آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عمران خان رہائی فورس کے اعلان پر حکومتی ردعمل: ’یہ چاہتے ہیں کہ رمضان میں بھی عمران خان کی ملاقاتیں نہ ہوں‘

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں جب رانا ثنا اللہ سے عمران خان رہائی فورس کے قیام سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’یہ عمران خان کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ رمضان کے دوران بھی عمران خان کی ملاقاتیں نہ ہو سکیں۔‘

خلاصہ

  • سپریم کورٹ: عمران خان کی توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے سے متعلق اپیل پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری
  • سی ٹی ڈی بلوچستان کا کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 14 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
  • پاکستان میں موجودہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران کار سازی کی صنعت میں 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
  • انڈین سیکریٹری خارجہ کی جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے سربراہ ڈاکٹر شفیق رحمان سے ڈھاکہ میں ملاقات

لائیو کوریج

  1. افغان طالبان کا سعودی عرب کی درخواست پر تین پاکستانی فوجی رہا کرنے کا دعویٰ, سید عبداللہ نظامی، بی بی سی پشتو

    طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ سعودی عرب کی ثالثی کے ذریعے تین پاکستانی فوجیوں کو رمضان المبارک کے موقع پر جیل سے رہا کیا گیا۔

    ذبیح مجاہد نے دعویٰ کیا کہ فوجیوں کو 12 اکتوبر کو جنوبی افغانستان میں ڈیورنڈ لائن پر طالبان کی سرکاری افواج کے ’انتقامی حملوں‘ کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

    طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان نے مزید کہا کہ ’امارت اسلامیہ نے ان قیدیوں کو دوسرے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے کے لیے رہا کیا۔‘ انھوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستانی افواج نے افغان جانب سے کوئی فوجی نہیں پکڑا۔

    طالبان حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امارت اسلامیہ افغانستان نے تمام ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات پر زور دینے کی اپنی پالیسی کے مطابق رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد کے اعزاز میں جو کہ رحمتوں اور مغفرتوں کا مہینہ ہے اور برادر ملک سعودی عرب کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کی میزبانی کی درخواست کے جواب میں کل پیر کے روز کابل پہنچنے والے تین پاکستانی فوجیوں کو قیدیوں کے ساتھ رہا کیا۔‘

    پاکستان نے ابھی تک ان قیدیوں کی رہائی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

    11 اکتوبر کو کیا ہوا؟

    9 اکتوبر 2025 کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ بعد ازاں طالبان حکومت کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے کابل کی فضائی حدود کی ’خلاف ورزی‘ کی ہے اور پکتیکا اور کنڑ میں شہری علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔

    طالبان حکومت نے خبردار کیا کہ یہ ’جارحیت‘ لا جواب نہیں جائے گی اور ’مناسب‘ وقت پر جواب دیا جائے گا۔

    11 اکتوبر کی شام ڈیورنڈ لائن پر بڑے پیمانے پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ اسی دوران، طالبان حکومت کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کی افواج نے ڈیورنڈ لائن کے پاکستانی جانب ’جوابی‘ حملے شروع کیے ہیں، جو 12 اکتوبر تک جاری رہے، کشیدگی میں اضافہ ہوا، اور پاکستانی افواج نے افغانستان کے اندر کئی علاقوں پر فضائی حملے بھی کیے۔

    افغانستان میں طالبان حکومت اور پاکستانی فریق کے درمیان قطر کی ثالثی میں جنگ بندی ہوئی تاہم کئی علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔ قطر اور ترکی میں ناکام مذاکرات کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ سعودی عرب نے دونوں فریقوں کے درمیان ثالثی کے لیے قدم بڑھایا ہے لیکن بظاہر سعودی شمولیت اور مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

    یہ پہلا موقع ہے کہ سعودی وفد نے پاکستانی فوجیوں کی رہائی کے لیے افغانستان اور پاکستان کے درمیان کھل کر ثالثی کی ہے۔

    اگرچہ پاکستانی افواج پہلے بھی طالبان حکومت کے خلاف سخت زبان استعمال کرتی رہی ہیں لیکن انھوں نے یہ نہیں کہا کہ ان کے فوجیوں کو طالبان حکومت نے قید میں رکھا ہوا ہے۔

    بی بی سی کے ساتھ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی گفتگو میں جو بات واضح ہوتی ہے وہ ’ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات‘ پر زور اور سعودی ثالثی کا خیرمقدم ہے، جس نے گذشتہ چند مہینوں میں پہلی بار ایک عملی قدم آگے بڑھایا ہے۔

  2. جنیوا میں روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شروع

    روس اور یوکرین کے وفود جنیوا میں امریکہ کی ثالثی میں تازہ ترین مذاکرات کے لیے مل رہے ہیں، یہ ملاقات ماسکو کی طرف سے یوکرین پر حملے کی چوتھی سالگرہ کے ایک ہفتے قبل ہو رہی ہے۔

    کسی بڑی پیشرفت کی توقع کم ہے کیونکہ ماسکو اب بھی یوکرینی علاقوں پر اپنے زیادہ سے زیادہ مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹا۔ روس کے یوکرین پر رات کے وقت حملے جاری ہیں، جس سے پہلے ہی تباہ شدہ بجلی کے نظام کو مزید نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ درجہ حرارت منفی میں جا رہا ہے۔

    سوئٹزرلینڈ میں وفود کی ملاقات سے چند گھنٹے قبل ماسکو نے ایک بڑے فضائی حملے میں 12 علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں 400 ڈرون اور تقریباً 30 میزائل داغے گئے ہیں، جن میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے۔

    یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے کہا کہ تازہ حملے ظاہر کرتے ہیں کہ ’روس امن کی کوششوں کو کس حد تک نظرانداز کرتا ہے۔‘ روس کا کہنا ہے کہ اس کی فضائی دفاعی نظام نے 150 سے زائد ڈرونز کو مار گرایا، جبکہ ایک آئل ریفائنری یوکرینی ڈرون حملے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔

    منگل کے مذاکرات کی ثالثی ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر کر رہے ہیں۔ یوکرین کی نمائندگی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری رستم عمرُوف اور صدر ولادیمیر زیلنسکی کے چیف آف سٹاف کیریلو بودانوف کر رہے ہیں۔ روسی وفد میں صدر ولادیمیر پوتن کے مشیر ولادیمیر میدینسکی اور فوجی انٹیلیجنس کے ارکان شامل ہیں۔

    کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ آج کوئی خبر سامنے آئے گی‘ اور مزید کہا کہ مذاکرات بُدھ کو بھی جاری رہیں گے۔‘

    صدر ٹرمپ نے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو ’جلدی مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔‘ انھوں نے پہلے بھی اس تنازع کے حل میں سست رفتاری پر اپنی بے صبری ظاہر کی ہے۔

    روس اس وقت یوکرین کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر قابض ہے، جس میں مشرقی دونباس کے بڑے حصے شامل ہیں۔ کریملن چاہتا ہے کہ یوکرین باقی علاقہ بھی حوالے کرے، جسے یوکرین نے مسترد کر دیا ہے۔

    کئیو کا کہنا ہے کہ مغرب، خصوصاً امریکہ کی جانب سے مضبوط سلامتی کی ضمانتیں کسی بھی معاہدے سے پہلے لازمی ہیں۔

    نائب وزیر توانائی آرتیم نیکراسوف نے بتایا پیر کی رات کے حملوں میں محاذ کے قریب شہر سلوویانسک میں کم از کم تین کارکن ہلاک ہوئے۔ صدر زیلنسکی کے مطابق ملک بھر میں مزید نو افراد زخمی ہوئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ دس سے زائد رہائشی عمارتیں اور ریلوے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔

    انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’روس کو اپنی جارحیت کا حساب دینا ہوگا۔ امن کو حقیقی اور منصفانہ بنانے کے لیے کارروائی اسی جارحیت کے واحد منبع کو نشانہ بنانی چاہیے۔‘

    کئیو کے مطابق روس کی جانب سے 12 علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور جنوبی بندرگاہی شہر اوڈیسا میں ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔

    ڈی ٹی ای کے، جو ملک کی سب سے بڑی نجی توانائی کمپنی ہے، نے کہا کہ شہر کا بجلی کا نظام ’انتہائی سنگین‘ نقصان کا شکار ہوا ہے اور اسے بحال کرنے میں طویل وقت لگے گا۔ یوکرین شدید توانائی بحران کا سامنا کر رہا ہے کیونکہ روسی حملے مسلسل جاری ہیں اور ملک سخت سردیوں کی لپیٹ میں ہے۔

    یوکرین نے بھی رات کو روس پر جوابی حملے کیے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ جنوبی کراسنودار کے علاقے میں ایلسکی آئل ریفائنری ڈرون حملے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ تیل کی مصنوعات ذخیرہ کرنے والا ایک ٹینک بھی جل گیا۔

    سرحدی علاقہ بیلگورود بھی حملوں کی زد میں رہا، یوکرین نے درجنوں ڈرونز داغے اور بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچایا۔

    یہ تازہ مذاکرات گذشتہ ماہ ابو ظہبی میں ہونے والی سہ فریقی بات چیت کے بعد ہو رہے ہیں، جو روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان پہلی ملاقات تھی۔ وہ مذاکرات کسی بڑی پیشرفت کے بغیر ختم ہوئے، تاہم اس کے بعد کئی ماہ میں پہلی بار جنگی قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔

  3. سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر آگیا

    سعودی عرب کی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں ماہ رمضان کا چاند نظر آگیا ہے۔

    رویت ہلال کمیٹی کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے باقاعدہ اعلان کیا گیا کہ سعودی عرب میں بروز بدھ 18 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔

  4. امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور پہلے کے مقابلے میں زیادہ مثبت رہا: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور پہلے دور کے مقابلے میں زیادہ مثبت رہا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ اہم اصولوں پر مفاہمت ہو گئی ہے۔

    عباس عراقچی کے مطابق اس بار ’بات چیت کافی سنجیدہ تھی‘ اور ’زیادہ تعمیری ماحول تھا‘ اور ’مختلف خیالات پیش کیے گئے اور ان پر سنجیدگی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

    ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’رہنما اصولوں پر کلی اتفاق ہوا ہے، اور ان اصولوں کی بنیاد پر ہم ایک دستاویز کی تیاری شروع کریں گے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ کام فوری طور پر مکمل نہیں ہوگا، لیکن ایران اسے آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ البتہ اگلے دور کے لیے ’کوئی مخصوص وقت طے نہیں ہوا اور فیصلہ ہوا کہ ایک ممکنہ معاہدے کے متن پر کام کریں، پھر ایسے متن کا تبادلہ کریں اور پھر تیسرے دور کے لیے تاریخ مقرر کریں۔‘

    عباس عراقچی نے کہا کہ مجموعی طور پر مذاکرات کے اس دور میں ’پچھلے سیشن کے مقابلے میں اچھی پیش رفت ہوئی، اور اب ہمارے پاس آگے کا راستہ واضح ہے، جو کہ مثبت ہے۔‘

  5. ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم: ’ایرانی وفد مذاکرات کے عمل سے مطمئن‘

    ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق جوہری معاملے پر ایران اور امریکہ کے درمیان ’بالواسطہ‘ مذاکرات کا دوسرا دور جنیوا میں اختتام پذیر ہو گیا۔

    اطلاعات کے مطابق ایرانی وفد مذاکرات کے مقام سے چلا گیا ہے۔

    اس دوران وہاں موجود صحافیوں کا کہنا ہے کہ امریکی وفد اس عمارت میں داخل نہیں ہوا جہاں عمان کے وزیر خارجہ اور ایرانی ٹیم موجود تھی۔

    ایرانی وفد اقوام متحدہ میں عمانی سفیر کی رہائش گاہ پر موجود تھا۔

    ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد مذاکرات کے عمل سے مطمئن ہے اور اس کے جاری رہنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

  6. تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع، ’امریکہ ایران کو تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو گا‘: خامنہ ای

    ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان ’بالواسطہ‘ جوہری مذاکرات کا دوسرا دور جنیوا میں شروع ہو چکا ہے۔

    جوہری مذاکرات شروع ہوتے ہی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کو تباہ کرنے میں ’کامیاب نہیں ہو گا‘۔

    امریکہ کی جانب سے طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کا ذکر کرتے ہوئے خامنہ ای نے زور دے کر کہا کہ ’بحری جہاز یقیناً ایک خطرناک ہتھیار ہے، لیکن سب سے خطرناک ہتھیار وہ ہے جو اسے سمندر کی گہرائیوں میں ڈبو سکتا ہے۔‘

    ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق خامنہ ای نے مزید کہا کہ ’ایجنٹوں کے علاوہ تمام متاثرین اور ہلاک ہونے والے ایران کے فرزند ہیں‘۔

    یہ بات اس ملاقات کے دوران ہوئی جس میں خامنہ ای نے منگل کے روز مشرقی آذربائیجان صوبے میں ’18 فروری 1978 کو تبریز کے عوام کی بغاوت‘ کی سالگرہ کے موقع پر ہزاروں ایرانیوں سے ملاقات کی۔

    ایک سینیئر ایرانی اہلکار نے منگل کو خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ جنیوا میں موثر جوہری مذاکرات کو یقینی بنانے کے لیے ایران پر سے پابندیاں ہٹانے اور غیر حقیقی مطالبات سے گریز کرنے میں امریکہ کی سنجیدگی ضروری ہے۔

    ایرانی نشریاتی ادارے نے خبر دی ہے کہ امریکی وفد نے عمانی وزیر خارجہ اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کی اور ان ملاقاتوں کے ذریعے مذاکرات کا یہ دور ’تکنیکی مرحلے‘ میں داخل ہو گیا۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی وفد مذاکرات کے لیے جائے گا انھوں نے کہا کہ بالواسطہ مذاکرات کے اس دور کا موضوع جوہری فائل تھا۔

  7. ’جنگی جہاز خطرناک مگر زیادہ خطرناک وہ ہتھیار ہے جو اسے سمندر میں غرق کر سکتا ہے‘: ایرانی رہبرِ اعلیِ کی امریکہ کو دھمکی

    ایران کے رہبرِ اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ امریکی صدر اکثر کہتے ہیں کہ ان کے پاس دنیا کی طاقتور ترین فوج ہے لیکن ’طاقتور ترین فوج کو بھی کبھی ایسی چوٹ لگتی ہے کہ وہ دوبارہ کھڑی نہیں ہو پاتی۔‘

    منگل کو ان کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں مزید کہا گیا تھا کہ ’امریکی مسلسل کہہ رہے ہیں کہ انھوں نے ایران کی طرف ایک جنگی جہاز بھیجا ہے۔ ظاہر سی بات ہے ایک جنگی جہاز خطرناک عسکری شہہ ہے۔‘

    ’تاہم اس سے خطرناک وہ ہتھیار ہے جو کسی جنگ جہاز کو سمندر کی تہہ میں غرق کر سکتا ہے۔‘

    ایران کے رہبرِ اعلیٰ کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ امریکہ نے یو ایس ایس جیرلڈ آر فورڈ نامی بحری جنگی جہاز مشرقِ وسطیٰ کی طرف روانہ کیا ہے۔

  8. جیکب آباد میں ٹک ٹاکر کے مبینہ گینگ ریپ کا مقدمہ درج: ’میری بیوی کو ٹک ٹاک بنانے کی سزا دی گئی‘, ریاض سہیل، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

    سندھ کے شمالی ضلع جیکب آباد میں ایک ٹک ٹاکر خاتون کے مبینہ گینگ ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ تین مفرور ہیں۔

    جیکب آباد تھانے میں دائر مقدمے میں خاتون نے موقف اختیار کیا ہے کہ 15 فروری کی دوپہر تین بجے ان کے شوہر کو ٹیلی فون پر ایک ملزم نے کال کی اور کہا کہ ان کی بیوی ٹک ٹاک بنانا چاتی ہیں لہذا وہ ٹک ٹاکر (اپنی اہلیہ) کو بھیج دے۔

    مدعی کے مطابق وہ اپنے شوہر کے ہمراہ اپنی کار میں روانہ ہوئیں اور ملزم کے گھر پہنچے جہاں ان کے شوہر کو یہ کہہ کر باہر روک دیا گیا کہ اندر خواتین موجود ہیں اور ان کو اپنے ساتھ لے گئے۔

    مدعی کے مطابق ’میں اندر گئی تو وہاں چار مرد موجود تھے۔ انھوں نے مجھے پانی پلایا اور کہا کہ جکھرانی قبیلے کی کوئی لڑکی ٹک ٹاک نہیں بناتی تو تم نے یہ کام کیسے کر لیا۔‘

    مدعی نے موقف اختیار کیا کہ تقریبا ساڑھے دس بجے ملزمان انھیں ایک کمرے میں لے گئے جہاں پستول دکھا کر انھیں بے لباس کیا اور ویڈیو ریکارڈنگ کی۔

    مدعی کے مطابق اس کے بعد ملزمان نے باری باری ان کا ریپ کیا اور تین گھنٹے بعد چھوڑ دیا۔

    خاتون ٹک ٹاکر کے شوہر کا دعویٰ ہے کہ ان کی بیوی کو ٹک ٹاک بنانے کی سزا دی گئی اور کہا گیا کہ اگر وہ ٹک ٹاک بنانے سے باز نہ آئیں تو ان کی عریاں ویڈیوز انٹرنیٹ پر شیئر کر دی جائیں گی۔

    پولیس نے گینگ ریپ اور ویڈیو بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی جیکب آباد محمد کلیم ملک نے بی بی سی کو بتایا کہ مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور دیگر کی تلاش جاری ہے جبکہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل چیک اپ بھی کروایا گیا ہے۔

  9. پہلگام حملے کے بعد ’نو گو زون‘ قرار دیے گئے درجنوں مقامات کو سیاحت کے لیے کھول دیا گیا, ریاض مسرور، بی بی سی اُردو، سرینگر

    انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی انتظامیہ نے پیر کے روز مزید ایسے 14 سیاحتی مقامات کو سیاحتی سرگرمیوں کے لیے بحال کر دیا ہے جنھیں پہلگام حملے کے بعد عام سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

    گذشتہ برس اپریل میں مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں انڈین سیاحوں پر مسلح عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک مقامی گھوڑے بان سمیت 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد انڈین حکومت نے پہلگام سمیت جموں اور کشمیر کے 50 سیاحتی مقامات کو ’نو گو زون‘ قرار دے کر وہاں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    پہلگام میں محدود سیاحتی سرگرمیوں کی اجازت گذشتہ برس ستمبر میں ہی دی گئی تھی اور بعد ازاں بعض دیگر سیاحتی مقامات کو بھی بحال کیا گیا لیکن سیاحوں کو پہاڑوں یا جنگلوں کی سیر کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

    تازہ حکمنامے کے مطابق سکیورٹی صورتحال کا باریکی سے جائزہ لینے کے بعد کشمیر میں یوس مرگ، دودھ پتھری، کوکرناگ کی ڈانڈی پورہ پارک، شوپیان کے پڑپاون اور دھوبجن ، سرینگر کے ٹیولِپ گارڈن، سونہ مرگ کے تھاجواس گلیشئیر، گاندربل کی ہنگ پارک، جھیل ولر اور وٹلب کے مقامات پر سیاحت کو بحال کیا گیا۔ جموں میں بھی کئی ماہ کی پابندی کے بعد سیاحوں کو ریاسی کے دیوی پنڈی، رام بن کے مہو منگت اور کشتواڑ کے مغل میدان مقامات کو بھی عام سیاحت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    سیاحت کے شعبے سے جڑے ہوٹل مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سربراہ جاوید ٹینگا نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم کئی ماہ سے یہ گزارش کر رہے تھے کہ ان مقامات کو سیاحت کے لیے کھول دیا جائے۔ یہ بہت اچھا فیصلہ ہے کیونکہ سیاحت کے ساتھ لاکھوں لوگوں کا روزگار جڑا ہے اور یہ کشمیر کی معیشت کا ایک اہم ستون ہے۔‘

  10. عمران خان کی رہائی کے لیے سب سے زیادہ کوشش محسن نقوی نے کی: علی امین گنڈا پور

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے سب سے زیادہ کوششیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی ہیں۔

    سابق وزیر اعظم عمران خان متعدد مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور تقریباً ڈھائی سال سے جیل میں ہیں۔

    پیر کی رات ٹیلی وژن چینل سما کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا ’حلف پر کہہ رہا ہوں کہ محسن نقوی نے اس مسئلے کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔‘

    سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ محسن نقوی وہ واحد شخص ہیں جو فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سامنے بھی بات کر لیتے ہیں ’ورنہ یہاں پر میں نے اور نہیں دیکھے (جو فیلڈ مارشل کے سامنے بات کر سکیں)۔ محسن نقوی نے (عمران) خان کے لیے ان سے بھی بات کی۔‘

    اینکر ندیم ملک نے سوال کیا کہ کیا محسن نقوی نے عمران خان کی رہائی کے لیے فیلڈ مارشل سے بات کی؟

    علی امین گنڈا پور کا جواب تھا: ’اس پر جب بھی کبھی بات ہوئی تو محسن نقوی کا رویہ مثبت تھا اور انھوں نے فیلڈ مارشل کے سامنے بھی بات کی۔ جب کہ میں نے کسی اور میں اتنی جرأت نہیں دیکھی۔‘

    راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اتحادی جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن بھی مظاہرے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پشاور اسلام آباد موٹروے (ایم ون) اور ہاکلہ ڈی آئی خان موٹروے (ایم 14) مختلف مقامات پر بند ہیں۔

  11. رواں سال کا پہلا سورج گرہن کہاں کہاں دیکھا جا سکے گا؟

    رواں سال کا پہلا سورج گرہن آج ہونے جا رہا ہے اور یہ دنیا کے کئی حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔

    اس گرہن کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مکمل گرہن نہیں ہوگا بلکہ یہ ایک دائرے کی طرح نظر آئے گا۔ اس میں سورج کا تقریباً 96 فیصد حصہ چاند سے ڈھک جائے گا۔

    یہ گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان سے گزرتا ہے لیکن چاند مکمل طور پر سورج کو ڈھانپ نہیں پاتا۔

    سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق منگل کی سہ پہر دو بج کر 56 منٹ پر شروع ہوگا اور تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک رہے گا۔ یہ گرہن مکمل طور پر شام سات بج کر 27 منٹ پر ختم ہو گا۔

    سورج گرہن کہاں دکھائی دے گا؟

    تاہم یہ سورج گرہن پاکستان اور انڈیا میں نظر نہیں آئے گا۔ یہ جنوبی افریقہ، انٹارکٹیکا اور جنوبی امریکہ کے کچھ حصوں میں نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ یہ زمبابوے، ماریشیس، موزمبیق، تنزانیہ، نمیبیا، چلی اور آرجنٹینا میں بھی دیکھا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ اس گرہن کا جزوی حصہ بحر ہند کے کچھ حصوں میں بھی نظر آئے گا۔

  12. انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں بچوں کی جیل سے دو پاکستانیوں سمیت تین بچے فرار, ریاض مسرور، بی بی سی اُردو، سرینگر

    انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ضلع رنبیر سنگھ پورہ میں واقع بچوں کے لیے مخصوص جیل (جوِنائل ہوم) سے تین بچے فرار ہو گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق اتوار کی شام ان بچوں نے جیل کی ایک بیرک پر تعینات دو سکیورٹی اہلکاروں وِنے کمار اور پروین کمار پر حملہ کر کے انھیں زخمی کر دیا اور جیل سے فرار ہو گئے۔

    زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے بچوں میں سے ایک کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب اور دوسرے کا تعلق دھیر پور تحصیل مظفرآباد سے ہے جبکہ تیسرا نوعمر رنبیر سنگھ پورہ کا مقامی رہائشی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والوں میں شامل دو پاکستانی بچوں کا مسلح عسکریت پسندی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور انھیں غلطی سے سرحد عبور کرتے وقت گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک بیان میں جموں و کشمیر پولیس نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ایل او سی کے قریبی علاقوں میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے، کیونکہ پاکستانی بچوں کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ واپس پاکستان جانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

  13. کراچی: سی ٹی ڈی کا مبینہ مقابلے میں کالعدم بی ایل اے بشیر زیب گروپ کے چار شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ, ریاض سہیل، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

    سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا کہنا ہے کہ کراچی میں مبینہ مقابلے میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) بشیر زیب گروپ سے تعلق رکھنے والے چار مشتبہ شدت پسندوں مارے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کیپٹن اظفر مہیسر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ سی ٹی ڈی نے زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں واقع ایک گھر پر چھاپا مارا تو وہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    ’اس فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے دو جوان زحمی ہوئے، دو دہشت گرد فرار ہو گئے جبکہ تین دہشت گرد جنھیں نشاندہی کے لیے لیکر گئے تھے وہ زخمی ہو گئے۔‘ ان کا مزید دعویٰ ہے کہ زخمی ملزمان کو ہسپتال لیکر جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہلاک ہو گئے جبکہ گھر کے اندر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جو فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا ہے۔

    ڈی آئی جی اظفر مہیسر کے مطابق گھر کے اندر سے پولیس کو کچھ دھماکہ خیز مواد، ایک ایس ایم جی اور پانچ دستی بم بھی ملے ہیں جبکہ گھر کو مزید تلاشی کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی پولیس کا دعویٰ ہے کہ پانچ جنوری کو رئیس گوٹھ سے دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار ہونے والے تین ملزمان کی نشاندہی پر یہ کارروائی کی گئی تھی، جن کی شناخت جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید کے نام سے کی گئی تھی۔

    ڈی آئی جی مہیسر کے مطابق ہلاک ہونے والے چوتھے ملزم کی شناخت کے لیے اس کے فنگر پرنٹس لیے گئے ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ تمام ملزمان کا تعلق بی ایل اے کے بشیر زیب گروپ سے ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ ’تخریب کاری کے ایک بڑے منصوبے‘ کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ اس میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 200 کلوگرام سے زائد بارودی برآمد کیا گیا ہے۔

  14. عمران خان نہ صرف جیل سے باہر آئیں گے بلکہ ملک کی قیادت بھی کریں گے: زلفی بخاری

    سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے ترجمان زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ انھیں یقین ہے کہ نہ صرف عمران خان جیل سے باہر آئیں گے بلکہ ملک کی قیادت بھی کریں گے۔ تاہم انھوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ اگر سابق وزیرِ اعظم کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک جاری رکھنے دیا گیا تو ایک دن انھیں ختم بھی کیا جا سکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے سکائی نیوز کی صحافی یلدا حکیم نے ایک انٹرویو کے دوران زلفی بخاری سے سوال کیا کہ کیا عمران خان کبھی جیل سے جیل سے باہر آ پائیں گے۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اگر آپ عمران خان کو جانتے ہیں تو آپ کو معلوم ہو گا کہ ایک دن نہ صرف وہ جیل سے باہر آئیں گے بلکہ باہر آ کر ملک کی قیادت بھی کریں گے۔

    عمران خان کی صحت کے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاست سے قطع نظر، ایک دوست کی حیثیت سے میں جاننا چاہوں گا کہ وہ خیریت سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اس ہی صورت ممکن ہے اگر عمران خان کے اہلِ خانہ، ذاتی معالجین اور قانونی ٹیم کو ان تک رسائی دی جائے۔

    جب ان سے پوچھا گیا کہ عمران خان کے حوالے سے انھیں سب سے بڑا خدشہ کیا ہے تو زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پہلے بھی عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے، انھیں ہسپتال میں داخل کیا گیا لیکن اس بارے میں چھپایا گیا، انھیں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا، اب ان کی آنکھ کے بارے میں پتا چلا ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر حالات ایسے ہی چلنے دیے گئے اور ہم نے اس بارے میں بھرپور آواز نہیں اٹھائی تو اس طرح کے حالات معمول بن جائیں گے اور ہو سکتا ہے کہ عمران خان کو ختم بھی کر دیا جائے۔

    عمران خان کے بیٹوں کے ویزوں کے اجرا میں تاخیر کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک آن لائن سسٹم ہے، حکام جانتے ہیں کہ وہ دونوں کون ہیں، کیوں آ رہے ہیں، کہاں رکیں گے۔ ’ایسے میں انھیں اپنے والد، جن سے وہ تقریباً تین سال سے نہیں ملے، سے ملنے کے لیے آنے کے واسطے ویزے جاری نہ کرنا ایک غیر انسانی عمل ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکام نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کے ویزوں کی درخواستیں مسترد نہیں کی ہیں، ’وہ بس کہتے ہیں کچھ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے وزارتِ داخلہ میں زیرِ التوا ہیں۔‘

  15. مظاہروں کے باعث پشاور-اسلام آباد اور ایم-14 موٹرویز مختلف مقامات پر بند

    نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے باعث پشاور-اسلام آباد (ایم ون) اور ہاکلہ-ڈی آئی خان (ایم-14) موٹرویز مختلف مقامات پر بند ہیں۔

    این ایچ ایم پی کے مطابق، پشاور سے اسلام آباد کی جانب جانے والی ایم ون موٹروے صوابی انٹرچینج سے برہان انٹرچینج تک دونوں اطراف کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے جبکہ مردان-رشکئی انٹر چینج بھی بلاک ہے۔ حکام کی جانب سے لوگوں کو جی ٹی روڈ کا متبادل راستہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایم-14 موٹروے، جسے سی پیک کا مغربی روٹ بھی کہا جاتا ہے، حکام کے مطابق ڈی آئی خان کے نزدیک یارک انٹرچینج سے سی پیک انٹر چینج عیسیٰ خیل تک بلاک ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے پشاور سے اسلام آباد کی جانب جانے والی موٹروے پر صوابی کے مقام پر دھرنا دے کر راستہ بند کر دیا تھا۔ موٹروے کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان سے پنجاب کی طرف جانے والے راستوں بھکر روڈ، قریشی موڑ، چشمہ روڈ اور سی پیک روڈ پر بھی دھرنے شروع کر دیے تھے جو پی ٹی آئی کے مطابق تاحال جاری ہیں۔

  16. میرا خیال ہے ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور وہ ایران امریکہ مذاکرات میں بالواسطہ طور پر شامل رہیں گے۔

    ایران کے جوہری پروگرام پر امریکہ سے مذاکرات آج جنیوا میں ہونے جا رہے ہیں۔ ان مذاکرات سے ایک دن قبل، پیر کے روز اپنے صدارتی طیارے ایئر فورس ون پر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کی۔

    ایک سوال کے جواب میں کہ ’کیا ایران کے ساتھ معاہدہ تقریباً ناممکن ہے؟‘ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا: ’نہیں، میرا خیال ہے کہ وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ معاہدہ نہ کرنے کے نتائج برداشت کرنا چاہتے ہیں۔‘

    صدارتی طیارے میں واشنگٹن واپسی کا سفر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا: ’میرا خیال ہے کہ ایرانی حکام برے مذاکرات کار ہیں کیوں کہ ہم بی ٹو بمبار طیارے بھیج کر ان کی جوہری صلاحیت تباہ کیے بغیر بھی معاہدے تک پہنچ سکتے تھے۔ مجھے امید ہے کہ اس بار وہ زیادہ سمجھ داری دکھائیں گے۔ وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔‘

    چند گھنٹے پہلے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی تھی کہ ماضی کے مقابلے میں امریکہ کا رویہ ’زیادہ معقول‘ رہے گا۔

    منگل کو ایران امریکہ مذاکرات سے پہلے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کہہ چکے ہیں کہ امریکہ کو ایران سے اپنا تمام افزودہ یورینیم ختم کرنے اور آئندہ مزید افزودگی نہ کرنے کی یقین دہانی کرانے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کسی بھی معاہدے میں ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو شامل کرنا لازمی ہے۔

    تاہم ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی یہ بیان دے چکے ہیں کہ دھمکیوں کے سامنے جھکنا کسی صورت مذاکرات کا حصہ نہیں ہو گا۔

  17. وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی باجوڑ میں ایف سی چیک پوسٹ پر ’خودکُش حملے‘ کی مذمت: کم از کم 10 افراد ہلاک، پولیس, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو، پشاور

    پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ میں ماموند کے علاقے ملنگی میں ایف سی کی ایک چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملے اور اس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تیز کیا جا رہا ہے۔

    ضلع باجوڑ میں اعلیٰ پولیس افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی اُردو کو تصدیق کی ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں ایف سی اہلکاروں سمیت کم از کم دس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    تاحال پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے اس واقعے اور ہلاکتوں سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

    ایک سینیئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی شام اُس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے بارود سے بھری گاڑی اس عمارت سے ٹکرا دی ہے جس میں فرنٹیئر کور کی چیک پوسٹ قائم ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس عمارت میں پہلے ایک مدرسہ بھی فعال تھا۔

    انھوں نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار اور ایک بچی بھی شامل ہے جبکہ ملبے تلے مزید افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

    اس حوالے سے وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ ’دہشت گردوں کے حملے میں فورسز کے اہلکاروں سمیت ایک بچی کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے۔‘

    انھوں نے واقعے کے بعد ریسکیو اداروں کو فوری اور بھرپور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت جاری کی۔ سہیل آفریدی کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تیز کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔‘ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ’دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جامع اور نتیجہ خیز حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔‘

    سہیل آفریدی نے کہا کہ ’دہشت گردی پورے ملک کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے اور صوبے میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

    باجوڑ کا علاقہ ملنگی کہاں واقع ہے؟

    خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے ملنگی میں جس عمارت پر حملے کی اطلاعات ہیں وہاں پہلے ایک مدرسہ قائم تھا لیکن بعد ازاں یہاں سکیورٹی چیک پوسٹ قائم کر دی گئی تھی۔

    لوئی ماموند ضلع کے شمال میں واقع ہے اور بنیادی طور پر ملنگی کا یہ علاقہ باجوڑ کے دوسرے بڑے بازار عنایت کلی سے تقریباً 12 سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

    تحصیل ماموند کی سرحد ایک طرف افغانستان سے ملتی ہے جبکہ دوسری جانب خار بازار سے جڑتی ہے۔ اگر پشاور سے باجوڑ کی طرف سفر کیا جائے تو پہلے صدیق آباد اور پھر عنایت کلی آتا ہے، جس کے قریب ہی ملنگی کا علاقہ واقع ہے۔

    باجوڑ میں حالات ایک عرصے سے کشیدہ ہیں اور آئے روز تشدد کے واقعات کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں۔ چند روز قبل واڑہ ماموند کے علاقے میں ایک حملے میں ایک پولیس انسپکٹر ہلاک ہوا تھا۔ اس سے پہلے بھی باجوڑ میں جمعیت علما اسلام کے مقامی قائدین پر حملے ہو چکے ہیں۔

    دو برس قبل جے یو آئی کی ایک تقریب میں دھماکے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

  18. عمران خان کا علاج ذاتی ڈاکٹرز اور فیملی کی نگرانی میں ہونا ان کا آئینی و قانونی حق ہے: سہیل آفریدی

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ عمران خان کا علاج ان کے ذاتی معالجین کی نگرانی میں، اہل خانہ کی موجودگی میں اور بہترین ہسپتال میں ہونا ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کوئی عام قیدی نہیں بلکہ پاکستان کے سابق وزیراعظم ہیں۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

    سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں اور ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا موجودہ رویہ سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ ذاتی ڈاکٹرز اور اہل خانہ کو نہ ملنے دینا شکوک و شبہات کو بڑھا رہا ہے، اور اگر رپورٹس درست ہیں تو ان کے ملنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے گذشتہ 900 دنوں میں کبھی عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کی لیکن اب معاملہ سنجیدہ نوعیت اختیار کر چکا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کئی دنوں سے بغیر کسی باضابطہ کال کے پرامن احتجاج کر رہے ہیں اور ایک گملہ تک نہ ٹوٹنا اس بات کا ثبوت ہے کہ احتجاج مہذب اور آئینی دائرے میں ہے۔ پارٹی کی حکمت عملی واضح ہے اور احتجاج کا لائحہ عمل پارلیمنٹیرینز تک محدود تھا، جس کے تحت عمران خان کی ہدایت پر ارکانِ پارلیمنٹ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پرامن دھرنا دے رہے ہیں۔

    سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو اس کی ذمہ داری خود حکومت پر ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کوئی ہجوم نہیں بلکہ منظم سیاسی جماعت ہے اور احتجاج یا آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ صرف عمران خان کے نامزد کردہ قائدین کریں گے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ جب آفیشل کال دی جائے گی تو عوامی ردعمل ایسا ہوگا جسے کوئی طاقت روک نہیں سکے گی، تاہم فی الحال معاملہ صرف عمران خان کی صحت سے متعلق ہے اور اس پر سیاست نہیں کی جا رہی۔

  19. پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ’سمارٹ کنٹرول آف دی سٹریٹ آف ہرمز‘ مشقوں کا آغاز کر دیا

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں 'سمارٹ کنٹرول آف دی سٹریٹ آف ہرمز' کے عنوان سے مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق اس مشق کا مقصد بحری یونٹس کی عملی تیاری کا جائزہ لینا اور ممکنہ فوجی خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو پرکھنا ہے۔

    ایرنا نیوز ایجنسی نے پاسدارانِ انقلاب کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ یہ مشق 'سمارٹ کنٹرول آف دی سٹریٹ آف ہرمز' کے نام سے کی جا رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس مشق کے مقاصد میں درج ذیل عوام شامل ہیں:

    بحری یونٹس کی تیاری کا معائنہ

    سلامتی کے منصوبوں اور فوجی جوابی کارروائی کے منظرناموں کا جائزہ

    آبنائے ہرمز میں ممکنہ خطرات کے مقابلے کی حکمتِ عملی

    خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے جغرافیائی فوائد سے استفادہ کرنا

    یاد رہے کہ اس سے قبل اطلاع دی گئی تھی کہ پاسدارانِ انقلاب 12 فروری کو آبنائے ہرمز میں مشق کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ردِعمل کے بعد کہا گیا کہ کوئی مشق طے نہیں کی گئی۔ اس موقع پر سینٹ کام نے اپنے بیان میں زور دیا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب کسی بھی فوجی مشق کو محفوظ اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ بین الاقوامی بحری جہاز رانی متاثر نہ ہو۔

    یہ مشق ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان نئے مذاکرات کا دور شروع ہونے والا ہے اور امریکی بحریہ کا جدید ترین طیارہ بردار جہاز 'جرالڈ آر فورڈ' مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ ہے تاکہ 'ابراہم لنکن' اور اس کے ٹاسک فورس میں شامل ہو سکے۔

  20. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکہ کو کسی بھی جوہری معاہدے کے تحت ایران سے یہ مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ اپنے تمام افزودہ یورینیم کو ختم کرنا ہو گا اور اسے آئندہ مزید افزودگی سے روکا جائے۔
    • ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ وہ جوہری ماہرین کے ہمراہ پیر کے روز بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل ماریانو گروسی سے تفصیلی گفتگو کریں گے۔
    • ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں 'سمارٹ کنٹرول آف دی سٹریٹ آف ہرمز' کے عنوان سے مشقوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ دوسری جانب سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن عمان کے ساحل سے 150 میل کی دوری پرموجود ہے۔
    • افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ایران ’حق پر ہے اور اسے اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔‘
    • پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا اور 100 انڈیکس میں 6000 پوائنٹس تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔