آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عدالتی نظام میں بہتری لانی ہے تو آئینی عدالتوں کا قیام ضروری ہے: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں 50 فیصد کیس آئینی ہوتے ہیں

خلاصہ

  • سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے سنیچر کے روز لاہور کے جلسے کو تحریک انصاف کے لیے ’ ڈو اینڈ ڈائی‘ قرار دیا ہے۔
  • لبنانی فوج کا مشتبہ ڈیوائسز ناکارہ بنانے کا آپریشن جاری، دو روز میں ہلاکتوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔
  • سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو ایک مراسلے میں واضح کیا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد مخصوص نشستیں تبدیل نہیں کی جاسکتیں۔
  • سندھ میں توہین مذہب کے مقدمے میں نامزد ملزم ڈاکٹر شاہنواز کنبھار ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر شاہنواز کا موقف تھا کہ جس اکاؤنٹ سے توہین آمیز پوسٹ کی گئی وہ ان کے استعمال میں نہیں تھا۔

لائیو کوریج

  1. عمران خان کے سابق چیف سکیورٹی افسر کی بازیابی کا مقدمہ: عمر سلطان واپس آگئے ہیں، وکیل

    پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے سابق چیف سکیورٹی افسر کی بازیابی کے مقدمے کی سماعت کے دوران عمر سلطان کے وکیل نے اسلام ہائی کورٹ کو بتایا کہ ان کے مؤکل واپس گھر پہنچ گئے ہیں۔

    بدھ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل فیاض کندوال کا کہنا تھا کہ عمر سلطان کو عدالت میں بھی پیش کرتے لیکن انکی طبیعت ناساز ہے۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے استفسار کیا کہ شہری واپس آگیا ہے اب آپ کیا چاہتے ہیں؟

    درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ معاملے کی ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، ہم چاہتے ہیں اس کی آزادانہ تحقیقات ہوجائے۔

    عدالت نے آزادانہ تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے عمر سلطان کی بازیابی کا کیس نمٹا دیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل عمر سلطان کے وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے مؤکل کو 26 اگست کو اسلام آباد سے بنا وارنٹ گرفتار کیا گیا تھا۔

  2. ننکانہ صاحب انٹرچینج کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی، تین مبینہ شدت پسند ہلاک

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب کے نزدیک کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران تین مبینہ شدت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

    سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مبینہ شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے ایم-3 موٹر وے ننکانہ صاحب انٹرچینج کے قریب کارروائی کی تھی۔

    سی ٹی ڈی کا دعویٰ ہے کہ شدت پسندوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی۔ ’فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، جبکہ دو فرار ہو گئے۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں سے تین دستی بم، تین ڈیٹونیٹر، سیفٹی فیوز وائر، دو رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گرد لاہور پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے۔

  3. لبنان میں ’پیجرز‘ پھٹنے کے واقعات: ہمیں اب تک کیا معلوم ہے؟

    • لبنان میں حزب اللہ کے زیرِ استعمال پیجرز پھٹنے سے قریب تین ہزار لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ – جس پر امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں پابندی – کا کہنا ہے کہ اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
    • حزب اللہ کا کہنا ہے کہ پیجرز کے ایک ساتھ پھٹنے سے دو جنگجو اور ایک آٹھ سالہ لڑکی کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق آٹھ لوگ ہلاک جبکہ کم از کم 2750 زخمی ہوئے ہیں۔ لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
    • حزب اللہ نے اس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل ’شہریوں کے خلاف مجرمانہ جارحیت کا ذمہ دار ہے۔‘ اس نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
    • لبنان کے حکام نے بھی اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے وزیر اطلاعات زیاد مکاری نے پیجر دھماکوں کو ’اسرائیلی جارحیت‘ سے تشبیہ دی ہے۔
    • اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ’ملک کی اندرونی کمانڈ کی دفاعی ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں۔‘ اسرائیلی فوج نے شہریوں کو الرٹ رہنے کا کہا ہے۔
    • لبنان کے پڑوسی ملک شام میں بھی پیجرز کے پھٹنے سے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں قائم مانیٹرنگ گروپ سریئن ابزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ دمشق میں 14 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
  4. پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں خدشات ’واضح اور مستقل‘ ہیں: امریکہ

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں امریکہ کے خدشات کئی سالوں سے ’واضح اور مستقل ہیں۔‘

    منگل کے روز واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران جب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے آلات اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے الزام میں ایک چینی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور کئی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کیے جانے کے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ مہلک ہتھیاروں کے پھیلاؤ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کرکے بین الاقوامی عدم پھیلاؤ کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘

    محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی مخالفت امریکی پالیسی کا حصہ رہی ہے۔

    میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنی قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پابندیوں اور دیگر ٹولز کا استعمال جاری رکھے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کا طویل المدت سے شراکت دار رہا ہے تاہم اب بھی کچھ معاملات میں دونوں ممالک کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔ ’جہاں ہمارے درمیان اختلاف ہوگا، تو ہم اپنی قومی سکیورٹی کی خاظر ان اختلافات پر عمل کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔‘

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے آلات اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے الزام میں امریکہ نے ایک چینی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور کئی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی تھی۔

    محمکہ خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ پابندیاں آرمز ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ (اے ای سی اے) اور ایکسپورٹ کنٹرول ریفارم ایکٹ (ای سی آر اے) کے تحت چین کے تین اداروں، ایک چینی شخصیت اور ایک پاکستانی ادارے پر بیلسٹک میزائل کے پھیلاؤ کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے عائد کی جا رہی ہیں۔

    تاہم پاکستان نے اس امریکی اقدام کو ’سیاسی‘ اور ’جانبدار‘ قرار دیا ہے۔

  5. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • لبنان میں حزب اللہ کے زیرِ استعمال پیجرز پھٹنے سے قریب تین ہزار لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ – جس پر امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں پابندی – کا کہنا ہے کہ اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ حزب اللہ نے اس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل ’شہریوں کے خلاف مجرمانہ جارحیت کا ذمہ دار ہے۔‘ اس نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
    • پاکستان میں حکومتی جماعتوں کی جانب سے بظاہر 26ویں آئینی ترمیم کے لیے پارلیمانی اکثریت کے حصول میں ناکامی کے بعد آئینی ترامیم کی منظوری کا معاملہ موخر کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے لیے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
    • انڈیا کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بنگلہ دیش کی سیاست میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ملک کا ’اندرونی معاملہ‘ ہے لیکن انڈیا بنگلہ دیش کے ساتھ مستحکم تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔‘
  6. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔