آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما سمی دین بلوچ جیل سے رہا

منگل کو سندھ کے محکمہ داخلہ نے لوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما سمی دین بلوچ کے خلاف جاری کیا گیا ایم پی آرڈر واپس لے لیا جس کے بعد انھیں رہا کر دیا گیا۔

خلاصہ

  • یورپی یونین کی فنڈنگ میں خرد برد کے کیس میں میرین لی پین کو مجرم قرار دے دیا گیا
  • بی این پی کا ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی رہائی کے لیے دیا گیا دھرنا چوتھے روز بھی جاری۔
  • بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں سکیورٹی خدشات کے باعث لوگوں کے مختلف سیاحتی مقامات جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
  • میانمار میں 28 مارچ کو آنے والے زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1700 ہو گئی ہے جبکہ 3400 سے زائد زخمی ہیں۔
  • میانمار کی فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سینکڑوں لوگ تاحال لاپتہ ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
  • میانمار میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں بینکاک میں منہدم ہونے والی عمارت سے اب تک 18 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ عمارت میں کام کرنے والے دیگر 76 افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جوہری معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کو ’بمباری‘ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

لائیو کوریج

  1. میانمار میں امدادی کارروائیوں کے لیے فوری طور پر 80 لاکھ ڈالرز درکار ہیں: عالمی ادارہ صحت

    اقوامِ متحدہ کے ادارے ڈبلیو ایچ او (عالمی ادارہ صحت) نے زلزلے سے متاثرہ میانمار میں امدادی کارروائیوں کے لیے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے فوری طور پر 80 لاکھ امریکی ڈالرز کی ضرورت ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ جمعے کو آنے والے زلزلے کے بعد ہزاروں افراد کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ اسے اگلے 30 روز تک طبی امداد کی فراہمی، بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے چندے کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ 28 مارچ کو آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں میانمار میں اب تک 1700 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سینکڑوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

  2. میانمار زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1700 ہو گئی، ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری

    میانمار میں 28 مارچ کو آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1700 ہو گئی ہے۔ زلزلے کے بعد 3400 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں لوگ تاحال لاپتہ ہیں۔

    اتوار کے روز میانمار کی فوج کے سربراہ نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم کو فون پر بتایا تھا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    میانمار میں امدادی ٹیمیں اب بھی زلزلے کی وجہ سے منہدم ہو جانے والی عمارتوں کے نیچے دبے لوگوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ منہدم ہو جانے والی عمارتوں میں ہوٹل، سکول، بدھ مت کے مندر، مساجد، اور گھر شامل ہیں۔

    ملک کے فائر سروسز ڈپارٹمنٹ کے مطابق، جمعے کے روز آنے والے زلزلے کے مرکز کے قریب منڈلے اور ساگانگ سمیت متعدد علاقوں سے درجنوں افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ متعدد لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

    زلزلے کے 60 گھنٹوں بعد اتوار کے روز ساگانگ کے علاقے میں ایک سکول کی منہدم ہونے والی عمارت سے چار افراد کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر منڈلے میں منہدم ہونے والی ایک سکول کی عمارت سے ایک اُستانی کو بھی زندہ نکال لیا گیا۔

    اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ زلزلے کے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ہی حکومت نے مخالف گروہوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔

    اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر میں میانمار کی ٹیم کی قیادت کرنے والے جیمز روڈہیور کا کہنا ہے کہ ’مقامی سطح پر موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعے کو آنے والے زلزلے کے فوراً بعد ہی فوج نے فضائی حملے شروع کر دیے تھے۔

    جیمز روڈہیور کا کہنا ہے کہ ’میانمار کی فوج زلزلے سے متاثرہ علاقوں سمیت اپنے ہی لوگوں پر فضائی حملے کر رہی تھی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ ملبے تلے دبے لوگوں کی مدد کو آنے والوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔‘

    دوسری جانب، جمعے کے روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں منہدم ہونے والی زیرِ تعمیر عمارت سے اب تک 18 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ عمارت میں کام کرنے والے دیگر 76 افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔

    تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم انوتین چرنیراکول نے منہدم عمارت کے مقام پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’امدادی ٹیمیں ملبے کے نیچے زندہ لوگوں کی جان بچانے کے لیے جدید سکینرز کا استعمال کر رہی ہیں، تاہم ملبے کے نیچے ںے ملنے والے سگنلز کمزور ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ اس زیرِ تعمیر عمارت کے منہدم ہونے کی کوئی تو وجہ تھی۔ ’میں نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس عمارت کے گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے کام کرے گی اور اس افسوسناک واقعے کی رپورٹ پیش کریں گے۔‘

  3. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • میانمار میں 28 مارچ کو آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1700 ہو گئی ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں 3400 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 300 کے قریب لوگ تاحال لاپتہ ہیں۔ گذشتہ روز ساگانگ کے علاقے میں ایک سکول کی منہدم ہونے والی عمارت سے چار افراد کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ منڈلے میں بھی ایک استانی سکول کی عمارت سے ایک اُستانی کو زندہ نکال لیا گیا۔
    • میانمار میں آنے والے زلزلے کے نتیجے مِں بینکاک میں زیر تعمیر عمارت کے منہدم ہونے پر تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم انوتین چرنیراکول نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
    • ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی دیگر خواتین رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف مستونگ کے علاقے لک پاس پر دھرنا اتوار کو تیسرے روز بھی جاری رہا۔
    • پاکستان کے شہر پشاور میں ایک ہندو شہری کو مبینہ طور پر اسلام قبول کرنے کا مطالبہ نہ ماننے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس بارے میں مزید پڑھیے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جوہری معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کو 'بمباری' کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا ارنا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پژشکیان کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے امریکہ کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ بالواسطہ مذاکرات کے لیے راضی ہے۔
  4. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔