں کے ایک گروپ کو مسلح کر رہی ہے جس کا تعلق داعش سے ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جہاں تک میں جانتا ہوں، کابینہ نے اس کی منظوری نہیں دی ہے۔‘

    دفاعی ذرائع نے بعد میں اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیل ابو شباب قبیلے کو مسلح کر رہا ہے، جو کہ اسرائیلی فوج کے زیر کنٹرول علاقے رفح میں سرگرم ہے۔

    یاسر ابو شباب نے ایک آن لائن کلپ میں اس بات کی ’واضح طور پر‘ تردید کی کہ اسرائیل نے ان کے گروہ کو ہتھیار فراہم کیے ہیں اور کہا کہ ’ہمارے ہتھیار سادہ اور پرانے ہیں اور ہم نے انھیں اپنے لوگوں کی حمایت سے حاصل کیا ہے۔‘

    ادھر حماس کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ان کی تنظیم ابو شباب کی سرگرمیوں کو ایک مسئلہ کے طور پر دیکھتی ہے۔ عرب میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ نے اس گروہ کے ارکان کو قتل کرنا شروع کر دیا ہے۔

    نیتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ ’اسرائیل، تمام سکیورٹی سروسز کے سربراہوں کی سفارشات کی بنیاد پر مختلف ذرائع سے حماس کو شکست دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔‘

    دریں اثنا کنیسیٹ میں ڈیموکریٹک بلاک کے رہنما یائر گولن نے نتن یاہو کے اقدام پر کڑی تنقید کی۔

    ایکس پر ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ ’نیتن یاہو اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ کسی معاہدے پر پہنچنے، یرغمالیوں کو ان کے گھروں کو واپس کرنے اور اسرائیلی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے وہ غزہ میں ایک نیا ٹائم بم بنا رہے ہیں۔‘

  5. سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک میں آج مسلمانوں کا اہم مذہبی تہوار عید الضحی منائی جا رہی ہے۔

    عید کی نماز کے سب سے بڑے اجتماعات مکہ میں مسجد الحرام اور مدینے میں مسجد نبوی میں ہوئے۔

    حجاج مزدلفہ سے واپس منی جاکر آج بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔ جانوروں کی قربانی کریں گے، سرمنڈوائیں گے اور احرام کھول دیں گے۔

    اس سے قبل جمعرات کے روز 16 لاکھ سے زائد حجاج نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا۔ اس موقع پر فلسطین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  6. روس نے کیئو پر فضائی حملے کیے ہیں، یوکرین کا دعویٰ

    یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی ڈرونز اور میزائلوں نے یوکرینی دارالحکومت کیئو پر حملہ کیا ہے اور عینی شاہدین نے مختلف مقامات پر دھماکے اور آگ بھڑکنے کی اطلاع دی ہے۔

    کیئو کی شہری فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تاکاچینکو نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دشمن کے ڈرونز کا ملبہ ملا ہے اور حملے میں اب تک ابتدائی طور پر دو ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

    انھوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اس حملے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی ہے۔

    اس ہفتے کے شروع میں ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد بتایا تھا کہ روسی صدر نے روسی فضائی اڈوں پر یوکرین کے حالیہ ڈرون حملے کا جواب دینے کا ’بہت سخت‘ عزم کیا تھا۔

    روس کی جانب سے یہ تازہ حملہ یوکرین کی جانب سے چار فوجی اڈوں پر کم از کم 40 روسی جنگی طیاروں پر ڈرون حملے کے چند دن بعد ہوا ہے۔

    یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس آپریشن کو ’اسپائیڈرز ویب‘ آپریشن کا نام دیتے ہوئے کہاتھا کہ اس میں 117 ڈرون استعمال کیے گئے تھے جنھوں نے روس کے 34 فیصد طیاروں کو نقصان پہنچایا۔

    ماسکو نے پہلے کہا تھا کہ یوکرین کے حملے کے جواب کے لیے فوجی آپشنز ’زیر غور‘ ہیں۔

  7. بریکنگ, ڈونلڈ ٹرمپ کا شی جن پنگ سے ٹیلیفونک رابطہ، ’اچھی گفتگو ہوئی جلد چین کا دورہ کروں گا‘: امریکی صدر

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے فون پر بات کی ہے اور اب وہ چین کے دورے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

    انھوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو بھی دورہ امریکہ کی دعوت دی ہے، حالانکہ دونوں ممالک نے ابھی تک سرکاری طور پر کسی دورے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کی درخواست پر دونوں رہنماؤں کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی۔

    ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا کہ دونوں کے درمیان بات چیت ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی اور اس دوران زیادہ تر بات چیت تجارت پر ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’نتیجہ دونوں ممالک کے لیے مثبت رہا۔‘

    ٹرمپ نے اوول آفس میں جرمن چانسلر فریڈرک مرٹز کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ’شی جن پنگ نے مجھ سے چین آنے کو کہا، اور میں نے انھیں امریکہ آنے کی دعوت دی۔ ہم دونوں نے اس پیشکش کو قبول کیا۔‘

    ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ چین کا دورہ کریں گے اور امید ظاہر کی کہ شی جن پنگ بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ امریکہ آئیں گے۔

    تاہم چین کی جانب سے جاری بیان میں صرف ٹرمپ کو دیے گئے دعوت نامے کا ذکر کیا گیا ہے، وائٹ ہاؤس کی دعوت کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

    چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق بات چیت کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے ٹرمپ سے کہا کہ امریکہ چین کے خلاف اٹھائے گئے منفی اقدامات کو واپس لے۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ چین ہمیشہ اپنے وعدوں کی پاسداری کرتا ہے اور دونوں فریقوں کو جنیوا میں طے پانے والے حالیہ معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے۔

    دراصل دونوں ملک ایک دوسرے پر اس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں کے درمیان عائد ٹیرف کو کم کرنا تھا۔ ٹرمپ نے اس معاہدے کو ’ٹوٹل ری سیٹ‘ قرار دیا تھا۔

    اس سال فروری میں ٹرمپ نے کئی ممالک پر محصولات عائد کیے، حالانکہ سب سے زیادہ محصولات چین پر عائد کیے گئے تھے۔ اس کے جواب میں چین نے بھی امریکی اشیا پر بھاری محصولات عائد کر دیے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ مزید گہری ہو گئی۔ اس کے بعد مئی کے مہینے میں تجارتی معاہدے کے حوالے سے دونوں ممالک کی جنیوا میں ملاقات ہوئی۔

    اس تجارتی معاہدے کے تحت امریکہ نے چین سے درآمد کی جانے والی اشیا پر ڈیوٹی 145 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کر دی۔ ساتھ ہی چین نے امریکی اشیا پر عائد ڈیوٹی کو 125 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کر دیا۔

  8. بریکنگ, اسرائیل کا عید کے دن جنوبی بیروت پر فضائی حملہ، لبنان نے سیز فائر کی خلاف ورزی قرار دیا

    اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر کئی فضائی حملے کیے ہیں اور ان حملوں کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے ڈرون پروڈکشن کو نشانہ بنایا ہے۔

    جمعرات کی رات کو ہونے والے حملہ مسلمانوں کے اہم مذہبی تہوار عید الاضحی کے موقع پر کیا گیا ہے۔ اسرائیل نے حملے سے قبل علاقے کی عمارتوں کو خالی کرنے کے انتباہات جاری کیے تھے۔

    اسرائیل کا دعوی ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کی موجودگی ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اس علاقے میں زیر زمین حزب اللہ کے ڈرون تیار کرنے کے کارخانے کی نشاندہی کی تھی جو ایرانی حمایت سے ہزاروں ڈرون تیار کر رہا تھا۔

    یہ حملہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان گذشتہ چھ ماہ سے جاری جنگ بندی کے باوجود ہوا ہے۔

    لبنان کے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ حملوں کی ’سختی سے مذمت‘ کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لبنانی وزیر اعظم نواف اسلام کا کہنا تھا کہ ’میں مذہبی تہوار کی تعطیلات اور سیاحتی موسم کے موقع پر ان حملوں کو ہمارے وطن، اس کی سلامتی، استحکام اور معیشت پر ایک منظم اور جان بوجھ کر کیے جانے والے حملے کے مترادف سمجھتا ہوں۔‘

    انخلا کے انتباہ کے بعد ہزاروں افراد گنجان آباد علاقے سے نکل گئے تھے۔

    لبنانی صدر جوزف عون نے حملوں کو ’بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے ’مقدس مذہبی تہوار کے موقع پر‘ کیے گئے ہیں۔ اسرائیل کی فوج نے کہا کہ حزب اللہ کا ’وسیع پیمانے پر ڈرون کا استعمال‘ اسرائیل پر حملوں میں مرکزی حیثیت رکھتا تھا، اور ان سرگرمیوں کو ’اسرائیل اور لبنان کے درمیان مفاہمت کی خلاف ورزی‘ قرار دیا۔

    حزب اللہ کی جانب سے فوری طور پر ان حملوں اور ڈرون تیاری کے مرکز سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

  9. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’انڈیا نے مسئلہ کشمیر پر صدر ٹرمپ کی ثالثی سے انکار کیا ہے اور اب مذاکرات سے انکاری ہے۔‘ پاکستان سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انڈیا، پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے پر اقدامات کر کے پانی پر پہلی ایٹمی جنگ کی بنیاد رکھ رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ موسمیاتی چیلنجز کے اس دور میں پانی کی قلت اور پانی کی جنگیں پہلے صرف ایک نظریہ تھیں، انڈیا، پاکستان کا پانی بند کر کے پانی پر پہلی ایٹمی جنگ کی بنیاد رکھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ پانی بند کرنا جنگی اقدام کے مترادف ہوگا۔‘
    • وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت کوئی فریق یکطرفہ طور پر معاہدے سے نہیں نکل سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’انڈین دھمکیاں بے معنی ہیں، روایتی جنگ کی طرح آبی معاملے پر بھی انڈیا کا گھمنڈ خاک میں ملائیں گے۔‘ انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے، اتفاق رائے سے آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے ’اب یا کھبی نہیں‘ کی بنیاد پردلیرانہ فیصلے اور ٹھوس اقدامات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو آبی ذخائرکے حوالے سے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
    • پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتی کے لیے سپیکر کو پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی درخواست کرتے ہوئے سینیٹ اور قومی اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف کے چھ ارکان کے نام ارسال کر دیے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے پارلیمانی کمیٹی کے لیے قومی اسمبلی سے اسد قیصر، گوہر علی خان، صاحبزادہ حامد رضا، لطیف کھوسہ جبکہ سینیٹ سے شبلی فراز اور علامہ راجہ ناصر عباس کو نامزد کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تقرری کے لیے مشاورت کا آغاز کرتے ہوئے گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا۔
    • پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے پاکستان کی جانب سے شملہ معاہدہ ختم ہو چکا ہے اور اب ہم ایل او سی پر 1948 والی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ شملہ معاہدے میں ایسی شقیں تھیں کہ دو طرفہ مسائل حل کیے جائیں گے اور اب یہ معاہدہ اس حالیہ جنگ کے بعد ختم ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق ’اس معاہدے کی اب کوئی وقعت نہیں رہی ہے۔‘ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شملہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد کنٹرول لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اب سیز فائر لائن بن جائے گی۔ ان کے مطابق انڈیا اور پاکستان اب واپس 1948 والی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔‘ ان کا کہنا ہے کہ شملہ معاہدہ دو ممالک کے درمیان ہے، اس میں ورلڈ بینک یا کوئی تیسرا فریق نہیں ہے، شملہ معاہدہ نہ ہونے سے کنٹرول لائن سیز فائر لائن ہو جائے گی، سیز فائرلائن اس کا اصل سٹیٹس تھا جو بحال ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 1948 کے بعد رائے شماری سے متعلق جو ہوا اس کے بعد یہ سیز فائر لائن ہے۔ ان کے مطابق انڈیا کے اقدامات کی وجہ سے شملہ معاہدے کی حیثیت اب ختم ہو گئی ہے۔
    • پاکستان میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ قیمتوں کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 4,300 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 358,400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح، 10 گرام سونے کی قیمت میں 3,687 روپے کا اضافہ ہوا جو کہ 307,270 روپے ہو گئی ہے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’سکیورٹی وجوہات‘ کی بنا پر افغانستان اور ایران سمیت 12 ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی کے حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں۔ اس پابندی کا اطلاق سوموار نو جون سے شروع ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ صدر ٹرمپ نے سات دیگر ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر جزوی طور پر پابندی عائد کی ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس پابندی کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’گزشتہ دنوں کولوراڈو میں کیے جانے والا دہشت گرد حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ غیر ملکی شہری جو درست طریقے سے ویری فائی نہیں ہوتے، ہمارے ملک کے لیے شدید خطرہ بن سکتے ہیں۔‘
  10. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید! اس صفحے پر ہم پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبریں اور تجزیے آپ کے لیے پیش کریں گے۔

    تاہم اگر آپ پانچ جون تک کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔