زیلنسکی کی امریکہ یوکرین مذاکرات اگلے ہفتے سعودی عرب میں ہونے کی تصدیق، ان کے پاس معاہدے کے سوا چارہ نہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ٹرمپ کا اگلے ہفتے سعودی عرب میں مذاکرات سے قبل بیان میں کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے پاس ڈیل کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ یوکرین ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے کیونکہ ان کے پاس کوئی اور چارہ نہیں ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ روس بھی ایک مخصوص اور منفرد طریقے سے ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور اس طریقے کو صرف میں جانتا ہوں۔‘
صدر ٹرمپ کے مطابق ’ان کے پاس بھی کوئی اور راستہ نہیں ہے۔‘ صدر ٹرمپ نے اپنے سعودی عرب جانے کی تصدیق کی مگر اس سوال پر تبصرہ نہیں کیا کہ آیا وہ زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کریں گے یا نہیں۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمر زیلنسکی نے امریکہ اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’امریکہ یوکرین مذاکرات اگلے ہفتے سعودی عرب میں ہوں گے۔‘
صدرزیلینسکی نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ یوکرینی مذاکراتی ٹیم اگلے ہفتے سعودی عرب میں امریکی حکام سے ملاقات کرے گی۔
’اگلے پیر کو میرا سعودی عرب کا دورہ طے ہے، جہاں میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کروں گا۔ اس کے بعد میری ٹیم سعودی عرب میں رک کر ہمارے امریکی پارٹنرز کے ساتھ کام کرے گی۔‘